کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیرتجارت و صنعت جناب پیوش گوئل کے دورۂ نیدرلینڈز سےہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو تقویت


مرکزی وزیر نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے لیے نیدرلینڈز کے وزراء اور کاروباری رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کی

جناب پیوش گوئل نے ڈچ کمپنیوں کو  ہندوستان میں سرمایہ کاری، مشترکہ مینوفیکچرنگ اور مشترکہ طور پر نئی اختراعات کو فروغ دینے کی دعوت دی

ہندوستان-نیدرلینڈز بزنس فورم میں مینوفیکچرنگ، صاف توانائی اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 OCT 2026 8:46PM by PIB Delhi

مرکزی وزیرتجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے 25 اور 26 اکتوبر 2026 کو نیدرلینڈز کا اپنا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے روٹرڈیم بندرگاہ کا دورہ کیا، نیدرلینڈز کی اعلیٰ حکومتی قیادت، ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، اور  ہندوستانی برادری کے افراد سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔

ان ملاقاتوں اور سرگرمیوں کا مقصد  ہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔ جناب گوئل کے ہمراہ تقریباً 60 افراد پر مشتمل کاروباری وفد بھی تھا۔

مورخہ 25 اکتوبر کو جناب پیوش گوئل نے روٹرڈیم بندرگاہ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب بودوائن سیمونز کے ہمراہ بندرگاہ کا دورہ کیا۔ اس دورہ میں یوروپ کی سب سے بڑی بندرگاہ کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا گیا، جو یوروپی منڈی میں ہندوستانی مصنوعات کی رسائی کا ایک اہم ذریعہ اور عالمی سپلائی چین کا ایک کلیدی مرکز ہے۔ اس موقع پر روٹرڈیم بندرگاہ اور  ہندوستانی بندرگاہوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اسی روز وزیر موصوف نے ایمسٹرڈیم میں  ہندوستانی سفارت خانے کے زیراہتمام ایک تقریب میں  ہندوستانی برادری کے ارکان سے ملاقات کی اور دوطرفہ اقتصادی، ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں بھارتی تارکینِ وطن کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔

مورخہ 26 اکتوبر کو مرکزی وزیر نے نیدرلینڈز کے وزیر برائے خارجہ تجارت و ترقیاتی تعاون جناب شورد شوردسما اور وزیر برائے اقتصادی امور و موسمیاتی پالیسی محترمہ ہیلین ہربرٹ کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ ان مذاکرات میں تجارت کو وسعت دینے، سپلائی چین کو زیادہ مستحکم بنانے اور  ہندوستان میں نیدرلینڈز کی سرمایہ کاری بڑھانے کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سرمایہ کاری کے لیے مینوفیکچرنگ، تحقیق و ترقی(آر اینڈ ڈی)، بنیادی ڈھانچے، قابل تجدید توانائی، لاجسٹکس اور ڈجیٹل ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں پر توجہ دی گئی۔

اس کے علاوہ سیمی کنڈکٹرز، گرین ہائیڈروجن، صاف توانائی، اہم معدنیات اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان مذاکرات کا مقصد  ہندوستان-یوروپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا تھا۔

جناب پیوش گوئل نے جناب شوردسما کے ساتھ مشترکہ طور پر  ہندوستان-نیدرلینڈز بزنس فورم کی صدارت بھی کی، جس میں ہندوستانی اور ڈچ کاروباری اداروں کے تقریباً 200 نمائندوں نے شرکت کی۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک شراکت داری میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، جو دونوں ممالک کے خوشحال مستقبل کی تعمیر میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔فورم کے بعد وزیر موصوف کے ہمراہ آنے والے کاروباری وفد نے ڈچ کاروباری اداروں کے ساتھ مختلف شعبوں پر مبنی خصوصی گول میز اجلاسوں میں شرکت کی۔ ان اجلاسوں میں درج ذیل شعبوں کا احاطہ کیا گیا- اعلیٰ ٹیکنالوجی اور اختراع، خدمات اور متعلقہ شعبے، زراعت، خوراک اور فوڈ پروسیسنگ، لاجسٹکس اور سپلائی چین کے روابط، پائیداری اور قابل تجدید توانائی مینوفیکچرنگ، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل اور انجینئرنگ مصنوعات۔

مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے شمالی ہالینڈ صوبے کے کنگز کمشنر جناب آرتھر وان ڈائک سے الگ ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈچ ایوانِ نمائندگان کی خارجہ تجارت و ترقیاتی تعاون سے متعلق کمیٹی اور سینیٹ کی یورپی امور سے متعلق کمیٹی کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران انہوں نے بھارت میں تیزی سے ترقی کرتے بنیادی ڈھانچے، عالمی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر بھارت کے ابھرتے ہوئے کردار اور اعلیٰ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) دونوں ممالک کی معیشتوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

جناب پیوش گوئل نے سیمی کنڈکٹر کے شعبے کی نمایاں کمپنیوں اے ایس ایم ایل اور نیکس پیریا، گرین ہائیڈروجن اور قابل تجدید ایندھن کے منصوبوں کی تیاری میں مصروف کمپنی پاور2ایکس اور انگکا(آئی کے ای اے) کے چیف ایگزیکٹیو افسران اور نمائندوں کے ساتھ انفرادی ملاقاتیں بھی کیں۔ ان ملاقاتوں میں سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس، لاجسٹکس، توانائی، صنعتی حل، ٹیکنالوجی اور رٹیل سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے دی ہیگ میں منعقدہ کاروباری رہنماؤں کے گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں 15 ڈچ کمپنیوں کے اعلیٰ انتظامی عہدیداران (سی ایکس اوز) شریک ہوئے۔ اس اجلاس کا اہتمام  ہندوستانی سفارت خانے نے ایچ ایس بی سی نیدرلینڈز کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر جناب گوئل نے  ہندوستان کی اقتصادی ترقی، اصلاحات کی رفتار اور ڈچ کمپنیوں کے لیے  ہندوستان میں سرمایہ کاری، مشترکہ مینوفیکچرنگ اور مشترکہ طور پر اختراعات کو فروغ دینے کے مواقع کو اجاگر کیا۔

یہ دورہ  ہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون کی رفتار کو مزید تقویت دینے کا باعث بنا۔ اس نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کے امکانات کو نمایاں کیا، خصوصاً آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) اور اس اسٹریٹجک شراکت داری کے تناظر میں، جس کا اعلان مئی2026 میں وزیراعظم جناب نریندر مودی کے دورۂ نیدرلینڈز کے دوران کیا گیا تھا۔

*****

ش ح-ظ الف- ع ن

UR No. 6806


(ریلیز آئی ڈی: 2329326) وزیٹر کاؤنٹر : 9