وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

خزانہ و کارپوریٹ امور کی مرکزی محترمہ نرملا سیتارمن نے آج تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں عالمی بینک کی ترقیاتی کمیٹی کے 114ویں مکمل اجلاس میں شرکت کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 OCT 2026 9:21PM by PIB Delhi

مرکزی وزیربرائے خزانہ و کارپوریٹ امور محترمہ نرملا سیتارمن نے عالمی بینک کے گورنر کی حیثیت سے تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں منعقدہ ترقیاتی کمیٹی کے 114ویں مکمل اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا موضوع ’’نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنا اور روزگار‘‘ تھا۔

مرکزی وزیرخزانہ نے ’’نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے اور روزگار‘‘ کے موضوع پر ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے درج ذیل خطاب کیا:

’’ہم نجی سرمایہ کاری کوراغب کرکے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر مسلسل توجہ مرکوز رکھنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ توانائی کی منڈیوں میں بڑھتے ہوئے تناؤ، تجارت میں اتھل پتھل، موسمیاتی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے اس دور میں، پیداواری اور بہتر اجرت والی ملازمتیں غربت کے خاتمے اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔‘‘

میں مختصراً چھ اہم نکات پیش کرنا چاہتی ہوں۔

اول، روزگار کے لیے الگ تھلگ اقدامات کے بجائے ایک سازگار نظام ضروری ہے۔ پائیدار روزگار کی تخلیق کے لیے معیاری اور جامع معاشی ترقی ناگزیر ہے، جس کے لیے معاشی استحکام، مؤثر بنیادی ڈھانچہ، سادہ اور واضح ضوابط، نیز مالی وسائل اور مہارتوں تک وسیع رسائی ضروری ہے۔ ہمارے تجربے سے ظاہر ہوتا ہے کہ توانائی اور روزگار کی منڈیوں تک آخری سطح پر رسائی، بڑے پیمانے پر طبعی اور ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کی فراہمی، مالی شمولیت اور منڈی کی قوتوں پر مبنی ضابطہ جاتی اعتماد، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور بڑے پیمانے پر روزگار کی تخلیق کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔

دوم، ترقیاتی ایجنڈے میں نجی شعبے کو مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے۔ زیادہ تر ملازمتیں نجی کاروباری اداروں کے ذریعے پیدا ہوں گی اور ہونی بھی چاہییں۔ چھوٹی، درمیانے درجے کی صنعتیں اور نئے کاروباری ادارے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ لہٰذا نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنا ناگزیر ہے۔ تاہم کامیابی کا اندازہ صرف متحرک کیے گئے مالی وسائل کی مقدار سے نہیں، بلکہ حاصل ہونے والے نتائج سے لگایا جانا چاہیے، یعنی کتنی ملازمتیں پیدا ہوئیں اور پیداواری صلاحیت میں کتنا اضافہ ہوا۔ آئی بی آر ڈی،آئی ایف سی  اور ایم آئی جی اےکے درمیان مضبوط تعاون اور عالمی بینک گروپ کے ضمانتی پلیٹ فارم کو تیزی سے فعال بنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ترقی پذیر معیشتوں کو خطرات برداشت کرنے والے سرمائے کی کمی کا سامنا ہے۔ ضمانتیں اور خطرات کو کم کرنے کے مالی ذرائع، خطرے کا سرمایہ بڑھانے اور نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے مؤثر ترین طریقوں میں شامل ہیں۔

سوم، مسابقتی شرائط پر مالی معاونت بدستور بنیادی ترجیح  ہونی چاہیے۔ عالمی بینک کو مسابقتی شرحوں پر مالی معاونت فراہم کرکے، مقامی کرنسی میں مالی اعانت جیسے ذرائع استعمال کرکے، ضمانتی سہولیات کو مضبوط بنا کر اور لین دین کی لاگت کم کرکے ترقیاتی شراکت دار کا کردار ادا کرتے رہنا چاہیے۔ سستی، قابلِ پیش گوئی اور آسانی سے دستیاب مالی معاونت، متوسط آمدنی والے ممالک سے متعلق حکمت عملی کا بنیادی جزو ہونی چاہیے۔

چہارم، معلومات پر مبنی بینک کو منڈی کی ناکامیوں سے نمٹنے میں مدد دینی چاہیے۔ عالمی بینک گروپ کی مؤثر ترین مداخلتیں شہری آبادی میں اضافے، سیاحت، زرعی برآمدات اور اہم معدنیات جیسے کلیدی شعبوں میں منڈی کی ناکامیوں کو دور کرنے پر مرکوز ہونی چاہییں۔ ترقی پذیر ممالک مصنوعی ذہانت کے ذریعے حکومتی صلاحیت میں اضافے سے نمایاں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس لیے بینک کے عملی اور علمی ایجنڈے میں مصنوعی ذہانت کو کہیں زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔

پنجم، ہم عالمی حکمرانی کے اشاریوں اور اسی نوعیت کے جامع جائزوں کے حوالے سے اپنے دیرینہ تحفظات کا اعادہ کرتے ہیں۔ ان کے دور رس اثرات کے پیشِ نظر موجودہ طریقۂ کار کا جامع جائزہ لے کر اس میں نظرثانی ضروری ہے، تاکہ یہ شفاف، غیر جانب دار، شواہد پر مبنی اور موجودہ حقائق نیز رکن ممالک کے متنوع ترقیاتی تجربات سے زیادہ ہم آہنگ ہو۔ بینک کی علمی دستاویزات کی ساکھ اور دیانت برقرار رکھنے کے لیے یہ عمل ناگزیر ہے۔

آخر میں، ادارہ جاتی ارتقا سے ترقی پذیر ممالک کی آواز اور ترقیاتی نتائج پر اثرات کو مزید تقویت ملنی چاہیے۔ کامیابی کا حتمی پیمانہ یہ ہے کہ اصلاحات ممالک کو روزگار پیدا کرنے، پیداواری صلاحیت بڑھانے، غربت کم کرنے اور معیار زندگی بہتر بنانے میں کس حد تک مددگار ہوتی ہیں۔ ہم بینک کے انتظامی ڈھانچے میں ترقی پذیر ممالک کی آواز اور نمائندگی کو مضبوط بنانے کی اہمیت کا بھی اعادہ کرتے ہیں۔

’’ہمارا گروپ ان مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے دیگر رکن ممالک، انتظامیہ اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘

***

ش ح ۔م ع ن۔  م ش

U. No.6194


(ریلیز آئی ڈی: 2324248) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Kannada