پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 OCT 2026 7:33PM by PIB Delhi
قبائلی امور کی وزارت، قومی درج فہرست قبائل مالیات و ترقیاتی کارپوریشن (ین ایس ٹی ایف ڈی سی) کے ذریعے، اڈیشہ کے رورکیلا میں قائم روزگار اور کاروبار کے فروغ کے مرکز کے ذریعے درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے فروغ اور کاروبار کے قیام کی ترقی میں معاونت کر رہی ہے۔
22.10.2026 کو قبائلی امور کی وزارت کے تحت قومی درج فہرست قبائل مالیات و ترقیاتی کارپوریشن، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی وزارت (ایم ایس ایم ای) کے تحت قومی ہنرمندی ترقیاتی کارپوریشن ( این ایس آئی سی) اور فولاد کی وزارت کے تحت اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ کے رورکیلا اسٹیل پلانٹ (آر ایس پی، رورکیلا) کے درمیان سہ فریقی مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔
ہنرمندی کی ترقی اور پائیدار ذرائع معاش پر توجہ:
کسی برادری کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کا عمل اسی وقت زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے، جب ضروری ہنر فراہم کرکے ان کی صلاحیتوں اور طریقۂ کار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ درج فہرست قبائل کے درمیان پائیدار ذرائع معاش کے نظام قائم کرنے کے لیے ہنر اور علم میں اضافے کو مالی اعانت کے ڈھانچے سے گہرائی کے ساتھ مربوط کرنا ضروری ہے۔ مخصوص پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے لیے صلاحیت سازی اور مارکیٹنگ و برانڈنگ کے مالی پہلوؤں سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کرنا نئے کاروباری افراد کی اہم ضرورت ہے۔
رورکیلا میں روزگار اور کاروبار کے فروغ کا مرکز:
اڈیشہ کے رورکیلا میں 2018 میں روزگار اور کاروبار کے فروغ کا مرکز قائم کیا گیا، جسے قبائلی امور کی وزارت نے مرکزِ امتیاز کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ یہ اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ یہ بھارت سرکار کی 3 وزارتوں اور ان کے تحت کام کرنے والے 3 مرکزی سطح کے اعلیٰ سرکاری اداروں کی ایک منفرد مشترکہ کوشش ہے۔ ان میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی وزارت (ایم ایس ایم ای) کے تحت قومی ہنرمندی ترقیاتی کارپوریشن (این ایس آئی سی)، فولاد کی وزارت کے تحت اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ کا رورکیلا اسٹیل پلانٹ (آر ایس پی، رورکیلا) اور قبائلی امور کی وزارت کے تحت قومی درج فہرست قبائل مالیات و ترقیاتی کارپوریشن (ین ایس ٹی ایف ڈی سی) شامل ہیں۔
تربیت اور کاروباری صلاحیتوں کی ترقی:
اس مرکز کا بنیادی مقصد مقامی درج فہرست قبائل کے نوجوانوں کو تربیت، ہنرمندی کی ترقی اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے پروگرام فراہم کرنا ہے، تاکہ پائیدار کاروباری اداروں کے قیام کو فروغ دیا جا سکے۔ تربیت اور مسلسل رہنمائی و معاونت کے اشتراک سے اعتماد میں اضافہ، پیداواری صلاحیت میں بہتری اور ذرائع معاش کی مناسب تخلیق کے ذریعے نوجوانوں کو صحیح سمت فراہم کرنا اس کا مقصد ہے۔
موجودہ سال میں درج فہرست قبائل کی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے معاون ماہرِ آرائش، خود روزگار درزی، معاون کمپیوٹر آپریٹر (یلی اور حساب داری)، معاون الیکٹریشن، ڈبل روٹی اور بیکری مصنوعات کی تیاری اور کھمبی کی کاشت کے کورس شامل ہیں۔
اس کے مطابق، رورکیلا اسٹیل پلانٹ کی جانب سے جگہ فراہم کی جانی ہے، ایم ایس ایم ای کی ایسپائر اسکیم کے تحت مشینیں اور آلات نصب کیے گئے ہیں، جب کہ مرکز کے روزمرہ اخراجات قبائلی امور کی وزارت سے ملنے والی امداد کے ذریعے این ایس ٹی ایف ڈی سی برداشت کر رہی ہے۔
مرکز میں ویلڈنگ ٹیکنالوجی، فرنیچر سازی، سویا دودھ نکالنے، ٹوفو کی پیکنگ، آرائش و زیبائش اور ڈبل روٹی و بیکری مصنوعات کی تیاری جیسے مختلف کورسوں میں تربیت فراہم کی گئی۔ مرکز کی جانب سے ممکنہ تربیت حاصل کرنے والوں میں بیداری پیدا کی جا رہی ہے۔ اس مرکز سے 600 سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں اور انہوں نے بیکری، کھمبی کی کاشت، بیوٹی پارلر، درزی گری وغیرہ جیسے مختلف شعبوں میں اپنے کاروبار قائم کیے ہیں۔
تقریب میں موجود افسران:
قبائلی امور کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری اور این ایس ٹی ایف ڈی سی کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر جناب ٹی۔ روموان پائٹے نے تقریب کی رونق بڑھائی۔ ان کے ساتھ جناب کنج بہاری، کمپنی سکریٹری، محترمہ بِسمیتا داس، ایڈیشنل جنرل منیجر (منصوبے و کارپوریٹ سماجی ذمہ داری) اور جناب سنیل ساہو، چیف زونل منیجر، مشرقی زون بھی موجود تھے۔
اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا لمیٹڈ کی جانب سے جناب تپن کمار جی۔ کینیکر، چیف جنرل منیجر (ٹی ایس و سی ایس آر) اور جناب آر۔ ایس۔ بورا، ڈپٹی جنرل منیجر (سی ایس آر)؛ جب کہ این ایس آئی سی کی جانب سے جناب او۔ پی۔ سنگھ، سینئر جنرل منیجر (تکنیکی تربیت و ترقیاتی شعبہ اور ایس بی یو سربراہ) اور جناب مارکنڈے کمار، چیف منیجر تقریب میں موجود تھے۔
مرکز کے کام کاج پر تبادلۂ خیال:
تربیت حاصل کرنے والوں اور اساتذہ کے ساتھ تبادلۂ خیال کا اجلاس منعقد ہوا، نیز مرکز کے کام کاج سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کے لیے این ایس آئی سی کے افسران کے ساتھ میٹنگ کی گئی۔ امیدواروں کو تربیت کے لیے راغب کرنے، موجودہ تربیتی ماڈیولز کے کام کاج اور تربیت حاصل کرنے والوں کی پیش رفت سے متعلق دیگر امور پر آئندہ کی حکمت عملیوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-6531