وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ہیڈکوارٹرزسے مربوط دفاعی عملے کی مشترکہ عمل آوری اور انضمام کے 25 سال کی تکمیل پر تقریب

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 OCT 2026 5:58PM by PIB Delhi

ہیڈکوارٹرزسے مربوط دفاعی عملہ (ایچ کیو آئی ڈی ایس) نے آج اپنی سلور جوبلی منائی۔ یکم اکتوبر 2001 کو نئی دہلی میں اس کے قیام کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر اس دن کو ’ٹرائی سروس ڈے‘ کے طور پر منایا گیا۔

سلور جوبلی تقریبات کے تحت ’ مشترکہ عمل آوری اور انضمام کے ذریعے مستقبل کے لیے تیاری‘کے موضوع پر ایچ کیو آئی ڈی ایس نے ’تری شکتی منتھن‘ کا انعقاد کیا۔جس سے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) و محکمہ عسکری امور کے سکریٹری جنرل این ایس راجہ سبرامنی اور چیئرمین، چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (سی آئی ایس سی) ایئر مارشل تیجندر سنگھ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر  ہونے والے تبالہ خیال میں مشترکہ عملیاتی نظریات، مشترکہ تربیتی نظام، مربوط مشقوں اور انسانی امداد و آفات سے نمٹنے (ایچ اے ڈی آر) کے طریقۂ کار میں بہتر تال میل کے ذریعے عملیاتی تیاری میں ایچ کیو آئی ڈی ایس کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

مشترکہ عمل آوری اور انضمام کو مضبوط بنانے میں اس کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایچ کیو آئی ڈی ایس نے سلور جوبلی کتاب  کا اجراء کیا، جس میں گزشتہ 25 برسوں کے دوران اس کے ارتقا اور حصولیابیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ایک فلم کی بھی نمائش کی گئی ، جس میں ادارے کے قیام سے اب تک کے اہم سنگِ میلوں اور کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔ مشترکہ عمل آوری اور انضمام کو مضبوط بنانے میں اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں باوقار سی ڈی ایس یونٹ توصیفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔ قومی جنگی یادگار و عجائب گھر میں ملک کی خدمت میں عظیم قربانی پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گلہائے عقیدت نذر کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

ایچ کیو آئی ڈی ایس نے سائبر، خلائی اور مصنوعی ذہانت سمیت ابھرتے ہوئے شعبوں کے لیے دفاعی افواج کو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ دفاعی شعبے میں آتم نربھرتا کے مطابق ملکی صلاحیتوں کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے تحقیقی اداروں، تعلیمی شعبے اور صنعت کے ساتھ اشتراک کو فروغ دیا ہے۔ اس نے ’رَن سمواد‘، جوائنٹ کمانڈرز کانفرنس (جے سی سی) اور کمبائنڈ آپریشنل ریویو اینڈ ایویلیوایشن (کور) پروگرام جیسے پلیٹ فارموں کے ذریعے مشترکہ عمل آوری کے لیے ادارہ جاتی نظام کو بھی مضبوط کیا ہے۔ ان پلیٹ فارموں نے عصرِ حاضر کے سلامتی سے متعلق چیلنجوں پر منظم غور و خوض اور زمینی، بحری، فضائی، خلائی، سائبر اور ادراکی شعبوں میں مشترکہ جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں سہولت فراہم کی ہے۔

گزشتہ ڈھائی دہائیوں کے دوران ایچ کیو آئی ڈی ایس تینوں افواج کے درمیان مشترکہ عمل آوری، انضمام اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے والےاعلیٰ ترین ادارے کے طور پر اہم ترقی کی ہےاور اس کی توجہ قومی سلامتی کے مقاصد کے مطابق دفاعی صلاحیتوں میں اضافے اور جنگی طاقت کے مشترکہ استعمال پر مرکوز رہی ہے۔

************

ش ح۔ م ع ن-ت ع

(U: 4466)


(ریلیز آئی ڈی: 2317849) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी