پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 OCT 2026 4:52PM by PIB Delhi
ہندوستانی بحریہ کے پہلے تربیتی اسکواڈرن(آئی ٹی ایس ) کے جہاز، آئی این ایس تیر، آئی این ایس سجاتا اور ہندوستانی کوسٹ گارڈ کا جہاز آئی سی جی ایس سارتھی 26 اکتوبر- 2026 کو سری لنکا کے شہر کولمبو پہنچے۔ سری لنکا کی بحریہ نے بحری بینڈ کی موجودگی میں ان جہازوں کا رسمی استقبال کیا گیا، جس کے ساتھ ہی بندرگاہ کا دورہ شروع ہوا۔ اس دورے سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور پہلے تربیتی اسکواڈرن کے ساتھ تربیت حاصل کرنے والے بحری زیرتربیت اہلکاروں کے ساتھ تبادلۂ خیال کے مواقع فراہم ہوں گے۔
آمد کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف نیول ٹریننگ اور سری لنکن بحریہ کے کمانڈر، ایسٹرن نیول ایریا نے جہازوں پر موجود زیرتربیت بحری اہلکاروں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے ذریعے تربیت حاصل کرنے والے اہلکاروں سے براہ راست رابطے اور بحری تربیت کے پیشہ ورانہ پہلوؤں پر خیالات کے تبادلے کا موقع ملا۔
بندرگاہ پر قیام کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج کے اہلکار مختلف پیشہ ورانہ اور تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ ان میں ایک دوسرے کے جہازوں کے تربیتی دورے اور مشترکہ بحری مشق-پیسیج ایکسرسائز-پی اے ایس ایس ای ایکس شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں سے اہلکاروں کو پیشہ ورانہ معلومات کا تبادلہ کرنے اور ایک دوسرے کے طریق کار اور عملی ضوابط سے واقفیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور دونوں بحری افواج کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
اس دورے کے دوران مقامی برادری سے روابط بڑھانے کی سرگرمیاں اور عوام کے لیے بحری جہازوں کے دورے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ان سرگرمیوں سے مقامی آبادی کے ساتھ میل جول اور ہندوستانی بحریہ کے جہازوں اور تربیتی سرگرمیوں سے واقفیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔
یہ دورہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری اور پیشہ ورانہ روابط و تعاون کے لیے دونوں بحری افواج کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ دورہ ہندوستان کے ویژن مہاساگر (مہاساگر-میوچوول اینڈ ہولسٹک ایڈوانسمنٹ فار سکیورٹی اینڈ گروتھ ایکروس ریجن) سے بھی مطابقت رکھتا ہے، جو باہمی تعاون، بحری سلامتی اور علاقائی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیتا ہے۔



*****
ش ح-ظ الف-ج
UR No. 6771