شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
نجی کارپوریٹ شعبے میں کیپٹل اخراجات (کیپیکس) کی سرمایہ کاری کے ارادوں سے متعلق مستقبل پر مبنی سروے
(سروے کی مدت: اکتوبر تا دسمبر 2026)
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 OCT 2026 4:00PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی وزارتِ شماریات و پروگرام عمل درآمد (ایم او ایس پی آئی) کے تحت قومی شماریاتی دفتر(این ایس او) اکتوبر سے دسمبر 2026 کے دوران نجی کارپوریٹ شعبے میں کیپٹل اخراجات سے متعلق سرمایہ کاری کے ارادوں کا مستقبل پر مبنی سروے (کیپیکس 2026) کر رہا ہے۔ اس سروے کا مقصد نجی کارپوریٹ شعبے کی بڑی کمپنیوں کی جانب سے کیے گئے اور آئندہ کے لیے منصوبہ بند سرمایہ جاتی اخراجات سے متعلق جامع اور بروقت معلومات حاصل کرنا ہے، جس سے بھارتی معیشت میں ابھرتے ہوئے سرمایہ کاری کے رجحانات کو سمجھنے کے لیے اہم معلومات فراہم ہوں گی۔
1. مقصد، دائرۂ کار اور اعداد و شمار جمع کرنے کا طریقہ
کیپیکس سروے کا بنیادی مقصد حالیہ مالی سالوں میں کیے گئے سرمایہ جاتی اخراجات، موجودہ مالی سال میں متوقع سرمایہ جاتی اخراجات اور آئندہ مالی سال کے لیے سرمایہ کاری کے ارادوں سے متعلق معلومات جمع کرنا ہے۔ اس معلومات میں مختلف اثاثہ جاتی گروپوں اور صنعتوں میں کیے جانے والے سرمایہ جاتی اخراجات کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کی حکمتِ عملی، مقاصد، مالی اعانت کے ذرائع وغیرہ سے متعلق پہلو بھی شامل ہیں۔
اس سروے میں معیشت کے مختلف شعبوں سے منتخب بڑی نجی کارپوریٹ شعبے کی کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ سروے کا فریم وزارتِ کارپوریٹ امور (ایم سی اے) میں رجسٹرڈ فعال کمپنیوں سے متعلق معلومات کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے، جس میں مقررہ اہلیت اور کاروباری حجم کے معیار کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ یہ سروے شماریات جمع کرنے کے ایکٹ، 2008 کی دفعات کے تحت منعقد کیا جاتا ہے۔
اعداد و شمار ایک مخصوص اور محفوظ ویب پورٹل کے ذریعے جمع کیے جاتے ہیں، جس سے کمپنیاں خود سوالنامہ مکمل کرکے اپنی معلومات آن لائن جمع کرا سکتی ہیں۔ پورٹل پر جواب دہندگان کو سوالنامے، تصورات اور تعریفوں کو سمجھنے میں مدد دینے کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ موجودہ سروے میں معاون ڈیجیٹل وسائل بھی فراہم کیے گئے ہیں، جن میں پورٹل کے استعمال اور خود معلومات درج کرنے سے متعلق ہدایاتی کتابچہ اور ویڈیو گائیڈ شامل ہیں۔
2. سابقہ کیپیکس سروے — اہم نتائج اور اعداد و شمار
قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) نے نجی شعبے میں کیپیکس سرمایہ کاری کے ارادوں سے متعلق پہلا مستقبل پر مبنی سروے (کیپیکس 2024) نومبر 2024 سے جنوری 2025 کے درمیان منعقد کیا تھا۔
پہلے کیپیکس سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2024-25 کے دوران اہم کاروباری سرگرمیوں کے زمرہ جات میں مجموعی اخراجات میں سب سے بڑا حصہ ’مینوفیکچرنگ‘ کا تھا، جو 43.80 فیصد رہا۔ اس کے بعد ’انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن‘ کا حصہ 15.60 فیصد اور ’ٹرانسپورٹیشن اینڈ اسٹوریج‘ کا حصہ 14.00 فیصد رہا۔

