سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
’’ اشاروں کی بھارتی زبان روزمرہ کی شہری زندگی کا حصہ بننی چاہیے‘‘: ڈی ای پی ڈبلیو ڈی نے سماعت سے محروم افراد کے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے آئی ایس ایل کے وسیع تر استعمال پر زور دیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 SEP 2026 8:00PM by PIB Delhi
معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمہ (ڈی ای پی ڈبلیو ڈی) کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ منمیت کور نندا نے آج کہا کہ اشاروں کی بھارتی زبان( آئی ایس ایل) کو روزمرہ کی شہری زندگی کی زبان کے طور پر فروغ دینے اور اس کے وسیع پیمانے پر استعمال کی ضرورت ہے، تاکہ سماعت سے محروم افراد معاشرے میں مکمل طور پر شامل ہوسکیں اور وقار کے ساتھ اپنے حقوق استعمال کر سکیں۔ محترمہ منمیت کور نندا نے نئی دہلی کے کیدارناتھ ساہنی آڈیٹوریم میں ’’سماعت سےمحروم افراد کے انسانی حقوق کا اعلان‘‘ کے موضوع پر منائے گئے اشاروں کی بھارتی زبان کے دن 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس تقریب کا انعقاد حکومت ہند کے سماجی انصاف و بااختیار بنانے کی وزارت کے تحت معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمہ کے ایک خود مختار ادارے انڈین سائن لینگویج ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر( آئی ایس ایل آر ٹی سی) نے کیا تھا۔ انہوں نے ملک بھر کے شہریوں سے اشاروں کی بھارتی زبان کو فروغ دینے اور اس کے استعمال کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اشاروں کی بھارتی زبان کو معاشرے میں زیادہ نمایاں اور وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والی زبان بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محترمہ منمیت کور نندا نے کہا کہ آئی ایس ایل سے زیادہ واقفیت اور اس کے زیادہ استعمال سے روزمرہ کی زندگی میں سماعت سے محروم افراد کے لیے رابطے، شرکت اور شمولیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ان کے پیغام میں آئی ایس ایل کے وسیع تر استعمال کو ایسا ماحول تشکیل دینے کے لیے مرکزی حیثیت دی گئی ہے، جہاں سماعت سے محروم افراد شہری مواصلاتی رکاوٹوں کے بغیر تعلیم، مواقع اور عوامی زندگی تک رسائی حاصل کر سکیں۔
اس تقریب میں حکومتی نمائندوں، سماعت سے محروم افراد کی تنظیموں، ماہرین تعلیم، پیشہ ور افراد اور دیگر متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اشاروں کی بھارتی زبان کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، جو رابطے کا ایک لازمی ذریعہ اور انسانی حقوق کے حصول کی جانب ایک اہم وسیلہ ہے۔ تقریب میں آئی ایس ایل آر ٹی سی کی جانب سے اشاروں کی بھارتی زبان کی تعلیم، تدریس، تحقیق اور اس تک رسائی کو مضبوط بنانے کے لیے تیار کیے گئے متعدد نئے اقدامات اور وسائل بھی پیش کیے گئے۔
معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمہ کے جوائنٹ سکریٹری جناب راجیو شرما نے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اشاروں کی بھارتی زبان کے ترجمانوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو اجاگر کیا۔ انہوں نے شرکاء اور متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ آئی ایس ایل آر ٹی سی کی جانب سے تیار کیے گئے اشاروں کی بھارتی زبان کے وسائل کا سرگرم طور پر استعمال اور زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں۔ انہوں نے اشاروں کی بھارتی زبان کے معیاری وسائل کے تعلق سے بیداری بڑھانے اور ان تک رسائی کو وسیع کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس ایل آر ٹی سی کے ڈائریکٹر جناب کمار راجو نے استقبالیہ خطاب کیا اور سال کے دوران مرکز کی جانب سے انجام دی گئی اہم کامیابیوں اور اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے معزز مہمانوں اور تقریب میں شریک افراد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر آئی ایس ایل آر ٹی سی کے شعبہ (تعلیمی، پروگرام اور خدمات) کے سربراہ جناب ہریش سونی نے سکشَم کے قومی تنظیمی سکریٹری جناب چندر شیکھر کا تقریب میں خیرمقدم کیا۔
سماعت سے محروم افراد کی قومی ایسوسی ایشن کے سکریٹری جناب ساجو اسٹیفن نے ’’وندے ماترم‘‘ کو اشاروں کی بھارتی زبان میں پیش کیے جانے کو سراہا اور اسے سماعت سے محروم برادری کے لیے قومی گیت کو قابل رسائی بنانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ آل انڈیا فیڈریشن آف دی ڈیف کے جنرل سکریٹری جناب روشن کمار نے اشاروں کی بھارتی زبان اور سماعت سے محروم افراد کے حقوق کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا اور بتایا کہ ورلڈ فیڈریشن آف دی ڈیف کا 141 ممالک کی تنظیموں کے ساتھ رابطہ ہے۔ آل انڈیا فاؤنڈیشن آف ڈیف ویمن کی صدر محترمہ اوما کپور نے آئی ایس ایل آر ٹی سی پر زور دیا کہ وہ اشاروں کی بھارتی زبان کے شعبے میں اپنے کام کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں۔
تقریب کی خاص بات اشاروں کی بھارتی زبان پر مبنی تعلیمی، تحقیقی اور معلوماتی وسائل کے وسیع ترسلسلے کا اجرا ءتھا۔ جرنل آف انڈین سائن لینگویج کے پہلے شمارے کی بھی رونمائی کی گئی، جس میں سماعت سے محروم افراد کی تعلیم اور اشاروں کی بھارتی زبان سے متعلق پانچ تحقیقی مضامین شامل ہیں۔ اس کا مقصد اس شعبے میں تحقیق اور معلومات کے فروغ کو تقویت دینا ہے۔ ’’وندے ماترم‘‘ کو اشاروں کی بھارتی زبان میں بھی پیش کیا گیا، جس سے قومی گیت سماعت سے محروم افراد کے لیے قابل رسائی ہوگیا ہے۔
ابتدائی تعلیم کو مضبوط بنانے کے لیے بال واٹیکا کے لیے ’’سنکیت واٹیکا‘‘ اشاروں کی بھارتی زبان کی بصری کتابیں جاری کی گئیں۔ اس کے ساتھ 3 سے 6 سال کی عمر کے سماعت سے محروم بچوں میں اشاروں کی بھارتی زبان کے فروغ کے مقصد سے کتابیں اور ڈیجیٹل وسائل بھی جاری کیے گئے۔ اشاروں کی بھارتی زبان کے ترجمانی میں ڈپلومہ ( ڈی آئی ایس ایل آئی) اور اشاروں کی بھارتی زبان کی تدریس میں ڈپلومہ( ڈی ٹی آئی ایس ایل) کورسز کے لیے اضافی تدریسی و تعلیمی مواد بھی جاری کیا گیا۔
نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ ( این سی ای آر ٹی) کے تعاون سے اشاروں کی بھارتی زبان میں نصاب پر مبنی یونیورسل ڈیزائن فار لرننگ (یو ڈی ایل) ویڈیوز جاری کی گئیں۔ ان میں جماعت اول سے ششم تک کی 14 درسی کتابوں کے نصابی مواد کے ساتھ100ذاتی نوعیت کی موافق تعلیمی (پی اے ایل) ویڈیوز شامل ہیں۔ سماعت سے محروم طلبہ کی تعلیمی ترقی میں معاونت کے لیے نویںجماعت سے بارہویں جماعت تک اشاروں کی بھارتی زبان میں تصور پر مبنی تعلیمی ویڈیوز بھی متعارف کرائی گئیں۔
