پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 OCT 2026 11:04AM by PIB Delhi
محصولات سے متعلق انٹیلی جنس کے ڈائریکٹوریٹ (ڈی آرآئی) نے غیر قانونی تجارت کے خلاف اپنی مسلسل مہم کے تحت 24 اکتوبر 2026 کو کولکاتا کی شیاما پرساد مکھرجی بندرگاہ پر اسمگل کیے گئے 55,000 سے زائد ای سگریٹ ضبط کیے۔

مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ڈی آر آئی کے افسران نے نیپال بھیجے جانے والے ٹرانس شپمنٹ کے دو کنٹینروں کو روکا، جن میں ای سگریٹ ہونے کا شبہ تھا۔ ایک کنٹینر میں سامان کو غلط طور پر ’’واٹر گلاس‘‘ اور دوسرے میں ’’سیرامک مگ‘‘ ظاہر کیا گیا تھا۔ پہلے کنٹینر کی تفصیلی جانچ کے دوران ظاہر کردہ سامان کے درمیان چھپا کر رکھے گئے مختلف ذائقوں کے 40,000 آئی جی ای ٹی برانڈ کے ای سگریٹ برآمد ہوئے۔ جبکہ دوسرے کنٹینر کی تفصیلی جانچ کے دوران ظاہر کردہ سامان کے درمیان چھپا کر رکھے گئے مختلف برانڈز کے تقریباً 15,000 ای سگریٹ برآمد ہوئے، جن میں وی ٹی وی، ووکو، بینگ اور ای جوائے شامل ہیں۔
مجموعی طور پر تقریباً 55,000 ای سگریٹ ضبط کیے گئے، جن کی مالیت 13.50 کروڑ روپے ہے۔ کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ان کے ساتھ ظاہر کردہ سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔
عوامی صحت کے تحفظ اور لوگوں کو نقصانات سے بچانے کے لیے نافذ کردہ الیکٹرانک سگریٹ (پیداوار، تیاری، درآمد، برآمد، نقل و حمل، فروخت، تقسیم، ذخیرہ اندوزی اور تشہیر)سے متعلق امتناع کا قانون، 2019 کے تحت بھارت میں الیکٹرانک سگریٹ اور نکوٹین پہنچانے والے تمام الیکٹرانک نظام (ای این ڈی ایس) ممنوع ہیں۔
موجودہ مالی سال 2026-27 کے دوران ڈی آر آئی اب تک مہاراشٹر، گجرات، دہلی اور مغربی بنگال کی مختلف بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور اندرونِ ملک کنٹینر ڈپو (آئی سی ڈیز) میں کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 3,00,000 ای سگریٹ ضبط کر چکا ہے، جن کی مالیت 120 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
********
ش ح۔ع ح۔ ت ا
U N-6811