صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قومی یوم رضاکارانہ خون عطیہ 2026 کے موقع پر باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے کی اپیل کا اعادہ

ڈاکٹر ایم سرینواس نے رضاکارانہ خون عطیے کو مضبوط بنانے اور خون کے مرکبات کے زیادہ سے زیادہ مؤثر استعمال کو فروغ دینے کے  واسطےمشترکہ کوششوں پر زور دیا

رضاکارانہ خون عطیے کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر اسٹیٹ بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل، غیر سرکاری تنظیموں اور مختلف اداروں کو اعزاز سے نوازا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 OCT 2026 2:15PM by PIB Delhi

قومی یوم رضاکارانہ خون عطیہ (این وی بی ڈی ڈی) 2026 آج نئی دہلی کے لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج (ایل ایچ ایم سی) کے سورن جینتی آڈیٹوریم میں منایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں خون اور خون کے مرکبات کی محفوظ، مناسب اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنانے کے واسطے باقاعدگی سے رضاکارانہ اور بلا معاوضہ خون عطیہ کرنے کے رجحان کو مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔

قومی سطح کی یہ تقریب حکومت ہند کی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کے بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز (بی ٹی ایس) ڈویژن نے لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج اور اس سے ملحقہ اسپتال، نئی دہلی کے اشتراک سے منعقد کی۔ قومی یوم رضاکارانہ خون عطیہ 2026 کا موضوع‘‘انسانیت کی ایک بوند، خون دیں، زندگیاں بچائیں’’ تھا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261001141550_ab1de5.jpg

نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر ایم سرینواس نے اس پروگرام کی صدارت کی اور قومی  یوم رضاکارانہ خون عطیہ کے موقع پر منعقد کیے گئے رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام میں ڈائریکٹر جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) ڈاکٹر لوینیش جی کرشنا، لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج اور اس سے منسلکہ اسپتالوں کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ہمانی اہلووالیا، محکمہ صحت کے سینئر افسران، بلڈ ٹرانسفیوژن کے طبی شعبے کے ماہرین، طبی پیشہ ور افراد، اسٹیٹ بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل، بلڈ بینکوں، رضاکار تنظیموں اور تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والے افراد نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ کے افتتاح کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد لیڈی ہارڈنگ میڈیکل کالج کے طلبہ نے نکڑ ناٹک اور ثقافتی پروگرام پیش کیے، جن کے ذریعے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کا پیغام عام کیا گیا اور زندگیاں بچانے میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ پروگرام میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کا عہد بھی کرایا گیا، معزز شخصیات نے پروگرام سے خطاب کیا اور رضاکارانہ خون عطیہ کو فروغ دینے میں نمایاں تعاون کے لیے ریاستوں، تنظیموں اور متعلقہ فریقوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ پروگرام کا اختتام قومی گیت اور اس کے بعد قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261001141555_b91226.jpg

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیتی آیوگ کے رکن (صحت) ڈاکٹر ایم سرینواس نے خون کی مناسب اور پائیدار فراہمی کو یقینی بنانے میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور رضاکارانہ خون عطیہ کے نظام کو مضبوط بنانے میں شہریوں اور متعلقہ فریقوں کی اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔

 

ڈاکٹر سرینواس نے اپنے خطاب کے آغاز میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کا حلف دلایا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف باقاعدگی سے خون عطیہ کریں بلکہ اپنے معاشرے میں بیداری پیدا کرنے اور رضاکارانہ خون عطیہ کرنے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی بھی کریں۔

ڈاکٹر سرینواس نے ملک اور انسانیت کے لیے خون عطیہ کرنے والی تنظیموں اور رضاکاروں کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں خون کے مجموعی عطیے کا تقریباً 75 فیصد رضاکارانہ عطیات کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے حکومت، طبی پیشہ ور افراد، غیر سرکاری تنظیموں، رضاکار تنظیموں اور نوجوانوں کی تنظیموں سے مل کر کوششیں کرنے کی اپیل کی، تاکہ رضاکارانہ خون عطیہ کے دائرے کو مزید وسیع کیا جا سکے اور خون کی طلب اور دستیابی کے درمیان فرق کو دور کیا جا سکے۔

