سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
این آئی ایس ڈی کی جانب سے دیو میں کل معمر افراد کی نگہداشت سے متعلق پانچ روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا
یہ پروگرام آنگن واڑی کارکنوں اور صفِ اول کے کارکنان کی ضعیف افراد کی دیکھ بھال کے سلسلے میں صلاحیتوں کو فروغ دینے، نگہداشت کی ضروریات کی بروقت نشاندہی اور مناسب رہنمائی و ریفرل کی سہولت فراہم کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے، تاکہ بزرگ شہریوں کے لیے کمیونٹی کی سطح پر معاونت کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جا سکے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 OCT 2026 1:38PM by PIB Delhi
حکومتِ ہند کی سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی وزارت کے تحت کام کرنے والا نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سوشل ڈیفنس (این آئی ایس ڈی)، ضلع کلکٹر دیو کے دفتر اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو کی انتظامیہ کے اشتراک سے کل سے ضلع دیو میں پانچ روزہ معمر افراد کی نگہداشت سے متعلق تربیتی پروگرام کا انعقاد کرے گا۔
سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی وزارت کے سکریٹری جناب سدھانش پنت ،ضلع دیو میں واقع ایجوکیشن ہب میں اس تربیتی پروگرام کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ شرکاء کو معمر شہریوں کی فلاح و بہبود کا عہد بھی دلائیں گے۔
این آئی ایس ڈی کے ڈائریکٹر جناب گورو سنگھ رجاوت افتتاحی اجلاس کو کوارڈینیٹ کریں گے ، جبکہ دیو کے کلکٹر جناب راہل دیو بورا معزز مہمانوں اور شرکاء کا باضابطہ خیرمقدم کریں گے۔
اس پروگرام میں تقریباً 50 آنگن واڑی کارکنان، صفِ اول کے کارکنان اور زمینی سطح پر خدمات انجام دینے والے اہلکار شرکت کریں گے۔ اس کا مقصد بزرگ شہریوں کے لیے کمیونٹی کی سطح پر معاونت کے نظام کو مضبوط بنانا اور آخری سطح تک خدمات پہنچانے والے اہلکاروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ایسے تربیت یافتہ، حساس اور مقامی سطح پر دستیاب صفِ اول کے کارکنان کی ایک ٹیم تیار کرنا ہے، جو بنیادی طور پر معمر افراد کی نگہداشت فراہم کرنے، نگہداشت کی ابھرتی ہوئی ضروریات کی بروقت نشاندہی کرنے، مناسب سرکاری اسکیموں اور خدمات تک رسائی میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں کو کمیونٹی کی سطح پر جذباتی اور نفسیاتی معاونت بھی فراہم کر سکیں۔
عمر رسیدہ آبادی کی بدلتی ہوئی ضروریات کے پیشِ نظر اس پروگرام کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ خاص طور پر ایسے بزرگ شہری جو تنہا زندگی گزار رہے ہیں، روزمرہ کی زندگی کے معمولات (اے ڈی ایلس) انجام دینے میں مدد کے محتاج ہیں، یا جنہیں خاندان کی جانب سے مناسب نگہداشت میسر نہیں، ان کی ضروریات اس پروگرام کا اہم محور ہوں گی۔تربیت کے دوران عملی، باہمی شرکت اور زمینی حقائق پر مبنی طریقۂ کار اختیار کیا جائے گا، تاکہ شرکاء حاصل کردہ علم اور مہارتوں کو اپنی اپنی برادریوں میں مؤثر انداز سے بروئے کار لا سکیں۔
جامع اور باوقار نگہداشت پر خصوصی توجہتربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو عمر رسیدگی کے جسمانی، نفسیاتی، جذباتی اور سماجی پہلوؤں سے آگاہ کیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہیں بزرگ افراد کی محفوظ، باوقار اور ہمدردانہ نگہداشت کے لیے عملی مہارتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

