وزارت سیاحت
azadi ka amrit mahotsav

توانگ میں29 سے 31 اکتوبر 2026 تک 14ویں بین الاقوامی ٹورازم مارٹ کے انعقاد  کا اعلان


وزارت سیاحت شمال مشرقی خطے کی سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اروناچل پردیش میں تین روزہ ٹورازم مارٹ کا انعقاد کرے گی

اس ٹورازم مارٹ میں ملکی اور بین الاقوامی خریداروں اور فروخت کنندگان سمیت200 سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے

شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے سیاحت کا علاقائی اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس کی صدارت مرکزی وزیر برائے سیاحت و ثقافت کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 OCT 2026 9:50AM by PIB Delhi

حکومت ہند کی وزارت سیاحت، حکومت اروناچل پردیش اور شمال مشرقی خطے کی دیگر ریاستوں کے اشتراک سے 29 سے 31 اکتوبر 2026 تک اروناچل پردیش کے توانگ میں شمال مشرقی خطے کے لیے 14ویں بین الاقوامی ٹورازم مارٹ(آئی ٹی ایم) کا انعقاد کر رہی ہے۔ یہ تین روزہ تقریب ہوٹل ویوانتا، توانگ میں منعقد ہوگی، جس میں ملکی اور بین الاقوامی سیاحت سے وابستہ متعلقہ فریق شرکت کریں گے۔ اس تقریب کا مقصد خطے کی متنوع سیاحتی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور کاروباری شراکت داریوں کو مضبوط بنانا ہے۔

مورخہ 29 اکتوبر 2026 کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر برائے سیاحت و ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت، وزیر مملکت برائے سیاحت اور پٹرولیم و قدرتی گیس جناب سریش گوپی اور اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو شرکت کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں نارتھ ایسٹ بازار کا افتتاح اور خطے کی مالا مال ثقافتی روایات کو اجاگر کرنے والے ثقافتی پروگرام بھی شامل ہوں گے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/1_20261028095148_5c036b.jpg

بین الاقوامی ٹورازم مارٹ، وزارت سیاحت کا ایک سالانہ اہم پروگرام ہے، جس کا مقصد شمال مشرقی خطے کو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینا ہے۔ یہ مارٹ سیاحت سے وابستہ کاروباری اداروں، کاروباری افراد، ٹور آپریٹرز، سرکاری ایجنسیوں، ذرائع ابلاغ اور دیگر متعلقہ فریقوں کو باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنے، سیاحتی روابط مضبوط بنانے اور خطے کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور مہم جوئی پر مبنی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

 چودہویں بین الاقوامی ٹورازم مارٹ میں ملکی اور بین الاقوامی خریداروں اور فروخت کنندگان سمیت200 سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔ اس تقریب میں22 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 43 بین الاقوامی خریداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ ان ممالک میں آسٹریلیا، بھوٹان، فرانس، جرمنی، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، ملیشیا، فلپائن، پولینڈ، روس، سنگاپور، جنوبی کوریا، سری لنکا، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ اس مارٹ میں ملکی خریداروں، سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں اور شمال مشرقی خطے کی آٹھ ریاستوں کے فروخت کنندگان کو بھی یکجا کیا جائے گا، جس سے کاروباری روابط اور باہمی تعاون کے مواقع کو فروغ ملے گا۔

اس مارٹ میں شمال مشرقی خطے کی تمام آٹھ ریاستوں،یعنی اروناچل پردیش، آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، سکم اور تری پورہ کے سیاحتی مقامات اور سیاحتی مصنوعات سے متعلق پریزنٹیشنز پیش کی جائیں گی۔ ان پریزنٹیشنز میں ہر ریاست کے منفرد سیاحتی مقامات، تجربات اور سہولیات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ شمال مشرقی خطے کے مشترکہ سیاحتی سرکٹس اور مصنوعات کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔

اس تقریب میں30 اکتوبر 2026 کو کاروبار سے کاروبار(بی2بی) کے اجلاس بھی منعقد ہوں گے، جن کے ذریعے ملکی اور بین الاقوامی خریداروں اور شمال مشرقی خطے کے سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کے درمیان منظم کاروباری روابط قائم کیے جائیں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد کاروباری شراکت داری کو فروغ دینا، سیاحتی مصنوعات تیار کرنا اور خطے کے سیاحتی کاروباری افراد اور خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے منڈیوں تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔

مارٹ کے دوران منعقد ہونے والے تکنیکی اجلاسوں میں شمال مشرقی خطے میں سیاحت کی ترقی کے اہم پہلوؤں پر توجہ دی جائے گی۔ ان میں شمال مشرقی خطے میں براہ راست تقریبات اور کنسرٹس پر مبنی معیشت کو فروغ دینے سے متعلق مباحثے شامل ہوں گے، جن کی قیادت وزارت اطلاعات و نشریات کرے گی۔ اس کے علاوہ خطے کے محفوظ اور محدود رسائی والے علاقوں تک سیاحوں کی رسائی کو آسان بنانے کے موضوع پر بھی اجلاس ہوگا، جس کی قیادت وزارتِ داخلہ کرے گی۔ رائل اینفیلڈ کی جانب سے ’’منزلوں سے آگے: شمال مشرقی ہندوستان میں یادگار اور منفرد سیاحتی سفروں کی تشکیل‘‘ کے عنوان سے ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی جائے گی، جس میں خطے میں تجربات پر مبنی سیاحت کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس تقریب میں نارتھ ایسٹ بازار بھی منعقد ہوگا، جس میں خطے کے روایتی فنون، دستکاری، ٹیکسٹائل اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔ ثقافتی پروگراموں اور علاقائی پکوانوں کے ذریعے مندوبین کو شمال مشرقی خطے کی آٹھوں ریاستوں کی منفرد روایات اور متنوع کھانوں سے واقف ہونے کا موقع بھی ملے گا۔

مارٹ کے تحت توانگ اور اس کے آس پاس کے اہم سیاحتی مقامات کے تکنیکی دوروں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان مقامات میں توانگ خانقاہ، جسونت گڑھ جنگی یادگار، جنگ آبشار، توانگ جنگی یادگار، اُرگیلنگ گومپا (چھٹے دلائی لامہ کی جائے پیدائش)، بدھ پارک، پانکانگ ٹینگ تسو (PTSO) جھیل اور شیرنوپ گاؤں شامل ہیں۔ ان دوروں سے شرکاء کو خطے کے روحانی ورثے، قدرتی مناظر، مقامی روایات اور دیہی سیاحت کے تجربات سے براہِ راست واقفیت حاصل ہوگی۔ بین الاقوامی مندوبین کے لیے تعارفی سیاحتی دوروں کا آغاز بھی یکم نومبر 2026 کو گوہاٹی سے کرنے کا منصوبہ ہے۔

مارٹ کے ضمنی پروگراموں کے تحت 30 اکتوبر 2026 کو شمال مشرقی ریاستوں کے وزرائے سیاحت کا علاقائی اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس کی صدارت مرکزی وزیر برائے سیاحت و ثقافت کریں گے۔ اس اجلاس میں شمال مشرقی خطے میں سیاحت کی ترقی کو مضبوط بنانے اور ریاستوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

بین الاقوامی ٹورازم مارٹ کا 14واں ایڈیشن 13 سال بعد دوبارہ اروناچل پردیش کے توانگ میں منعقد ہو رہا ہے۔ توانگ میں اس سے قبل 2013 میں اس مارٹ کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کی گئی تھی۔ اس مارٹ کا گزشتہ ایڈیشن نومبر 2025 میں سکم کے شہر گنگٹوک میں منعقد ہوا تھا۔

*****

ش ح-ظ الف- ع ن

UR No. 6799


(ریلیز آئی ڈی: 2329304) وزیٹر کاؤنٹر : 10
یہ ریلیز پڑھیں: English , Assamese , Bengali-TR , Gujarati