ہنر مندی کے فروغ اور صنعت کاری کی وزارت
نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی نے مہاراشٹر، اوڈیشہ اور جموں و کشمیر کے پانچ آئی ٹی آئی کلسٹروں کے لیے پی ایم-سیتو کے تحت 1,194.92 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی
پانچ آئی ٹی آئی کلسٹروں کی اَپ گریڈیشن کے لیے ٹاٹا اسٹیل فاؤنڈیشن، بی وی جی انڈیا، بیل رائز انڈسٹریز، ایگل انفرا انڈیا اور اِندردیپ انفرا انڈیا شراکت داری کریں گے؛ پی ایم-سیتو کے تحت منظور شدہ مجموعی سرمایہ کاری3,687 کروڑ روپے تک پہنچ گئی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 OCT 2026 3:25PM by PIB Delhi
پردھان منتری اسکلنگ اینڈ ایمپلائ ایبلٹی ٹرانسفرمیشن تھرو اَپ گریڈڈ آئی ٹی آئیز (پی ایم-سیتو) کی چھٹی قومی اسٹیئرنگ کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس آج وزارتِ ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی سکریٹری محترمہ دیباشری مکھرجی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مہاراشٹر، اوڈیشہ اور جموں و کشمیر میں آئی ٹی آئی کلسٹروں کے لیے 1,194.92 کروڑ روپے مالیت کے پانچ اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلانز (ایس آئی پیز)کی منظوری دی۔
ان منظوریوں کے ساتھ، پی ایم-سیتو کے تحت اب تک منظور شدہ مجموعی سرمایہ کاری3,687 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ یہ صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئیز)کو جدید، صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ اور مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار ہنرمندی کے اداروں میں تبدیل کرنے کی حکومتِ ہند کی کوششوں میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔
اس اجلاس میں وزارتِ ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری(ایم ایس ڈی ای)کے سینئر افسران نے شرکت کی، جن میں وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب نرنجن کمار سدھانشو اور جوائنٹ سکریٹری محترمہ مانسی سہائے ٹھاکر شامل تھے۔ ان کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریننگ(ڈی جی ٹی)، ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، صنعتی شراکت داروں، کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں(ایم ڈی بیز)اور پی ایم-سیتو کے نفاذ سے وابستہ دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزارتِ ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی سکریٹری محترمہ دیباشری مکھرجی نے کہا، قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کی جانب سے دی گئی منظوریوں سے پی ایم-سیتو کے نفاذ میں اہم پیش رفت ہوگی۔ ان سے آئی ٹی آئیز کو مضبوط بنانے، تربیت کے معیار کو بہتر بنانے اور صنعتی شعبے کی شمولیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ہم کلسٹروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ آئی ایس او سرٹیفکیشن حاصل کرنے کی سمت کام کریں اور اپنے منظور شدہ نفاذی منصوبوں میں ورلڈ اسکلز کے معیارات سے ہم آہنگ کم از کم ایک تجارتی ہنر یا مہارت کے شعبے کو شامل کریں۔ ہمارا مقصد تربیت کے معیار کو بہتر بنانا اور نوجوانوں کو ایسی مہارتیں فراہم کرنا ہے جو ان کے لیے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کریں۔ جموں و کشمیر کی جانب سے ہونے والی پیش رفت حوصلہ افزا ہے اور اس خطے میں ہنرمندی کی ترقی کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
منظور شدہ اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلانز پر پی ایم-سیتو کے تحت ریاستی حکومتوں، صنعتی شراکت داروں اور شریک آئی ٹی آئیز کے درمیان شراکت داری کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے گا۔ ان منصوبوں میں بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ کورسز متعارف کرانے، تربیت کاروں کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، صنعتی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع یقینی بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
منظور شدہ کلسٹرز کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