تربیتی پروگرام میں عمر رسیدگی کے عمل اور بزرگ شہریوں کی بدلتی ہوئی ضروریات، معمر افراد کے حقوق، وقار اور فلاح و بہبود، خاندان، معاشرے اور صفِ اول کے نگہداشت فراہم کرنے والے کارکنان کی ذمہ داریوں سمیت مختلف اہم موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔شرکاء کو معمر افراد کی نگہداشت کے بنیادی اصولوں، روزمرہ کے معمولات اور اے ڈی ایلس میں معاونت، ذاتی صفائی، متوازن غذا اور جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے، ادویات کے استعمال میں معاونت، نقل و حرکت میں مدد، ایک جگہ سے دوسری جگہ محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کے طریقوں، گرنے سے بچاؤ اور گھر کو محفوظ بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔
پروگرام میں ابتدائی طبی امداد اور عام ہنگامی حالات سے نمٹنے کے بنیادی طریقوں کے ساتھ ساتھ مؤثر ابلاغ، نفسیاتی و سماجی معاونت، تنہائی اور سماجی لاتعلقی، جذباتی ہمدردی ، ڈیمینشیا سے آگاہی اور اس سے متاثر افراد کی بنیادی نگہداشت کے طریقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
معمر افراد کو نظرانداز کیے جانے، بدسلوکی اور استحصال سے بچانے، ایسے واقعات کی بروقت نشاندہی اور ان کی اطلاع دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ رازداری، وقار، احترام اور ہمدردانہ نگہداشت کے اصولوں کو بھی مزید مضبوط کیا جائے گا۔
شرکاء کو بزرگ شہریوں کے لیے دستیاب سرکاری اسکیموں، پروگراموں، ادارہ جاتی نظام اور معاون خدمات سے بھی آگاہ کیا جائے گا، تاکہ وہ ضرورت مند بزرگوں کو بروقت متعلقہ فوائد اور خدمات تک رسائی دلانے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
عملی اور زمینی حقائق پر مبنی تربیت
تربیتی پروگرام میں تکنیکی اجلاسوں، باہمی تبادلۂ خیال پر مبنی لیکچرز، عملی مظاہروں، مشقی سرگرمیوں، کیس اسٹڈیز اور زمینی مثالوں کو یکجا کیا جائے گا۔ گروپ سرگرمیوں، تجربات کے تبادلے اور سوال و جواب کے سیشنز کے ذریعے شرکاء کو یہ موقع ملے گا کہ وہ تربیت کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کو اپنے عملی تجربات سے مربوط کریں اور بزرگ افراد کی مختلف ضروریات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور عملی طریقۂ کار وضع کریں۔
بنیادی نگہداشت کی عملی تکنیکوں سے براہِ راست واقفیت بھی پروگرام کا ایک اہم حصہ ہوگی، جس میں اس بات پر زور دیا جائے گا کہ حاصل کردہ علم کو محض نظری معلومات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے برادری کی سطح پر مؤثر معاونت میں تبدیل کیا جائے۔یہ تربیتی پروگرام ضلع دیو کے بزرگ شہریوں کی مخصوص ضروریات اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد مقامی سطح پر دستیاب معاونتی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

صفِ اول کے کارکنان کی صلاحیتوں میں اضافہ
اس تربیتی پروگرام کے ذریعے صفِ اول کے کارکنان کی اس صلاحیت کو مضبوط بنایا جائے گا کہ وہ بزرگ شہریوں کو بنیادی، محفوظ اور باوقار نگہداشت و معاونت فراہم کر سکیں، معمر افراد کی جسمانی، نفسیاتی، جذباتی اور سماجی ضروریات کو سمجھ سکیں، اور انہیں روزمرہ کے معمولات اور روزمرہ زندگی کے بنیادی امور (اے ڈی ایلس)انجام دینے میں مدد دے سکیں۔اس کے علاوہ کارکنان کو بزرگوں میں صحت، نقل و حرکت، ذہنی و ادراکی صلاحیت اور نفسیاتی و سماجی مسائل کی ابتدائی علامات کی نشاندہی کرنے اور ضرورت کے مطابق انہیں متعلقہ طبی یا دیگر خدمات کے لیے ریفر کرنے کی تربیت دی جائے گی۔