وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے مہاراشٹر کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینے کے لیے لونار میں’ سوریہ کرن ایئر شو‘ منعقد کرنے کی درخواست کی


وزیر آیوش نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے 23 سے 25 نومبر کے دوران لونار، اجنتا اور ایلورا میں ایئر شو منعقد کرنے پر غور کرنے کی درخواست کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 OCT 2026 12:03PM by PIB Delhi

آیوش کی وزارت کے آزادانہ چارج کے مرکزی وزیر مملکت اور صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ سے درخواست کی ہے کہ 23 سے 25 نومبر 2026 کے دوران مہاراشٹر کے اہم سیاحتی مقامات، جن میں ضلع  بلڈھانہ میں واقع لونار کریٹر جھیل بھی شامل ہے، پر بھارتی فضائیہ کی سوریہ کرن ایروبیٹک ڈسپلے ٹیم کی فضائی کارکردگی کا شو منعقد کرنے پر غور کیا جائے۔

وزیر دفاع کو لکھے گئے  مکتوب  میں جناب جادھو نے سوریہ کرن ٹیم کی درستگی، مہارت اور باہمی تال میل کے ساتھ فضائی کرتب پیش کرنے کے لیے شہرت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیم کی کارکردگی ہندوستان کی ہوا بازی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں دلچسپی پیدا کرتی ہے اور نوجوانوں کو  ہندوستانی فضائیہ میں مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

جناب جادھو نے خاص طور پر لونار کریٹر جھیل کو نمایاں کیا، جو مہاراشٹر کےضلع  بلڈھانہ میں واقع ایک منفرد قدرتی تشکیل ہے اور اپنی مخصوص ارضیاتی اور ماحولیاتی خصوصیات کی وجہ سے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ یہ جھیل نمکین اور الکلائن پانی اور اپنی نمایاں گڑھے نما ساخت کے لیے جانی جاتی ہے۔

وزیر  موصوف نے اجنتا اور ایلورا کے غاروں کی جانب بھی توجہ دلائی، جو اپنی غیر معمولی ثقافتی اور تاریخی اہمیت کے لیے عالمی سطح پر معروف ہیں۔ دونوں مقامات یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں  بھی شامل ہیں۔

جناب جادھو نے وزارت دفاع سے درخواست کی ہے کہ 23، 24 یا 25 نومبر- 2026 میں سے کسی ایک دن لونار، اجنتا اور ایلورا میں سوریہ کرن ایروبیٹک ڈسپلے ٹیم کی فضائی کارکردگی اور اس سے متعلق ترغیبی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے ضروری منظوری فراہم کی جائے اور متعلقہ حکام کو مناسب ہدایات جاری کی جائیں۔

مجوزہ ایئر شو کا مقصد ان سیاحتی مقامات پر ایک منفرد عوامی کشش پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی ہوا بازی کی عمدگی کو اجاگر کرنا اور مہاراشٹر کی بھرپور قدرتی، ثقافتی اور ورثے سے متعلق سیاحتی صلاحیت کو نمایاں کرنا ہے۔

*****

ش ح – ظ الف –ش  ہ ب

UR No.4424


(ریلیز آئی ڈی: 2317523) وزیٹر کاؤنٹر : 15