انہوں نے خون اور اس کے مرکبات کے معقول اور زیادہ سے زیادہ مؤثر استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے خون عطیہ کرنے سے آگے بڑھ کر خون کی صحت سے متعلق بیداری کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا، جس میں بالخصوص خواتین اور کم سن لڑکیوں میں تغذیہ اور انیمیا جیسے متعلقہ مسائل شامل ہیں۔

ڈاکٹر سرینواس نے طبی اداروں، رضاکار تنظیموں اور برادری کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ان پیغامات کو نچلی سطح تک پہنچائیں اور خون، خون کے مرکبات اور رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی اہمیت کے بارے میں عوامی بیداری کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈائریکٹر جنرل آف ہیلتھ سروسز ڈاکٹر لوینیش جی کرشنا نے ملک بھر میں خون چڑھانے کی خدمات کو مضبوط بنانے میں مصروف رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں، اداروں اور تنظیموں کی خدمات کی ستائش کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261001141604_877265.jpg

انہوں نے خون چڑھانے کی خدمات کو مضبوط بنانے کے واسطےڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے کیے جانے والے مختلف اقدامات کو اجاگر کیا۔ ان اقدامات میں نیشنل بلڈ پالیسی کا نفاذ، معیار کی یقین دہانی اور معیار کے انتظام کے طریقۂ کار کو مضبوط بنانا، خون عطیہ کرنے والوں کے اندراج اور نگرانی کے لیے ای-رکت کوش پورٹل کا استعمال، قومی سطح پر تکنیکی رہنما اصول تیار کرنا اور اطلاعات، تعلیم و ابلاغ (آئی ای سی) سے متعلق اقدامات کا نفاذ شامل ہیں۔

ڈاکٹر لوینیش جی کرشنا نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ نظام اور بنیادی ڈھانچہ ناگزیر ہیں، لیکن خون کی مناسب دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ان کے ساتھ مسلسل رضاکارانہ شرکت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے باقاعدگی سے رضاکارانہ اور بلا معاوضہ خون عطیہ کرنے کے رجحان کو مضبوط بنانے کی اپیل کی، جس میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

خون عطیہ کرنے کے انسانی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر لوینیش جی کرشنا نے کہا کہ خون کی ہر یونٹ کے پیچھے ایک مریض، ہر مریض کے پیچھے ایک خاندان اور ہر خون عطیہ کرنے والے کے پیچھے انسانیت کا جذبہ کار فرماں ہوتا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں سے رضاکارانہ خون عطیہ کے نظام کو مضبوط بنانے اور اسے ذمہ دار شہری ہونے کے ایک لازمی حصے کے طور پر اپنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

ایل ایچ ایم سی کا محفوظ اور معیاری خون کی خدمات  فراہمی کے عزم کا اعادہ

ایل ایچ ایم سی اور اس سے منسلکہ اسپتالوں کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ہمانی اہلووالیا نے ادارے کی خدمت، تعلیم اور معاشرتی ذمہ داری کی بنیادی اقدار کے تئیں عزم کو اجاگر کیا اور محفوظ اور معیاری خون کی خدمات تک رسائی یقینی بنانے کے تئیں ایل ایچ ایم سی کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایل ایچ ایم سی تقریباً 700 رجسٹرڈ تھیلیسیمیا مریضوں کو مفت علاج اور بلڈ ٹرانسفیوژن سے متعلق معاونت فراہم کرتا ہے، جس کے باعث یہ ملک کے سرکاری اسپتالوں میں اس نوعیت کی سب سے بڑی خدمات میں سے ایک ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image004_20261001141615_88fd36.jpg

ڈاکٹر ہمانی اہلووالیا نے رضاکارانہ خون عطیہ کو فروغ دینے کے واسطے ایل ایچ ایم سی کی جانب سے کیے جانے والے مختلف اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ ان میں باقاعدگی سے رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ، بیداری مہمات، نکڑ ناٹک اور برادری تک رسائی سے متعلق دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔

سال2025 کے دوران خون جمع کرنے میں نمایا کارکردگی کے لیے ریاستوں کو اعزاز

قومی تقریب کے دوران اسٹیٹ بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل کو 2025 کے دوران خون جمع کرنے میں اپنی بہتر کارکردگی اور رضاکارانہ خون عطیہ کے رجحان کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔

اس ضمن  میں شمال مشرقی ریاستوں میں میزورم نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سکم کو دوسرا مقام حاصل ہوا۔

مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں چنڈی گڑھ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ دہلی کو دوسری پوزیشن ملی۔