پروگرام کے ذریعے گرنے، چوٹ لگنے، نظرانداز کیے جانے، بدسلوکی اور استحصال کی روک تھام کو فروغ دیا جائے گا۔ خاص طور پر تنہا رہنے والے یا خاندان کی محدود معاونت رکھنے والے بزرگ شہریوں کے ساتھ مؤثر رابطے اور انہیں مناسب نفسیاتی و سماجی معاونت فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔شرکاء بزرگ شہریوں کو سرکاری اسکیموں اور ادارہ جاتی معاونتی نظام تک رسائی دلانے میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صفِ اول کے کارکنان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی رابطہ اور تال میل بہتر بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
پروگرام کی نگرانی اور انتظام
این آئی ایس ڈی کے سینئر سٹیزن ڈویژن سے وابستہ کورس کوآرڈینیٹر محترمہ آشا شرما اور جونیئر کنسلٹنٹ محترمہ ریتو ڈنڈریال کو اس تربیتی پروگرام کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
این آئی ایس ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر (ٹریننگ) اور سینئر سٹیزن ڈویژن کے سربراہ، ، دیو ضلع کے کلکٹر کے دفتر اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے ساتھ پروگرام کی نگرانی کر رہے ہیں، تاکہ تعلیمی، انتظامی اور دیگر ضروری انتظامات مؤثر انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔
این آئی ایس ڈی، بزرگ شہریوں کی نگہداشت، فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی کو بڑھانے کی اپنی مسلسل کوششوں کے تحت معمر افراد کی نگہداشت اور اس سے متعلق دیگر شعبوں میں صلاحیت سازی اور تربیتی پروگرام منعقد کرتا رہا ہے۔
متوقع نتائج
توقع ہے کہ اس پروگرام کے نتیجے میں ضلع دیو میں تقریباً 50 تربیت یافتہ اور حساسیت رکھنے والے صفِ اول کے کارکنان کی ایک ٹیم تیار ہوگی، جو بزرگ افراد کو بنیادی نگہداشت اور معاونت فراہم کرنے کی بہتر صلاحیت رکھتی ہوگی۔
اس کے علاوہ، ایسے بزرگ شہریوں کی بروقت نشاندہی میں بہتری آنے کی توقع ہے جنہیں اضافی نگہداشت یا مزید خدمات کے لیے ریفرل کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی سرکاری اسکیموں اور معاونتی نظام سے متعلق آگاہی بڑھے گی اور تنہا زندگی گزارنے والے یا خاندان کی محدود معاونت رکھنے والے بزرگوں کے لیے برادری کی سطح پر دستیاب معاونت مزید مضبوط ہوگی۔
پانچ روزہ معمر افراد کی نگہداشت کا تربیتی پروگرام ضلع دیو میں بزرگوں کی نگہداشت کے مقامی نظام کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم اور مرکوز صلاحیت سازی کی کوشش ہے۔ مقامی سطح پر تربیت یافتہ اور حساسیت رکھنے والے کارکنان کی دستیابی کے ذریعے اس اقدام کا مقصد بزرگ شہریوں کے لیے زیادہ مؤثر، جامع اور معاون ماحول فراہم کرنا اور ان کے وقار، تحفظ، خودمختاری، سماجی شمولیت اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
این آئی ایس ڈی، وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات، حکومتِ ہند اور دادراو نگر حویلی اور دمن و دیو کی مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کی انتظامیہ کے درمیان ضلع کلکٹر دیو کے دفتر کے توسط سے ہونے والا یہ اشتراک، زمینی سطح پر معمر افراد کی نگہداشت اور برادری پر مبنی معاونتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مربوط اور مشترکہ کوشش کی عکاسی کرتا ہے۔
****
) ش ح – ع ح-ت ا )
U.No. 4832
(ریلیز آئی ڈی: 2320738)
وزیٹر کاؤنٹر : 4