نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت کھیلوں کو ڈوپنگ سے پاک رکھنے کے لیے پُرعزم ہے: یونیسکو کے کھیلوں میں ڈوپنگ کے خلاف بین الاقوامی کنونشن کے تحت کوپ 10بیورو کی میٹنگ  میں  ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ کا بیان


ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا کہ’’بھارت  ڈوپنگ کی روک تھام کے قومی ایکٹ میں مزید ترامیم کرے گا جن  کے ذریعے فوجداری دفعات متعارف کرائی جائیں گی‘‘

 ڈوپنگ کی روک تھام کی قومی ایجنسی (این اے ڈی اے )نے 2025-26 میں 7,000 سے زیادہ ڈوپ ٹیسٹ کیے، بیداری کے لیے 350 سے زیادہ سیشن منعقد کیے اور 27,000 سے زائد افراد تک رسائی حاصل کی؛ ’نو   یور میڈیسن‘ ایپ پر پانچ لاکھ سے زیادہ  مرتبہ معلومات تلاش کی گئیں:کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 OCT 2026 3:06PM by PIB Delhi

نوجوانوں کے امور اور کھیلوں  کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے نئی دہلی میں کھیلوں میں ڈوپنگ کے خلاف یونیسکو کے بین الاقوامی کنونشن کے تحت کوپ 10 بیورو کی تیسر ی  باضابطہ میٹنگ  اور 2026-27 کے لیے فنڈ کی منظوری کمیٹی کے چوتھے باضابطہ اجلاس کی صدارت کی۔

ڈاکٹر مانڈویہ نے بیورو کو یقین دلایا کہ بھارت کھیلوں کو ڈوپنگ سے پاک رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ’’بھارت کا پختہ یقین ہے کہ کھیلوں میں بہترین کارکردگی کے ساتھ ہمیشہ دیانت داری بھی ہونی چاہیے۔ ہر کھلاڑی کو منصفانہ طور پر مقابلہ کرنے کا موقع ملنا چاہیے، جہاں کامیابی کا تعین ممنوعہ مادّوں یا طریقوں کے بجائے صلاحیت، تیاری اور سخت محنت کی بنیاد پر ہو۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی نے کھیلوں کو ڈوپنگ سے پاک رکھنے اور اس لعنت کے تئیں بالکل بھی  برداشت  نہ کرنے کی پالیسی اپنانے کی ضرورت پر مسلسل زور دیا ہے۔‘‘

 

 

کھیلوں  کے مرکزی وزیر نے ڈوپنگ کی انسداد کے قومی  ایکٹ 2022 اور اس میں 2025 کی ترمیم کے ذریعے بھارت کے انسدادِ ڈوپنگ نظام کو مضبوط بنانے پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ ’’بھارت نے ڈوپنگ کی انسداد کے قومی  ایکٹ 2022 اور اس میں 2025 کی ترمیم کے ذریعے اپنے قانونی اور ادارہ جاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ یہ دونوں ایکٹ جولائی 2026 میں نافذ العمل ہوئے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس میں ایک اور ترمیم بھی پیش کریں گے، جس کا مقصد خلاف ورزیوں سے زیادہ مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فوجداری دفعات متعارف کرانا ہے۔ ان خلاف ورزیوں میں کوچز اور سپلائی چین سے وابستہ متعلقہ فریقوں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیاں بھی شامل ہوں گی۔‘‘

 کھیلوں کے مرکزی وزیر  نے ڈوپنگ کی روک تھام اور کھلاڑیوں کو ممنوعہ منشیات  یا نشیلے مادوں کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے بھارت کی جانب سے پہلے ہی  کیے  گئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔

ڈاکٹر مانڈویہ نے کہا کہ 2025-26 کے دوران نیشنل اینٹی ڈوپنگ ایجنسی آف انڈیا نے 7,000 سے زائد ڈوپ ٹیسٹ کیے اور تعلیم و بیداری کے 350 سے زیادہ سیشن منعقد کیے، جن کے ذریعے 27,000 افراد تک رسائی حاصل کی گئی۔ اس دوران خطرات کی بنیاد پر جانچ اور خفیہ معلومات پر مبنی تحقیقات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نو یور میڈیسن موبائل ایپلی کیشن پر پانچ لاکھ سے زیادہ بار معلومات تلاش کی جا چکی ہیں، جس سے ادویات کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

ڈاکٹر مانڈویہ نے نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت، وزارتِ تعلیم اور یونیسکو کے درمیان مفاہمت نامے پر  جلد دستخط کیے جانے کو بھی اجاگر کیا، جس کے تحت بھارت میں ہر کلاس روم میں کھیلوں کی اقدارٹول کٹ متعارف کرائی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد کھیلوں سے وابستہ اقدار، اخلاقیات اور دیانت داری کو کلاس رومز تک پہنچانا اور لاکھوں نوجوان ذہنوں تک رسائی حاصل کرنا ہے۔

اس اجلاس کا مقصد ڈوپنگ کے خلاف عالمی سطح پر تعاون کو فروغ دینا اور کنونشن پر عمل درآمد کو مزید مستحکم بنانا تھا۔ تبادلۂ خیال میں ایک ایسے فریم ورک دستاویز پر توجہ مرکوز کی گئی، جس میں عالمی انسدادِ ڈوپنگ نظام میں سرکاری حکام کے کردار اور ذمہ داریوں کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ،  ضابطوں کی تعمیل سے متعلق قومی پلیٹ فارم  کے ذریعے رکن ممالک کے ساتھ رابطے کے ذریعہ انسدادِ ڈوپنگ سے متعلق تعلیم کی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور علمی تحقیق کو فروغ دینے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں وسائل کو متحرک کرنا، کھیلوں میں ڈوپنگ کے خاتمے کے فنڈ کی 2026-2031 کے لیے عملی حکمتِ عملی، ضابطوں کی تعمیل اور صلاحیت سازی جیسے امور بھی شامل تھے، جن کا مقصد ایک پائیدار عالمی انسدادِ ڈوپنگ نظام کو تقویت دینا ہے۔

افتتاحی اجلاس میں جمہوریہ آذربائیجان کے نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے  وزیر اور کوپ 10 بیورو کے چیئرمین جناب فرید غائیبوف؛ کھیلوں میں ڈوپنگ کے خاتمے کے فنڈ کی منظوری کمیٹی کے چیئرمین جناب لیوک میک کین؛ حکومتِ ہند کے سکریٹری (کھیل کود)اور کوپ 10 بیورو کے نائب چیئرمین جناب ہری رنجن راؤ؛ یونیسکو میں سماجی پالیسیوں اور شمولیت کے ڈائریکٹر جناب گُستاوو میرینو؛ نیز زامبیا، مملکتِ اسپین اور روسی وفاق سے تعلق رکھنے والے کوپ 10 بیورو اور فنڈ کی منظوری کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

یہ مشترکہ میٹنگ  عالمی سطح پر کھیلوں کے انتظام میں  بھارت کی فعال شرکت کی  عکاس ہے۔ بھارت گروپ IV کی نمائندگی کرتے ہوئے نائب چیئرمین کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ میٹنگ کھیلوں میں اخلاقی اصولوں پر مبنی طریقۂ کار کو فروغ دینے اور کھیلوں میں ڈوپنگ کے خلاف یونیسکو کے بین الاقوامی کنونشن جیسے عالمی فریم ورک کی حمایت کرنے کے بھارت کے عزم کو بھی  اجاگر کرتی ہے۔

***

ش ح۔م ع۔ م ذ

U N-6758


(ریلیز آئی ڈی: 2329020) وزیٹر کاؤنٹر : 7