مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
محکمہ ڈاک نے صفائی ستھرائی ، کارکردگی اور صارف پر مرکوز خدمات پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے خصوصی مہم 6 کو آخری میل تک پہنچارہی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 OCT 2026 3:51PM by PIB Delhi
محکمہ ڈاک نے خصوصی مہم 6 کے عملی مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، جو 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک ملک بھر میں محکمہ ڈاک کے وسیع نیٹ ورک کے تحت چلائی جائے گی۔ اس مہم کا مقصد صفائی ستھرائی کے عمل کو مزید مستحکم کرنا، ریکارڈ کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانا، زیر التوا معاملات میں کمی لانا اور ماحول دوست طریقے سے کچرے کا بندوبست کرنا ہے۔ اس کے تحت ای-کچرے کے سائنسی انتظام اور محکمہ کے وسائل کے پائیدار استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
خصوصی مہم 5 کے دوران محکمہ ڈاک نے 1.30 لاکھ مہم مقامات کا احاطہ کیا، عوامی شکایات کے 1,00,000 معاملات نمٹائے، 17,352 فائلوں اور ای-فائلوں کا جائزہ لے کر غیر ضروری ریکارڈ کو تلف کیا، 23,287 مربع فٹ دفتری جگہ خالی کرائی اور اسکریپ و ناکارہ مواد کی تلفی سے 1.02 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی۔
ان کامیابیوں کی بنیاد پر خصوصی مہم 6 کا مقصد ان اقدامات کو مزید مستحکم کرنا اور محکمہ ڈاک کے تمام شعبوں کے روزمرہ کام کاج میں انہیں مستقل طور پر شامل کرنا ہے۔
خصوصی مہم 6 کے اہم توجہ کے شعبے
خصوصی مہم 6 کے تحت محکمہ ڈاک نے درج ذیل اہداف مقرر کیے ہیں:
-
عوامی شکایات اور اپیلوں کے زیر التوا معاملات کا ازالہ – خصوصی مہم 6 کے دوران 1,50,000 شکایات اور 1,500 اپیلوں کے ازالے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
-
ملک بھر میں 1,35,000 مقامات پر صفائی ستھرائی مہم چلانا۔
ان اہداف کا مقصد محکمہ ڈاک میں کارکردگی، صفائی ستھرائی اور جواب دہی کو بہتر بنانے کے لیے ایک مرکوز اور قابلِ پیمائش لائحہ عمل فراہم کرنا ہے۔
صفائی ستھرائی: آخری میل تک رسائی کا طریقہ
محکمہ ڈاک صفائی ستھرائی کے لیے آخری سرے تک رسائی کا طریقہ اختیار کر رہا ہے۔ اس کے تحت ڈاک خانوں کے احاطے کی فزیکل صفائی کے ساتھ ساتھ کام کے طریقۂ کار کو صاف و منظم بنانے، کارکردگی میں بہتری، جواب دہی اور اہلکاروں میں کام کے تئیں رویے اور سوچ میں مثبت تبدیلی لانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس مہم میں تمام زمروں کے ڈاک خانے، بشمول دیہی شاخ کے ڈاک خانے (بی اوز)، شامل ہیں، تاکہ روزمرہ کے کام کاج میں صفائی ستھرائی اور مؤثر طریقۂ کار کو مستقل طور پر اپنایا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد شہری پر مرکوز خدمات، فوری اور جواب دہ خدمت رسانی اور صارفین کے مجموعی تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
صارفین کے تجربے میں بہتری
ڈاک کے نیٹ ورک کو جدید بنانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر محکمہ ڈاک، نئی دہلی کے اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر کے اشتراک سے تیار کیے گئے ڈیزائن مینوئل کے مطابق ڈاک خانوں کی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور جدید کاری پر بھی توجہ دے رہا ہے۔
اس کا مقصد صرف ظاہری خوب صورتی میں بہتری لانا نہیں، بلکہ ایسے ڈاک خانے تشکیل دینا ہے جو فعال، آسان رسائی کے حامل، صارف دوست اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق ہوں۔
محکمہ ڈاک این-جن ڈاک خانے بھی قائم کر رہا ہے، جن کے اندرونی اور بیرونی حصوں کو صاف ستھرا اور جدید بنایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد ایسے عصری ڈاک مراکز قائم کرنا ہے جو زیادہ پُرکشش ہوں اور نوجوان صارفین کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔
اس کے علاوہ، ایس پی اے ڈاک خانوں کی بھی تزئین و آرائش اور جدید کاری کی جا رہی ہے تاکہ موجودہ سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے اور ملک بھر کے ڈاک نیٹ ورک میں یکساں برانڈنگ کو فروغ دیا جا سکے۔ ان اقدامات کا مقصد ڈاک خانوں میں آنے والے صارفین کے لیے سہولت، آسان رسائی اور مجموعی تجربے کو بہتر بنانا ہے۔
جن سمپرک – ڈاک چوپال
خصوصی مہم 6 کے تحت محکمہ ڈاک شہریوں سے رابطے کو مضبوط بنانے اور سرکاری خدمات کو عوام کے مزید قریب لانے کے لیے ڈاک چوپال کا انعقاد کر رہا ہے۔ اس اقدام میں ڈیجیٹل انڈیا، مالی شمولیت اور انتودیہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے آخری سرے تک خدمات کی فراہمی پر زور دیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو مالی خدمات، بیمہ، براہِ راست فائدہ کی منتقلی (ڈی بی ٹی)، پیمنٹس بینک، ای-کامرس اور برآمدی خدمات کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں اور ان کے فوائد سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ایک خط کے ذریعے صاف ستھرے کل کی بنیاد!

انڈیا پوسٹ نے 17 ستمبر کو صفائی ستھرائی مہم 2026 کے موقع پر ایک خصوصی مہر جاری کی۔ بھیجے جانے والے ہر ڈاک کے پارسل اور خط کے ذریعے صفائی ستھرائی کا اہم پیغام عام کرتے ہوئے یہ خصوصی مہر ہمیں اس عزم کی یاد دلاتی ہے کہ ’’سب کی شرکت سے کچرے سے آزادی‘‘ حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔
پائیدار اور ادارہ جاتی صفائی ستھرائی کی طرف
خصوصی مہم 6 نے صفائی ستھرائی، کارکردگی، پائیداری اور شہری پر مرکوز خدمات کی فراہمی کو مستقل طور پر ادارہ جاتی شکل دینے کے محکمہ ڈاک کے عزم کو مزید مستحکم کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ملک بھر میں اپنے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے ان طریقوں کو مستقل طور پر جاری رکھنا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔
********
(ش ح ۔ م م ع ۔ت ا )
U. No. 4445
(ریلیز آئی ڈی: 2317848)
وزیٹر کاؤنٹر : 7