وزارت خزانہ
اقتصادی امور کے محکمے کی جانب سے 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک خصوصی مہم 6.0 کا انعقاد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
08 OCT 2026 10:48PM by PIB Delhi
وزارتِ خزانہ کے تحت اقتصادی امور کا محکمہ (ڈی ای اے)، اپنے منسلک اور ماتحت دفاتر نیز اپنے انتظامی کنٹرول کے تحت آنے والے اداروں کے ساتھ مل کر 2 سے 31 اکتوبر 2026 تک خصوصی مہم 6.0 چلا رہا ہے۔ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کے محکمے (ڈی اے آر پی جی) کی نگرانی میں حکومت بھر میں اس مہم کو نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد صفائی ستھرائی کے نظام کو ادارہ جاتی شکل دینا، زیرِ التوا معاملات میں کمی لانا، ریکارڈ کے انتظام کو بہتر بنانا اور سرکاری دفاتر میں شہریوں کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
خصوصی مہم 6.0 میں ’’ای- فضلہ کو مؤثر طریقے سے جمع کرنا، الگ الگ کرنا اور ٹھکانے لگانا‘‘ خاص توجہ کا مرکز ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ مہمات کے دوران ای- فضلہ کے سائنسی طریقے سے انتظام پر دیے گئے زور کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد ای- فضلہ کے ذمہ دارانہ انتظام اور اسے ای- فضلہ سے متعلق (انتظامی) قواعد، 2022 کے مطابق ٹھکانے لگانے کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ہی صفائی ستھرائی، دفتری جگہ کے مؤثر استعمال اور کام کی جگہ کے ماحول کو بہتر بنانے کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ عوام کو خدمات فراہم کرنے والے یا عوام سے براہِ راست رابطے میں رہنے والے میدانی اور دور دراز کے دفاتر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس مہم کے دوران اقتصادی امور کا محکمہ اراکینِ پارلیمنٹ، ریاستی حکومتوں، بین وزارتی حوالوں، پارلیمانی حوالہ جات، وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او)سے موصولہ حوالہ جات، عوامی شکایات اور شکایات سے متعلق اپیلوں کے زیرِ التوا معاملات کی نشاندہی اور ان کے تصفیے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہا ہے۔ اس مہم کے تحت موجودہ سرکاری رہنما خطوط کے مطابق کاغذی ریکارڈ کا جائزہ لینے، اس کی درجہ بندی کرنے، اندراج کرنے اور غیر ضروری ریکارڈ کو تلف کرنے نیز برقی فائلوں کو بند کرنے کے ذریعے ریکارڈ کے انتظام کو مضبوط بنانے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس مہم کے تحت اقتصادی امور کا محکمہ صفائی ستھرائی کی مہمات چلانے، جگہ کے بہتر انتظام، ناکارہ اور غیر ضروری اشیا کو ٹھکانے لگانے اور طریقۂ کار کو آسان بنانے کے اقدامات کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد کا کام بھی کر رہا ہے۔ محکمہ طے شدہ اہداف پر مؤثر عمل درآمد اور ان کی نگرانی کے لیے متعلقہ دفاتر اور اداروں کے ساتھ تال میل قائم کر رہا ہے۔ اس مہم میں بہترین طریقوں کو اپنانے اور ان کی دستاویز بندی کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ ان میں ای- فضلہ کے انتظام، ڈیجیٹلائزیشن، جگہ کے مؤثر استعمال، ماحول دوست طریقوں، شہریوں پر مرکوز اقدامات اور اختراعی طریقۂ کار سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔
خصوصی مہم 6.0 پر عمل درآمد کی نگرانی ایس سی ڈی پی ایم پورٹل کے ذریعے کی جا رہی ہے اور پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اقتصادی امور کا محکمہ اس مہم کے ذریعے ٹھوس نتائج حاصل کرنے اور صفائی ستھرائی، ای- فضلہ کے انتظام، زیرِ التوا معاملات میں کمی، ریکارڈ کے بہتر انتظام، دفتری جگہ کے مؤثر استعمال اور شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی کے شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
***
ش ح۔ع و ۔ ش ا
U.No. 4888
(ریلیز آئی ڈی: 2321183)
وزیٹر کاؤنٹر : 15