دیگر ریاستوں میں ہریانہ نے پہلی، اتراکھنڈ نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image005_20261001141623_72c354.jpg

اس اعزاز کے ذریعے اسٹیٹ بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل کی جانب سے خون عطیہ کرنے والوں کو راغب کرنے، رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کرنے اور رضاکارانہ خون عطیہ کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کی جانے والی کوششوں کا اعتراف کیا گیا۔

رضاکارانہ خون عطیہ کو فروغ دینے اور خون چڑھانے کی خدمات کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر اداروں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ ان میں تھیلیسیمکس انڈیا، اکھل بھارتیہ تیرہ پنتھ یوک پریشد (اے بی ٹی وائی پی)، آل انڈیا ریڈیو اور انڈین ریڈ کراس سوسائٹی سمیت دیگر ادارے شامل تھے۔

ملک گیررضاکارانہ خون عطیہ مہم

یہ قومی تقریب ملک گیررضاکارانہ خون عطیہ مہم کا حصہ ہے، جو ملک بھر میں 17 ستمبر سے 2 اکتوبر 2026 تک چلائی جا رہی ہے۔

اس مہم کا مقصد باقاعدگی سے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کو فروغ دینا، رضاکارانہ خون عطیہ کرنے والوں کے دائرے کو وسیع کرنا اور شہریوں، اداروں اور برادریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانا ہے۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے محکمۂ صحت، اسٹیٹ بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل، بلڈ سینٹر، طبی اور تعلیمی ادارے، سرکاری محکمے، رضاکار تنظیمیں اور برادری کی تنظیمیں اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image006_20261001141629_dceea2.jpg

اس مہم میں نوجوانوں کی شرکت، نچلی سطح تک رسائی، بیداری پیدا کرنے اور جن بھاگیداری پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔ خون عطیہ کرنے والوں کے اندراج اور خون جمع کرنے کی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ای-رکت کوش پورٹل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مائی گو سمیت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کا عہد بھی عام کیا جا رہا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image007_20261001141636_bafb7d.jpg

رضاکارانہ خون عطیہ: صحتِ عامہ کی اہم ذمہ داری

 

قومی یوم رضاکارانہ خون عطیہ ہر سال یکم اکتوبر کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصدعوام الناس میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور صحت مند و اہل افراد کو باقاعدگی سے خون عطیہ کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

سرجری، حادثات کے متاثرین کے علاج، شدید انیمیا، کینسر اور خون سے متعلق بیماریوں کے علاج، زچگی کی نگہداشت اور دیگر جان بچانے والے طبی اقدامات سمیت متعدد طبی ضروریات کے لیے خون اور خون کے مرکبات درکار ہوتے ہیں۔ چونکہ خون تیار نہیں کیا جا سکتا ہے، اس لیے اس کی دستیابی اہل عطیہ کنندگان کی رضاکارانہ شرکت پر منحصر ہے۔

اسی لیے  باقاعدگی سے رضاکارانہ خون عطیہ کرنا ضرورت مند مریضوں کے لیے بروقت خون اور خون کے مرکبات کی دستیابی یقینی بنانے میں ایک اہم تعاون شمار ہوتا ہے۔

قومی یوم رضاکارانہ خون عطیہ 2026 کا موضوع ‘‘انسانیت کی ایک بوند، خون دیں، زندگیاں بچائیں’’ رضاکارانہ خون عطیہ کے جذبۂ انسانیت کو اجاگر کرتا ہے اور اہل شہریوں، بالخصوص نوجوانوں، سے اس زندگی بچانے والے مقصد میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image008_20261001141642_fefe65.jpg

تقریب کے اختتام پر شہریوں، طبی اداروں، تعلیمی اداروں، سرکاری محکموں، رضاکار تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پورے سال باقاعدگی سے رضاکارانہ اور بلا معاوضہ خون عطیہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

ملک گیر رضاکارانہ خون عطیہ مہم2 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے تحت شرکت کنندہ ریاستیں، مرکز کے زیر انتظام علاقے، بلڈ سینٹر اور مختلف تنظیمیں خون عطیہ مہمات، عطیہ کنندگان کو متحرک کرنے اور بیداری پیدا کرنے سے متعلق سرگرمیاں انجام دیں گی، تاکہ ملک بھر میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے رجحان کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔

*****

 

 

ش ح۔م ش ع۔ اش ق

U. No-4433

 


(ریلیز آئی ڈی: 2317643) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Bengali , Tamil