ارضیاتی سائنس کی وزارت
محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان اور بحری موسمیاتی انتباہی خدمات کے بارے میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 OCT 2026 7:09PM by PIB Delhi
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے متعلقہ فریقوں، آفات سے نمٹنے کے منتظمین اور میڈیا کے نمائندوں کے لیے ’’سمندری طوفان سے متعلق انتباہات اور بحری موسمیاتی خدمات سے واقفیت‘‘ کے موضوع پر ایک تربیتی ورکشاپ منعقد کی۔ اس تربیتی پروگرام کو زبردست پذیرائی ملی اور 650 سے زائد متعلقہ فریقوں نے اس میں شرکت کی۔ اس پروگرام کو براہ راست نشر بھی کیا گیا، جس کی ریکارڈنگ عام لوگوں کے لیے یوٹیوب پر دستیاب ہے۔
اپنے تعارفی خطاب میں محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مرتیونجے موہاپاترا نے سمندری طوفان کی پیش گوئی میں ہونے والی پیش رفت، مختلف اداروں کے درمیان تال میل اور انتباہات کو آخری فرد تک پہنچانے میں میڈیا کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین نے سمندری طوفان سے متعلق انتباہی خدمات اور بحری موسمیاتی خدمات پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ ان میں ساحلی آبادیوں، ماہی گیروں، بندرگاہوں اور بحری شعبے سے وابستہ متعلقہ فریقوں کے لیے پیش گوئی کی مختلف مصنوعات اور انتباہی بلیٹن کا احاطہ کیا گیا۔ اس موقع کی ایک اہم خصوصیت محکمہ موسمیات کی جانب سے عوام کے لیے تیار کردہ سمندری طوفان اور بحری موسمیاتی خدمات کے فیصلہ سازی معاون نظام (ڈی ایس ایس) کا عملی مظاہرہ تھا۔ یہ ایک مربوط پلیٹ فارم ہے، جو عوام، متعلقہ فریقوں اور آفات سے نمٹنے کے منتظمین کو بروقت فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

*****
ش ح۔ ش ت۔ ج
uno 5003
(ریلیز آئی ڈی: 2322154)
وزیٹر کاؤنٹر : 11