کلاس روم سے باہر بھی قابل رسائی معلومات کی فراہمی کو وسعت دیتے ہوئے نیشنل بک ٹرسٹ (این بی ٹی) کی 300 کتابیں، جن میں کہانیاں، سوانح عمری اور تاریخی واقعات پر مبنی کتابیں شامل ہیں، سماعت سے محروم طلبہ اور قارئین کے لیے اشاروں کی بھارتی زبان میں قابل رسائی بنائی گئیں۔ اشاروں کی بھارتی زبان کی لغت کو مزید 11 زبانوں تک وسعت دی گئی، جس کے ذریعے اسے تمام 22 درج فہرست زبانوں میں دستیاب کرانے کے مقصد کو آگے بڑھایا گیا۔ آئی ایس ایل آر ٹی سی نے پی ایم ای-وِدیا کے چینل نمبر 31 پر براہ راست انکوڈر کے ذریعے لائیو اسٹریمنگ کی سہولت بھی شروع کی، جس سے اشاروں کی بھارتی زبان پر مبنی تعلیمی مواد تک رسائی مزید وسیع ہوگئی۔
مجموعی طور پر ان اقدامات کا مقصد ابتدائی برسوں سے لے کر اسکولی تعلیم تک اشاروں کی بھارتی زبان کی تعلیم اور قابل رسائی تعلیمی مواقع کا ایک جامع سلسلہ قائم کرنا ہے، ساتھ ہی سماعت سے محروم بچوں اور طلبہ کی تعلیمی پیش رفت اور تعلیمی سرگرمیوں میں ان کی شرکت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
تقریب میں ملک بھر کے سماعت سے محروم افراد کے اسکولوں اور تربیتی اداروں کی نمائندگی کرنے والے اشاروں کی بھارتی زبان کے 9 ویں مقابلے کے 15 فاتحین کو اعزاز سے نواز کر ان کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کا اعتراف بھی کیا گیا۔ فاتحین کو کہانی سنانے، مضمون نویسی اور لطیفہ سنانے سمیت مختلف زمروں میں نمایاں کارکردگی پر ٹرافیاں اور اسناد پیش کی گئیں۔
پروگرام میں ثقافتی پیشکشوں کے ذریعے سماعت سے محروم افراد کے روزمرہ کے تجربات اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ سماعت سے محروم افراد کو روزمرہ کی زندگی میں درپیش مشکلات کی عکاسی کرنے والے خاموش تمثیلی مظاہرے کو ناظرین نے خاص طور پر سراہا، جس کے بعد رقص پیش کیا گیا۔
اس طرح اشاروں کی بھارتی زبان کے دن 2026 کی تقریب نے ایک زیادہ جامع سماج کے مشترکہ وژن کے تحت زبان، تعلیم، ٹیکنالوجی، تحقیق، ثقافت اور انسانی حقوق کو ایک ساتھ جوڑا۔ تعلیمی وسائل، ڈیجیٹل مواد، تحقیقی اقدامات اور لسانی وسائل کے اپنے وسیع ہوتے دائرہ کار کے ذریعے آئی ایس ایل آر ٹی سی اشاروں کی بھارتی زبان کو سماعت سے محروم افراد کے لیے رابطے، تعلیم، شرکت اور مساوی مواقع کا ذریعہ بنانے کے لیے اسے مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
تقریب میں معذور افراد کو بااختیار بنانے کے محکمہ کی ایڈیشنل سکریٹری محترمہ منمیت کور نندا، جوائنٹ سکریٹری جناب راجیو شرما، شماریاتی مشیر محترمہ رچا شنکر، آئی ایس ایل آر ٹی سی کے ڈائریکٹر جناب کمار راجو، آئی ایس ایل آر ٹی سی کے شعبہ تعلیمی، پروگرام اور خدمات کے سربراہ جناب ہریش سونی، نیشنل ایسوسی ایشن آف دی ڈیف کے سکریٹری جناب ساجو اسٹیفن، آل انڈیا فیڈریشن آف دی ڈیف کے جنرل سکریٹری جناب روشن کمار، آل انڈیا فاؤنڈیشن آف ڈیف ویمن کی صدر محترمہ اوما کپور، سکشم کے قومی تنظیمی سکریٹری جناب چندر شیکھر اور بہرے افراد کے اسکولوں، تربیتی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
*****
ش ح۔ ض ر ۔ش ت
U.No.4221
(ریلیز آئی ڈی: 2316071)
وزیٹر کاؤنٹر : 10