اوڈیشہ میں کٹک آئی ٹی آئی کلسٹر کو ٹاٹا اسٹیل فاؤنڈیشن کے اشتراک سے جدید بنایا جائے گا
قومی اسٹیئرنگ کمیٹی نے اوڈیشہ کے کٹک آئی ٹی آئی کلسٹر کے لیے ٹاٹا اسٹیل فاؤنڈیشن کے اشتراک سے 240.50 کروڑ روپے مالیت کے اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلان کی منظوری دی ہے۔
اس کلسٹر میں سرکاری آئی ٹی آئی کٹک کو مرکزی ادارہ (ہب)بنایا گیا ہے، جبکہ مدھوسودن سرکاری آئی ٹی آئی، چودوار؛ سرکاری آئی ٹی آئی، پرادیپ؛ سرکاری آئی ٹی آئی، جاج پور؛ اور سرکاری آئی ٹی آئی، دھین کنال اس سے منسلک اداروں کے طور پر شامل ہوں گے۔
اس منصوبے کا مقصد بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی پروگرام متعارف کرانا اور صنعتی شعبے کے ساتھ روابط کو فروغ دینا ہے، تاکہ خطے میں ہنرمندی کی ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
بی وی جی انڈیا کے اشتراک سے پونے آئی ٹی آئی کلسٹر کو جدید بنایا جائے گا
قومی اسٹیئرنگ کمیٹی نے مہاراشٹر کے پونے آئی ٹی آئی کلسٹر کے لیے241 کروڑ روپے مالیت کے اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلان کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے پر بی وی جی انڈیا لمیٹڈ، بی وی جی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے تشکیل دیے گئے کنسورشیم کے ذریعے عمل درآمد کیا جائے گا۔
اس کلسٹر میں سرکاری آئی ٹی آئی آوندھ، پونے کو مرکزی ادارہ (ہب)بنایا گیا ہے، جبکہ سرکاری آئی ٹی آئی آوندھ (خواتین)، سرکاری آئی ٹی آئی پمپری چنچوڑ، سرکاری آئی ٹی آئی کھیڑ(راج گرو نگر)اور سرکاری آئی ٹی آئی مُلشی اس سے منسلک اداروں کے طور پر شامل ہوں گے۔
بیل رائز انڈسٹریز کے اشتراک سے چھترپتی سمبھاجی نگر آئی ٹی آئی کلسٹر کو جدید بنایا جائے گا
کمیٹی نے مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر آئی ٹی آئی کلسٹر کے لیے بیل رائز انڈسٹریز لمیٹڈ کے اشتراک سے 238.01 کروڑ روپے مالیت کے اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلان کی منظوری دی ہے۔
اس کلسٹر میں سرکاری آئی ٹی آئی چھترپتی سمبھاجی نگر کو مرکزی ادارہ (ہب) بنایا گیا ہے، جبکہ سرکاری آئی ٹی آئی پیتھن، سرکاری آئی ٹی آئی خلت آباد، سرکاری آئی ٹی آئی پھلمبری اور سرکاری آئی ٹی آئی گنگاپور اس سے منسلک اداروں کے طور پر شامل ہوں گے۔
ایگل انفرا انڈیا کے اشتراک سے جموں آئی ٹی آئی کلسٹر کو جدید بنایا جائے گا
کمیٹی نے مرکز کے زیرِ انتظام علاقے جموں و کشمیر کے جموں آئی ٹی آئی کلسٹر کے لیے ایگل انفرا انڈیا لمیٹڈ کے اشتراک سے 240 کروڑ روپے مالیت کے اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلان کی منظوری دی ہے۔
اس کلسٹر میں سرکاری آئی ٹی آئی جموں کو مرکزی ادارہ (ہب)بنایا گیا ہے، جبکہ سرکاری آئی ٹی آئی آر ایس پورہ، سرکاری آئی ٹی آئی نوشہرہ، سرکاری آئی ٹی آئی سانبا اور سرکاری آئی ٹی آئی کٹھوعہ اس سے منسلک اداروں کے طور پر شامل ہوں گے۔
اندردیپ انفرا انڈیا کے اشتراک سے سری نگر آئی ٹی آئی کلسٹر کو جدید بنایا جائے گا
قومی اسٹیئرنگ کمیٹی نے جموں و کشمیر کے سری نگر آئی ٹی آئی کلسٹر کے لیے اِندردیپ انفرا انڈیا لمیٹڈ کے اشتراک سے 235.41 کروڑ روپے مالیت کے اسٹریٹجک انویسٹمنٹ پلان کی بھی منظوری دی ہے۔
اس کلسٹر میں سرکاری آئی ٹی آئی سری نگر کو مرکزی ادارہ بنایا گیا ہے، جبکہ سرکاری آئی ٹی آئی گاندربل، سرکاری آئی ٹی آئی کنگن، سرکاری آئی ٹی آئی بڈگام اور سرکاری آئی ٹی آئی چرارِ شریف اس سے منسلک اداروں کے طور پر شامل ہوں گے۔
پی ایم-سیتو کے جزو دوم کے تحت تربیت کاروں کی تربیت کے پروگرام میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
قومی اسٹیئرنگ کمیٹی نے پی ایم-سیتو اسکیم کے جزو دوم کے تحت تربیت کاروں کی تربیت (ٹی او ٹی)کے پروگرام میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس پروگرام کا مقصد ایسے تربیت کاروں کا ایک مضبوط نیٹ ورک تیار کرنا ہے جو صنعت کی ضروریات کے مطابق ہوں اور جدید تکنیکی مہارتوں اور تدریسی صلاحیتوں سے لیس ہوں۔
اکتوبر2026 تک، قومی ہنرمندی تربیتی اداروں (این ایس ٹی آئیز)کے ذریعے اس پروگرام کے تحت 3,744 تربیت کاروں کو تربیت دی جا چکی ہے۔




*******
) ش ح – رک )
U.NO- 6209
(ریلیز آئی ڈی: 2324389)
وزیٹر کاؤنٹر : 18