سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شلپ سنگم میلہ 2026 یکم سے 15 نومبر تک نئی دلی کے دلی ہاٹ میں منعقد ہوگا


’’روشنی اور روایت — ایک چراغ سے دوسرا چراغ روشن کریں‘‘ کے موضوع کے تحت ہندوستان کے روایتی دستکاری کے فنون، تہواروں کی روشنیوں اور ثقافتی ورثے کا جشن منایا جائے گا

سات موضوعاتی زون کے ذریعے دستکاروں کی مصنوعات، روایتی دستکاری اور ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 OCT 2026 5:18PM by PIB Delhi

پندرہ روزہ شلپ سنگم میلہ 2026 قومی دارالحکومت نئی دلی کے دلی ہاٹ، آئی این اے میں یکم سے 15 نومبر 2026 تک منعقد کیا جائے گا۔ اس میلے کا اہتمام مرکزی وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کر رہی ہے۔

’’روشنی اور روایت — ایک چراغ سے دوسرا چراغ روشن کریں‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والے اس میلے میں دستکاروں کی مصنوعات، دستکاری کے عملی مظاہروں اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے ہندوستان کے روایتی دستکاری کے فنون، تہواروں کی روشنیوں اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261027172046_505e77.jpg

وزارت کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ میلہ وزارت کی ان کوششوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد  ترقی کے خواہش مند طبقات اور برادریوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں، ہنر اور روایتی دستکاری کے فن کا مظاہرہ کر سکیں۔ اس کے ساتھ ہی انہیں اپنی مصنوعات وسیع تر حلقۂ صارفین تک پہنچانے اور ان کی فروخت کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2022 سے اب تک شلپ سنگم میلوں سے 1,000 سے زائد دستکار مستفید ہو چکے ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image002_20261027172053_e78c22.jpg

افسر نے بتایا کہ اس سال محکمۂ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات اور محکمۂ بااختیاری برائے معذور افراد پہلی بار مشترکہ طور پر شلپ اتسو کا اہتمام کریں گے، جس میں بھارت ٹولیپ اور پرپل فیسٹ کے تحت تقریباً 150 اسٹال لگائے جائیں گے۔ اس اشتراک کے ذریعے روایتی دستکاروں، تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد اور شمولیتی شرکت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے گا۔

وزارت کے افسر نے بتایا کہ اس میلے کو سات موضوعاتی زون میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ہندوستان کے دستکاری کے فنون، روایات، کھانوں اور ثقافتی رنگا رنگی کو پیش کیا جائے گا۔ کلا آنگن میں دستکاری کے عملی مظاہرے ہوں گے؛ پرکاش چوک میں چراغوں اور روشنیوں کی نمائش کی جائے گی؛ پوجا پتھ میں پوجا پاٹھ سے متعلق مصنوعات پیش کی جائیں گی؛ سجاوٹ بازار میں گھر کی آرائش و زیبائش کی اشیا رکھی جائیں گی؛ گھرانا میں کپڑوں اور فیشن کی مصنوعات پیش کی جائیں گی؛ سواد چوک میں مختلف کھانے دستیاب ہوں گے؛ جبکہ منچ میں ثقافتی سرگرمیوں اور فنونِ لطیفہ کے مظاہروں کا اہتمام کیا جائے گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image003_20261027172100_3c9900.jpg

افسر نے مزید بتایا کہ بھارت ٹولیپ (روایتی دستکاروں کی ترقی اور ذریعۂ معاش کا پروگرام) ایک ایسی پہل ہے جس کا مقصد ترقی کے خواہش مند طبقات کی تیار کردہ مصنوعات کو ای کامرس پلیٹ فارموں کے ذریعے ہندوستان اور بیرونِ ملک صارفین تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کا مقصد معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے روایتی فنون اور دستکاری کے تحفظ میں بھی تعاون کرنا ہے۔

 

وزارت کے افسر نے بتایا کہ پرپل فیسٹ معذوری، تخلیقی صلاحیتوں، ہنر اور مساوی شرکت کا ایک ہمہ جہت جشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں معذور افراد، تنظیموں، اداروں، کاروباری حلقوں، فنکاروں، پیشہ ور افراد اور دیگر متعلقہ فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جاتا ہے تاکہ کامیابیوں کا جشن منایا جا سکے، شرکت کی حوصلہ افزائی ہو اور شمولیت کے تصور کو بہتر طور پر سمجھنے اور فروغ دینے میں مدد ملے۔

شلپ سنگم میلہ 2026 کے ذریعے وزارت کا مقصد روایتی دستکاروں اور ان کی مصنوعات کو زیادہ نمایاں مقام فراہم کرنا، ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے کا جشن منانا اور دستکاری، تخلیقی صلاحیتوں اور شمولیتی شرکت کے حوالے سے عوامی سطح پر وسیع تر دلچسپی اور شرکت کو فروغ دینا ہے۔

****

ش ح۔ ا ع خ۔ خ م

U.NO.6776


(ریلیز آئی ڈی: 2329100) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी