وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بی آر او نے اروناچل پردیش میں پروجیکٹ ارونانک کا 19واں یومِ قیام منایا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 OCT 2026 8:13PM by PIB Delhi

بارڈر روڈز آرگنائزیشن ( بی آر او)  کے پروجیکٹ ارونانک کا 19 واں یومِ قیام ، 24 اکتوبر 2026 کو اروناچل پردیش کے نہرلاگن میں منایاگیا۔ یہ موقع اروناچل پردیش کے دشوار گزار علاقوں میں اسٹریٹجک بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور رابطے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے تقریباً دو دہائیوں پر محیط اس کی لگن اور خدمات کی یاد دہانی تھا۔

سال 2008 میں قائم کیا گیا پروجیکٹ ارونانک، دشوار گزار پہاڑوں، گھنے جنگلات اور سخت موسمی حالات کے درمیان سرحدی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور دیکھ بھال میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ اس کی کوششوں سے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں میں رہنے والی آبادی کے لیے رسائی، نقل و حرکت اور ترقی کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ پروجیکٹ جدید ٹیکنالوجیز اور تعمیر کے اختراعی طریقوں کو اپناتے ہوئے انجینئرنگ کے اعلیٰ معیار اور پائیدار بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر مسلسل توجہ دے رہا ہے۔ متبادل تعمیراتی اشیاء، جیو سیلز، ڈھلوانوں کے تحفظ کے اقدامات اور انجینئرنگ کے دیگر حلوں کے استعمال سے دشوار گزار علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی پائیداری، مضبوطی اور طویل مدتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔

اس پروجیکٹ نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں (سی پی ایلس) کی فلاح و بہبود پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ اس مقصد کے لیے بہتر رہائشی سہولتیں، حفاظتی لباس، صفائی ستھرائی کی سہولتیں اور باقاعدہ طبی کیمپ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ یہ پروجیکٹ سائیکلنگ اور یوگا کی سرگرمیوں، صفائی مہمات، سائبر بیداری کے پروگراموں اور ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے تحت 25,815 درخت لگانے کے ذریعے سماجی فلاح و بہبود اور ماحولیاتی پائیداری کے لیے بھی پُرعزم ہے۔

اپنی مسلسل کوششوں کے ذریعے پروجیکٹ ارونانک دفاعی افواج کی آپریشنل ضروریات پوری کرنے میں معاونت جاری رکھے ہوئے ہے، ساتھ ہی اروناچل پردیش کی دور دراز آبادیوں میں رابطے کی سہولتوں اور ترقی کو فروغ دے رہا ہے۔

********

ش ح۔ع ح۔ ت ا

U N-6807


(ریلیز آئی ڈی: 2329358) وزیٹر کاؤنٹر : 4