پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 OCT 2026 4:43PM by PIB Delhi
ایان (بدلا ہوا نام) کا سفر، نشے کی لت سے نجات کے عمل میں بروقت علاج، پیشہ ورانہ مشاورت اور اہلِ خانہ کی مسلسل معاونت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ جموں و کشمیر کے جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ گریجویٹ ایان کی کامیابی کی داستان ہے، جنھیں دوستوں کے دباؤ میں آکر ابتدا میں بھنگ کے استعمال کے بعد نشہ آور اشیا کے استعمال کی لت سے طویل عرصے تک جدوجہد کرنی پڑی تھی۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کا نشہ آور اشیا کا استعمال ہیروئن کی لت میں تبدیل ہوگیا، جو تقریباً پانچ سال تک جاری رہا۔ اس کے نتیجے میں ان کی جسمانی و ذہنی صحت، خاندانی تعلقات اور مستقبل کے عزائم بے حد متاثر ہوئے۔
طویل عرصے تک اس مسئلے سے نبرد آزما رہنے کے باعث وہ سماجی میل جول سے دور رہنے لگے، ان کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت اور کام کرنے کا جذبہ کم ہوگیا اور خود اعتمادی بھی متاثر ہوئی۔ اس صورت حال نے ان کے اہلِ خانہ پر جذباتی اور مالی دباؤ کو بھی بڑھا دیاتھا۔ نشے کے باعث ان کے رویے میں آنے والی تبدیلیوں نے کنبے کے اعتماد کو متاثر کیا اور رشتوں میں تناؤ پیدا کیا۔ اہلِ خانہ کے تعاون سے انھیں پیشہ ورانہ علاج اور صحت یابی کے سفر کا آغاز کرنے کے لیے کلگام کے نشہ چھڑانے کے مرکز (اے ٹی ایف) بھیجا گیا۔
کلگام کے نشہ چھڑانے کے مرکز میں انھیں طبی علاج اور نگرانی میں نشے سے چھٹکارا پانے کے لیے ضروری نگہداشت فراہم کی گئی، جس کے ساتھ باقاعدگی سےان کی نفسیاتی مشاورت بھی کی گئی۔ علاج کے اس عمل میں دوبارہ نشے کی لت میں مبتلا ہونے سے بچاؤ، مشکل حالات سے صحت مند انداز میں نمٹنے، جذبات پر قابو پانے، فیصلہ سازی کی صلاحیت بہتر بنانے اور خود اعتمادی بحال کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
حوصلہ افزائی پر مبنی مشاورت اور رویے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے فراہم کی جانے والی معاونت نے انھیں نشے پر انحصار سے نجات پانے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی جانب آگے بڑھنے میں مدد دی۔

طبی ٹیم، مشیروں اور ان کے اہلِ خانہ کی مشترکہ کوششوں نے ان کی صحت یابی کے عمل کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کیا۔ باقاعدہ نگرانی اور بحالی کے لیے سازگار ماحول نے انھیں زندگی میں استحکام حاصل کرنے اور دوبارہ سماجی زندگی سے جڑنے میں بھی مدد دی۔
آج وہ زیادہ صحت مند اور بامقصد زندگی گزار رہے ہیں، ان کی خود اعتمادی بحال ہوچکی ہے، وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ اعتماد کے رشتے کو دوبارہ مضبوط بنا رہے ہیں اور اپنے روشن مستقبل پر بھی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
کلگام کے نشہ چھڑانے کے مرکز کا یہ تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ قابلِ رسائی علاج، مشاورت اور بحالی کی سہولیات کس طرح افراد کو نشے پر انحصار سے نکلنے اور نئی امید جگانے اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کی راہ پر گامزن ہونے میں مدد دے سکتی ہیں۔
کامیابی کی یہ داستان اس بات کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے کہ نشے کے مسئلے سے متاثرہ افراد کو کسی خوف یا ہچکچاہٹ کے بغیر پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنے کی ترغیب دی جائے اور انھیں سماجی بدنامی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کا سفر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ بروقت کارروائی، ہمدردانہ تعاون اور صحت یابی کے لیے مسلسل عزم نئی زندگی کی شروعات کو ممکن بنا سکتے ہیں۔
**********
ش ح۔۔ ش م۔ ر ب
U-6769