کیپیکس سروے کے تفصیلی نتائج ایم او ایس پی آئی کی جانب سے شائع کردہ ”کیپیکس 2024 — مستقبل پر مبنی سروے کے نتائج کا کتابچہ“ میں دستیاب ہیں۔
دوسرا کیپیکس سروے اکتوبر تا دسمبر 2025 کے دوران منعقد کیا گیا تھا۔ اس تازہ ترین کیپیکس سروے (کیپیکس 2025) کے نتائج کے مطابق، 2025-26 میں اہم کاروباری سرگرمیوں کے زمرہ جات کے تحت متوقع مجموعی سرمایہ جاتی اخراجات میں ’مینوفیکچرنگ‘ کا حصہ سب سے زیادہ 50.17 فیصد رہا، جو 5,73,900 کروڑ روپے بنتا ہے۔ اس کے بعد ’انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن‘ کا حصہ 16.38 فیصد (1,87,395 کروڑ روپے)، ’بجلی، گیس، بھاپ اور ایئر کنڈیشننگ کی فراہمی‘ کا حصہ 8.96 فیصد (1,02,448 کروڑ روپے)، اور ’ٹرانسپورٹیشن اینڈ اسٹوریج‘ کا حصہ 5.55 فیصد (63,517 کروڑ روپے) رہا۔

مجوزہ کیپیکس کی تقسیم کے پیمانے کے لحاظ سے، تقریباً 21.16 فیصد کمپنیوں نے اپنے مجموعی کیپیکس کے 80 فیصد سے زیادہ حصے کو روبوٹکس میں سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنایا، جبکہ تقریباً 78.84 فیصد کمپنیوں نے بتایا کہ ان کے مجموعی کیپیکس کا 20 فیصد سے بھی کم حصہ روبوٹکس میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کیا جائے گا۔
تازہ ترین کیپیکس 2025 سروے (2025-26) سے حاصل شدہ تخمینوں کے مطابق، کمپنیوں کے پینل کی جانب سے 2024-25 کے دوران کیا گیا حقیقی کیپیکس فی کمپنی 173.5 کروڑ روپے رہا۔ اس کے نتیجے میں مجموعی حصولی تناسب(آر آر 96.3) فیصد رہا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مجموعی سطح پر حقیقی اخراجات سرمایہ کاری کے ارادوں کے تقریباً مطابق رہے۔
کیپیکس سروے-2025 کے ذریعے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، 3,819 کمپنیوں کے ایک مستقل پینل کی جانب سے رپورٹ کیے گئے 2024-25، 2025-26 اور 2026-27 کے اعداد و شمار کی بنیاد پر مجموعی کیپیکس (کروڑ روپے میں) میں 2024-25 میں ان کمپنیوں کی جانب سے رپورٹ کیے گئے حقیقی کیپیکس کے مقابلے میں 1.9 فیصد کا معمولی اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔ اسے ذیل کے گراف میں دکھایا گیا ہے:
پینل کے مطابق مجموعی کیپیکس کے تخمینے (کروڑ روپے میں)

کیپیکس سروے کے تفصیلی نتائج ایم او ایس پی آئی کی جانب سے شائع کردہ ‘‘کیپیکس 2025 — مستقبل پر مبنی سروے کے نتائج کا کتابچہ’’ میں دستیاب ہیں۔
3. کیپیکس 2026 کا آغاز
کیپیکس سروے کے پہلے دو ادوار کے تجربے اور نتائج کی بنیاد پر، قومی شماریاتی دفتر(این ایس او) اکتوبر 2026 میں کیپیکس سروے کے تیسرے دور کا آغاز کر رہا ہے، تاکہ نجی کارپوریٹ شعبے میں سرمایہ کاری کی سرگرمیوں اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے ارادوں سے متعلق بروقت معلومات کی دستیابی کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
4. کیپیکس 2026 کی نمایاں خصوصیات
موجودہ سروے میں ایسی کئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں جن کا مقصد جمع کیے جانے والے اعداد و شمار کے معیار، افادیت اور استعمال میں بہتری لانا، نیز معلومات جمع کرانے کے لیے پورٹل کے صارف انٹرفیس کو مزید بہتر بنانا ہے۔
سروے میں معلومات کا وسیع دائرۂ کار:
* ماضی، موجودہ اور مستقبل کے سرمایہ جاتی اخراجات سے متعلق معلومات کا حصول
* مختلف اثاثہ جاتی گروپوں اور صنعتی شعبوں میں کیپیکس سے متعلق معلومات
* سرمایہ کاری کے ارادوں اور سرمایہ کاری کی حکمتِ عملی سے متعلق معلومات
* سبز توانائی اور روبوٹکس میں سرمایہ کاری
* سرمایہ کاری کے مقاصد سے متعلق معلومات، جن میں پیداواری صلاحیت میں توسیع، اپ گریڈیشن اور سرمایہ کاری کے دیگر مقاصد شامل ہیں
* کیپیکس کے لیے مالی اعانت کے ذرائع سے متعلق معلومات
ویب پورٹل کی خصوصیات:
* محفوظ اور مخصوص ویب پورٹل کے ذریعے معلومات کا حصول
* کمپنیوں کو خود معلومات درج کرنے اور آن لائن جمع کرانے کی سہولت
* پورٹل کے استعمال اور معلومات درج کرنے میں سہولت کے لیے ہدایاتی کتابچہ، ویڈیو گائیڈ اور اے آئی چیٹ بوٹ کے ذریعے ڈیجیٹل معاونت
* دو لسانی سوالنامہ
5. بروقت جواب کی اہمیت
کیپیکس سروے سے حاصل ہونے والے تخمینوں کے معیار اور افادیت کا انحصار بڑی حد تک منتخب کمپنیوں کی کوریج اور ان کی جانب سے بروقت جواب دینے پر ہے۔ انفرادی کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات نجی کارپوریٹ سرمایہ کاری کے مجموعی اشاریوں کی تیاری میں معاون ثابت ہوتی ہیں اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کی سمت اور حجم کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔
بروقت معلومات جمع کرانے سے این ایس او کو مقررہ سروے شیڈول کے اندر فراہم کردہ معلومات کی ضروری جانچ پڑتال اور کارروائی مکمل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے، جس کے نتیجے میں پالیسی سازوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے لیے قابلِ اعتماد اعداد و شمار کی بروقت دستیابی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔
6. صنعت سے اپیل
لہٰذا ایم او ایس پی آئی، این ایس او، تمام منتخب نجی کارپوریٹ شعبے کی کمپنیوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ کیپیکس 2026 سروے میں مکمل تعاون کریں اور فعال طور پر حصہ لیں۔ کمپنیوں سے درخواست ہے کہ مقررہ ویب پورٹل کے ذریعے مکمل، درست اور بروقت معلومات فراہم کریں۔
کمپنیوں کو یقین دلایا جاتا ہے کہ ان کی انفرادی معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا اور یونٹ کی سطح کی معلومات عام نہیں کی جائیں گی۔ سروے کے نتائج جاری کرتے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ ایسی کوئی معلومات جاری نہ ہو جس سے معلومات فراہم کرنے والی کمپنی کی شناخت ظاہر ہو سکے۔ نتائج جاری کرتے وقت خفیہ نوعیت کی کسی بھی معلومات کی اشاعت یا انکشاف کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جاتے ہیں۔ انفرادی کمپنیوں کے کیپیکس سرمایہ کاری کے منصوبوں کی رازداری برقرار رکھنے کے لیے کیپیکس سروے کے یونٹ کی سطح کے اعداد و شمار عام نہیں کیے جاتے۔
ایم او ایس پی آئی، این ایس او ، تمام منتخب کمپنیوں کے تعاون کو سراہتا ہے، جو کیپیکس 2026 کو ایک کامیاب شماریاتی سرگرمی بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

کتابچہ ایم او ایس پی آئی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے: https://www.mospi.gov.in/
ایم او ایس پی آئی کی اشاعتوں/رپورٹس تک رسائی کے لیےکیو آر کوڈ اسکین کریں۔
***
ش ح۔ ش ت۔رض
54620U-No.
(ریلیز آئی ڈی: 2319037)
وزیٹر کاؤنٹر : 17