سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت، قومی شاہراہوں اور ٹول پلازوں کی صفائی پر توجہ دینےکے ساتھ خصوصی مہم 6.0 چلائے گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 SEP 2026 1:18PM by PIB Delhi
سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت (ایم او آر ٹی ایچ) 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک خصوصی مہم 6.0 چلائے گی، جس میں قومی شاہراہوں اور ٹول پلازوں کی صفائی اور بہتر دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس مہم میں زیر التوا معاملات کو کم کرنے، ریکارڈ کے بہتر انتظام، ای-کچرے کو ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگانے اور وزارت کے انتظامی کنٹرول کے تحت آنے والے اداروں میں دفتری جگہ کے زیادہ سے زیادہ موثر استعمال کو یقینی بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
یہ مہم دو مرحلوں میں نافذ کی جا رہی ہے۔ تیاری کا مرحلہ 15 سے 30 ستمبر 2026 تک جاری ہے، جس کے دوران صفائی مہم، غیرمستعمل اشیا کو ٹھکانے لگانے اور دیگر سرگرمیوں کے لیے اہداف مقرر کرنے اور ضروری تیاریوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کے بعد 2 اکتوبر 2026 سے مرکزی مہم شروع ہوگی۔
خصوصی مہم 6.0 کے تحت قومی شاہراہوں، خاص طور پر شہری علاقوں میں، کچرے کی صفائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ٹول پلازوں اور قومی شاہراہوں کے ساتھ دیگر مقامات پر بیت الخلا کے بلاکس کی مرمت و تزئین، بیت الخلا کی صفائی اور دیکھ بھال اور مجموعی طور پر ٹول پلازوں کی حالت بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
مہم کے تحت ٹول پلازوں کی صفائی، رنگ و روغن، روشنی کے بہتر انتظام اور شمسی توانائی سے لیس کرنے، سڑکوں پر اشاروں اور علامات کی تنصیب و بہتری، سڑکوں پر بنے نشانات کو زیادہ نمایاں بنانے اور قومی شاہراہوں کو گڑھوں سے پاک کرنے سمیت دیگر اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
مہم کے تحت وزارت نے قومی شاہراہ کے 50 کلومیٹر طویل حصے کی نشاندہی کی ہے، جس میں ایک ٹول پلازا بھی شامل ہے، جہاں خصوصی طور پر بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزارت کے صدر دفتر کے افسران کو ان منتخب حصوں کا معائنہ کرنے اور صفائی و بہتری کے اقدامات کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ نامزد افسران اپنے تفویض کردہ حصوں کا دورہ کریں گے، خامیوں کی نشاندہی کرکے ان کی جغرافیائی نشاندہی (جیو ٹیگنگ) کریں گے اور ان کی اصلاح کے کاموں کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کریں گے۔ وہ نشاندہی کی گئی خامیوں کو بروقت دور کرنے کے ساتھ ساتھ مہم کے دوران قومی شاہراہ کی صفائی، حفاظت اور مجموعی دیکھ بھال میں بہتری کو بھی یقینی بنائیں گے۔
وزارت نے صدر دفتر سمیت تمام مہم سے متعلق دفاتر، علاقائی دفاتر، پروگرام نفاذی یونٹس، پروگرام ڈائریکٹروں اور دیگر علاقائی دفاتر کو خصوصی مہم 6.0 پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مربوط کوششیں کرنے اور اس کے واضح اور دیرپا نتائج یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
وزارت کے انتظامی کنٹرول کے تحت آنے والے اداروں کے لیے نوڈل افسران نامزد کیے گئے ہیں، جو اپنے متعلقہ اداروں میں مہم کے نفاذ میں تال میل قائم کرنے اور اس کی نگرانی کے ساتھ ساتھ وزارت کو باقاعدگی سے پیش رفت کی رپورٹ پیش کریں گے۔ جوائنٹ سکریٹری (کوآرڈینیشن) کو وزارت اور اس کے اداروں میں خصوصی مہم 6.0 کے مجموعی تال میل کے لیے نوڈل افسر نامزد کیا گیا ہے۔
خصوصی مہم 6.0 کی پیش رفت کا جوائنٹ سکریٹری (کوآرڈینیشن) مہم سے متعلق دفاتر کے نوڈل افسران کے ساتھ باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت کے سکریٹری بھی ہفتہ وار سینئر افسران کی میٹنگ کے دوران تیاری کے مرحلے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
خصوصی مہم 6.0 کے ذریعے وزارت کا مقصد صاف ستھری، محفوظ اور بہتر طور پر دیکھ بھال کی جانے والی قومی شاہراہوں اور ٹول پلازوں کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزارت کے ماتحت اداروں میں کارکردگی، ریکارڈ کے انتظام اور کام کی جگہ سے متعلق طریقہ کار کو بھی مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
********
ش ح۔ ع ح ۔ ج
uno- 4285
(ریلیز آئی ڈی: 2316451)
وزیٹر کاؤنٹر : 16