سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارتی سائنس دانوں نے مریخ سےمماثلت رکھنے والے چند مقامات کی نشاندہی کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 OCT 2026 3:39PM by PIB Delhi

تمل ناڈو اور چلی کے صحرائے اتاکاما کے بعض علاقوں میں دو اہم معدنیات کی نشاندہی کی گئی ہے، جو ارضیاتی، کیمیائی اور طبعی خصوصیات کے اعتبار سے مریخ سے مماثلت رکھتی ہیں۔ ان معدنیات کی شناخت سے ان مقامات کو مریخ سے مماثلت رکھنے والے مقامات کے طور پر تسلیم کرنے میں مدد ملی ہے۔

سیاروں کی کھوج کے اس دور میں، جب اس شعبے میں سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، زمین پر ایسے مقامات کی شناخت ایک اہم ضرورت بن گئی ہے،  جو مریخ کے ماحول سے مماثلت رکھتے ہوں۔ حالیہ مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف مداری معلومات کی بنیاد پر مریخ کی معدنیات کی مکمل خصوصیات کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔ ان تحقیقات کے لیے انتہائی درست اور جدید ترین تجزیاتی آلات ضروری ہیں۔

کیرالا یونیورسٹی کے شعبۂ ارضیات میں محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی کے فِسٹ (ڈی ایس ٹی - فِسٹ) پروگرام کے تعاون سے فراہم کردہ لیزر رمن اسپیکٹرومیٹر سمیت جدید آلات کی مدد سے تمل ناڈو کے نیویلی میں میلانٹیرائٹ، جبکہ چلی کے صحرائے اتاکاما اور تمل ناڈو کے تروچیراپلی کے بنجر خطے میں جپسم کی شناخت کی گئی ہے۔ تروچیراپلی کا یہ علاقہ نیم خشک ارضیاتی اور قدیم موسمیاتی خصوصیات کا حامل ہے۔ یہ دونوں معدنیات آبی (ہائیڈرس) سلفیٹ ہیں، جو پانی اور چٹانوں کے باہمی تعامل کے شواہد محفوظ رکھتی ہیں۔ جپسم ماضی میں موجود آبی ماحول کے شواہد فراہم کرتا ہے، جبکہ میلانٹیرائٹ عارضی طور پر نم، تیزابی اور تکسیدی حالات کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ ایسے ہی ارضیاتی عمل ہیں، جن کے مریخ پر وقوع پذیر ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261016154104_008a12.jpg

شکل 1: نیویلی کے لگنائٹ والے طبقے میں موجود مارکاسائٹ سے میلانٹیرائٹ بننے کے عمل کے مختلف مراحل کی عکاسی

اس تحقیق کو کیرالا یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم نے انجام دیا، جس کی قیادت ڈی ایس ٹی- فِسٹ (ایف آئی ایس ٹی) کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر سجن کمار کے ایس نے کی۔ معدنیات کی مخصوص طیفیاتی (اسپیکٹرل ) شناختوں کا پتہ لگانے اور ان کی شناخت کی تصدیق کے لیے ڈی ایس ٹی- فِسٹ کے تعاون سے فراہم کردہ لیزر رمن اسپیکٹرومیٹر استعمال کیا گیا۔ میلانٹیرائٹ سلفائیڈ کے تکسیدی عمل کے ذریعے مختصر مدت کے لیے نم حالات کے شواہد فراہم کرتا ہے۔ یہ عمل مریخ پر سلفیٹ بننے کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب، جپسم ماضی میں پانی کی موجودگی اور اس کی سرگرمیوں کے شواہد محفوظ رکھتا ہے اور اپنی معدنی ساخت میں حیاتیاتی آثار کو بھی محفوظ رکھ سکتا ہے۔ اس طرح، زمین پر پائی جانے والی یہ معدنیات مریخ پر ماضی میں پانی کی موجودگی اور ممکنہ طور پر زندگی کے لیے سازگار ماحول کو سمجھنے میں مفید مماثل نمونے فراہم کرتی ہیں۔

ان نتائج کو سیاروی سائنس کے ایک ممتاز جریدے جرنل آف جیوفزیکل ریسرچ: پلانیٹس میں دو تحقیقی مقالوں کی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261016154111_3667a8.jpg

شکل 2: زمین پر مریخ سے مماثلت رکھنے والے دو مقامات پر جپسم بننے کے مراحل کی خاکہ جاتی وضاحت: (الف) صحرائے اتاکاما، (ب) تروچیراپلی کا بنجر خطہ

تحقیقی ٹیم اب اسی سہولت کو استعمال کرتے ہوئے حیاتیاتی فلکیات کے مطالعات کے لیے ابتدائی زندگی کو سمجھنے کی غرض سے دنیا کے مختلف حصوں میں انتہائی سخت حالات والے نادر مقامات پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، جو مریخ سے مماثلت رکھتے ہیں۔

محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی کے فِسٹ (ڈی ایس ٹی-فِسٹ) پروگرام کے تعاون سے قائم ایسی سہولیات مریخ اور دیگر سیاروی اجسام پر ماضی میں زندگی کے لیے سازگار ماحول کے بارے میں ہماری سمجھ کو بہتر بنا کر سیاروی سائنس کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ پانی کی سرگرمیوں کے شواہد محفوظ رکھنے اور حیاتیاتی آثار کو برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھنے والی معدنیات کی شناخت سے مستقبل کے سیاروی مشنوں  کو ایسے مقامات کی جانب رہنمائی دینے میں بھی مدد مل سکتی ہے، جہاں زمین سے باہر زندگی کے شواہد ملنے کے امکانات زیادہ ہوں۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261016154116_2f2062.jpg

شکل 3: شعبۂ ارضیات میں لیزر رمن آلے کی سہولت، جس کے لیے محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی کے فِسٹ (ڈی ایس ٹی - فِسٹ) پروگرام کے تحت مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔

اشاعتوں کے روابط:

  1. https://agupubs.onlinelibrary.wiley.com/doi/epdf/10.1029/2025JE009544
  2. https://agupubs.onlinelibrary.wiley.com/doi/10.1029/2026JE009913

*********

ش ح۔ م م۔ ق ر

UN-No-6210


(ریلیز آئی ڈی: 2324388) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil