صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدرجمہوریہ کا جبوٹی میں شاندار خیر مقدم
صدر جبوٹی کے ساتھ جناب رام ناتھ کووند کی گفتگو ۔ ہنداور جبوٹی کے درمیان معاہدے پر دستخط
Posted On:
04 OCT 2017 11:10AM by PIB Delhi
نئی دہلی،05۔اکتوبر ۔صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند کا افریقی ملک جبوٹی پہنچنے پر جبوٹی کے قصر صدارت میں شاندار خیر مقدم کیا گیا ۔ اس موقع پر صدرجمہوریہ ہند نے اپنے اعزاز میں پیش کئے گئے گارڈ آف آنرز کا جمہوریہ جبوٹی کے صدر جناب اسماعیل عمر گلہے کےساتھ معائنہ بھی کیا۔ اس کے ساتھ ہی جناب رام ناتھ کووندنے اپنے جبوٹی کے ہم منصب کے ساتھ وفد کی سطح کے مذاکرات میں ہندوستانی وفد کی قیادت بھی کی ۔ اس موقع پرہند اور جبوٹی کےدرمیان باقاعدہ سیاسی مشاورت کا نظام قائم کئے جانے کے ایک معاہدے پر بھی دونوں ملکوں کے صدور نے دستخط کئے ۔
یادرہے کہ صدرجمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند جبوٹی کے سرکاری دورے پر آنے والے پہلے ہندوستانی صدر ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے جبوٹی کے اپنے ہم منصب سے گفتگو کے دوران دہشت گردی ، قابل تجدید توانائی ، مشترکہ دلچسپی اور خطرات کے خصوصی حوالے سے مذاکرات کئے اور خاص طور سے انٹر نیشنل سولر الائنس کی رکنیت کے لئے جبوٹی کی حمایت بحر ہند کے خطے میں بحری تعاون اور جبوٹی کے جوانوں کے لئے روزگار اور ملازمتوں کے مواقع کی فراہمی میں فروغ کے لئے ہندوستان کی جانب سے اہلیت سازی اور تکنیکی امداد جیسے موضوعات پر بھی گفتگو کی گئی ۔
اس ملاقات کے دوران صدر محترم جناب رام ناتھ کووند نے 2015 میں شورش زدہ یمن سے ہندوستانی شہریوں کے انخلأ کے لئے ہندوستان کے ذریعہ شروع کئے گئے آپریشن راحت میں جبوٹی کی حمایت کے لئے صدر مملکت جبوٹی کا شکریہ ادا کیا ۔
جناب رام ناتھ کووند نے جمہوریہ جبوٹی کے صدر کی جانب سے دئے جانے والے اعزازی ظہرانے میں بھی شرکت کی ۔ بعد ازاں اپنے دو ملکوں کے دوسرے مرحلے میں صدر محترم ایتھوپیا کی راجدھانی ادیس ابابا کے لئے روانہ ہوگئے ۔
ادیس ابابا پہنچے پر وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے صدر ڈاکٹر ملاٹو ٹشومے نے خاص طور سے بول انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر جناب رام ناتھ کووند کا خیر مقدم کیا ۔اس موقع پر جناب رام ناتھ کووند کے اعزاز میں ایک گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا اور انہوں نے ایتھوپیا کی ثقافتی موسیقی کی ایک تقریب میں بھی شرکت کی ۔جناب کووند گزشتہ 45 برسوں کے دوران پہلے ہندوستانی صدر ہیں جو ایتھوپیا آئے ہیں ۔سابق صدر جمہوریہ جناب وی وی گری 1972 میں ایتھوپیا آئے تھے اور اس سے پہلے 1965 میں سابق صدر جمہوریہ جناب ایس رادھا کرشنن نے ایتھوپیا کا دورہ کیا تھا ۔
م ن ۔س ش۔ رم
U-4964
(Release ID: 1504901)