قبائیلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قبائلی امور کی وزارت اور آئی جی این سی اے کے درمیان قبائلی ثقافتی ورثے کے تحفظ، دستاویزی ریکارڈ اور فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط


شراکت داری کے ذریعہ  ہندوستان کی قبائلی ثقافتی روایات کے دستاویزی ریکارڈ، تحقیق، تحفظ اور تشہیر کو مضبوط بنایا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 SEP 2026 1:03PM by PIB Delhi

قبائلی امور کی وزارت (ایم او ٹی اے) اور ثقافت کی وزارت، حکومت ہند کے تحت ایک خود مختار ٹرسٹ، اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) نے 28 ستمبر 2026 کو  ہندوستان  کے متنوع قبائلی ثقافتی ورثے کے تحفظ، دستاویزی ریکارڈ، ڈجیٹلائزیشن، تحقیق اور فروغ کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔

مفاہمت کی یادداشت پر نئی دہلی میں قبائلی امور کی وزارت کی سکریٹری محترمہ رنجنا چوپڑا اور وزارت کے دیگر سینئر افسران  کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر آئی جی این سی اے کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر کے انل کمار اور آئی جی این سی اے کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اس شراکت داری کے ذریعہ وزارت کے قبائلی تحقیق کے نظام اور قبائلی تحقیقی اداروں (ٹی آر آئیز)کے نیٹ ورک کو آئی جی این سی اے کی تعلیمی، محفوظات، تحقیقی اور آرکائیو انتظامی مہارت کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔

مفاہمت کی یادداشت کا مقصد قبائلی امور کی وزارت اور آئی جی این سی اے کے درمیان  ہندوستان کے متنوع قبائلی مادی اور غیر مادی ثقافتی ورثے کے منظم تحفظ، دستاویزی ریکارڈ، ڈجیٹلائزیشن، تحقیق اور فروغ کے لیے باہمی تعاون کا ایک ادارہ جاتی فریم ورک قائم کرنا ہے۔ اس کے تحت دونوں اداروں کی مہارت اور وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قبائلی فنون، موسیقی، زبانوں، زبانی روایات، لوک داستانوں، دستکاری، روایتی طریقوں اور روایتی علم کو دستاویزی شکل دینے، محفوظ کرنے اور عام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شناخت اور فروغ کے لیے وسیع تر پلیٹ فارم بھی فراہم کیے جائیں گے۔

قبائلی امور کی وزارت کی سکریٹری محترمہ رنجنا چوپڑا نے ہندوستان کے مالا مال قبائلی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی اس پہل کو سراہا اور باہمی تعاون کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری قبائلی بااختیاری اور  ہندوستان کی متنوع قبائلی ثقافتی روایات کے وسیع تر فروغ اور اعتراف میں نمایاں تعاون کرے گی۔

اس موقع پر قبائلی امور کی وزارت کے ڈپٹی سکریٹری جناب گنیش ناگراجن نے کہا’’یہ مفاہمت کی یادداشت قبائلی امور کی وزارت اور آئی جی این سی اے کی صلاحیتوں کو یکجا کرکے  ہندوستان کے مالا مال اور متنوع قبائلی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک اہم ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتی ہے۔‘‘

 ہندوستان  کی قبائلی برادریوں میں فنون، موسیقی، موسیقی کے آلات، دستکاری، پکوان، زبانوں، زبانی روایات، لوک داستانوں، روایتی طریقوں اور روایتی ماحولیاتی علم کا بھرپور تنوع پایا جاتا ہے۔ اس ورثے کا بیشتر حصہ زندہ اور برادری پر مبنی ہے۔ یہ باہمی تعاون معدوم ہوتی قبائلی فنون، موسیقی، موسیقی کے آلات، قبائلی پکوان اور دیگر ثقافتی روایات کی منظم شناخت، دستاویزی ریکارڈ، ڈجیٹلائزیشن، اشاعت اور عام کرنے کے لیے ایک ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرے گا۔

یہ شراکت داری خطرے سے دوچار قبائلی زبانوں، زبانی روایات، مقامی فنون اور لوک داستانوں کی شناخت، تحفظ اور فروغ میں بھی معاونت کرے گی۔ تعاون کا ایک اور اہم شعبہ قبائلی فنون، نوادرات اور  ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں قبائلی برادریوں کی تاریخی خدمات کو اجاگر کرنے والی مخصوص گیلریوں اور ڈجیٹل عجائب گھروں کی ترقی ہوگا۔ تعلیمی اداروں اور دیگر مراکز تعلیم میں نوجوانوں کے کیمپوں کی بھی معاونت کی جائے گی، تاکہ قبائلی ثقافتی اقدار، پائیدار تحفظ کے طریقوں اور قبائلی روایتی طریقوں اور ثقافت کے تنوع کے بارے میں بیداری کو فروغ دیا جا سکے۔

آئی جی این سی اے کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر کے انل کمار نے کہا’’یہ قبائلی امور کی وزارت اور آئی جی این سی اے کے درمیان ہندوستان  کے مالا مال اور متنوع قبائلی مادی اور غیر مادی ثقافتی ورثے کے تحفظ، دستاویزی ریکارڈ اور فروغ کے لیے ایک اہم شراکت داری ہے۔ یہ شراکت داری ڈجیٹل محفوظات کے قیام اور جدید ترین باہمی تعامل پر مبنی قبائلی عجائب گھر کی گیلریوں کے ڈیزائن میں بھی معاونت کرے گی، جن میں ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں قبائلی برادریوں کی خدمات کو اجاگر کرنے والی خصوصی نمائشیں شامل ہوں گی۔‘‘

یہ تعاون نمائشوں، عجائب گھروں، اشاعتوں، ڈجیٹل پلیٹ فارموں، ثقافتی میلوں اور علم کے تبادلے سے متعلق اقدامات کے ذریعے قبائلی ثقافتی ورثے کو وسیع پیمانے پر عام کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر قبائلی اسکالرز، فن کاروں، دست کاروں، فن کا مظاہرہ کرنے والوں اور روایتی علم کے حامل افراد کو زیادہ نمایاں مقام فراہم کیا جائے گا۔

*****

 ش ح – ظ الف – خ م

UR No. 4289


(ریلیز آئی ڈی: 2316485) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Bengali , Tamil