پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 OCT 2026 10:44PM by PIB Delhi
شہری ہوا بازی کی وزارت نے آئندہ سرمائی موسم میں دھند کے دوران پروازوں کے محفوظ اور ہموار آپریشن کو یقینی بنانے کی تیاریوں اور متعلقہ فریقوں کے درمیان تال میل کا جائزہ لینے کے لیے دھند سے نمٹنے کی تیاریوں سے متعلق پہلی میٹنگ منعقد کی۔ یہ اجلاس شہری ہوا بازی کی وزارت کے سکریٹری جناب سمیر کمار سنہا کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں موسم سرما 2026-27 کے دوران دھند سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ڈی جی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل جناب ویر وکرم یادو، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے چیئرمین (اے اے آئی) کے چیئرمین جناب پونیت کنسل، شہری ہوا بازی کی سلامتی کے بیورو (بی سی اے ایس)، مرکزی صنعتی سلامتی فورس (سی آئی ایس ایف) اور بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے سینئر افسران کے علاوہ دہلی ہوائی اڈے، دھند سے متاثر ہونے والے دیگر ہوائی اڈوں اور فضائی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے افسران نے بتایا کہ دھند کا موسم 15 دسمبر 2026 سے 15 فروری 2027 تک رہنے کا امکان ہے۔ اجلاس میں دھند کے باعث پروازوں میں خلل کے دوران ہوائی اڈوں کے کام کاج کو ہموار رکھنے اور مسافروں کو ہونے والی پریشانی کم سے کم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ پیشگی تیاریوں، بروقت معلومات کی فراہمی، متعلقہ فریقوں کے درمیان مؤثر تال میل اور پروازوں میں تاخیر، منسوخی یا ان کے اوقات میں تبدیلی کی صورت میں مسافروں کو مناسب مدد فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔
شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) پر زور دیا گیا کہ وہ ضابطہ جاتی نگرانی کو یقینی بنائے، متعلقہ ہدایات پر عمل درآمد کی تصدیق کرے، طیاروں اور عملے کی تیاریوں کا جائزہ لے اور فضائی کمپنیوں کے ذریعے مسافروں کو مؤثر سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائے۔ ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) اور ہوائی اڈوں کے منتظمین کو ہدایت دی گئی کہ وہ کم حدِ نگاہ (ایسی صورتحال جس میں دھند، دھوئیں یا موسم کی کسی دوسری وجہ سے پائلٹ کو دور تک دیکھنے میں دشواری ہوتی ہے)کے حالات میں ہوائی اڈوں کے کام کاج کو ہموار رکھنے کے لیے انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم (آئی ایل ایس) اور رن وے ویژول رینج (آر وی آر) کی تیاری، ہوائی اڈے کے فضائی حصے میں سلامتی، ٹرمینل کی مناسب گنجائش اور مؤثر تال میل کو یقینی بنائیں۔
فضائی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کم حدِ نگاہ میں پروازوں کے لیے تربیت یافتہ عملے اور مقررہ ضوابط کے مطابق تیار طیاروں کی دستیابی یقینی بنائیں، پروازوں کا حقیقت پسندانہ نظام الاوقات ترتیب دیں اور پروازوں کے سلسلے میں بروقت فیصلے کریں۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ مسافروں کو پروازوں میں تاخیر، منسوخی اور روانگی کے اوقات میں تبدیلی کے بارے میں ایس ایم ایس، موبائل ایپلی کیشنز اور ای میل کے ذریعے بروقت مطلع کیا جائے، تاکہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں مناسب معلومات کے بغیر ہوائی اڈے نہ پہنچیں۔
بھارتی محکمہ موسمیات کو ہدایت دی گئی کہ وہ قابلِ اعتماد موسمی پیش گوئیاں، موسم کے حالات کا باقاعدہ مشاہدہ اور موسم سے متعلق تازہ ترین معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائے، تاکہ پروازوں کے آپریشن کی بہتر منصوبہ بندی کی جا سکے۔فضائی ٹریفک کنٹرول اور فضائی راستوں کی رہنمائی کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ دھند کے دوران طیاروں کی آمد و رفت کی محفوظ ترتیب، کم حدِ نگاہ میں پروازوں سے متعلق مقررہ طریقۂ کار پر عمل درآمد اور فضائی ٹریفک کے نظم و نسق میں متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تال میل کو یقینی بنائیں۔
مسافروں کی محفوظ اور منظم آمدورفت کو یقینی بنانے میں بیورو آف سول ایوی ایشن سکیورٹی اور مرکزی صنعتی تحفظ فورس کے کردار پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس میں ضرورت پڑنے پر مسافروں کو دوبارہ ٹرمینل میں داخل ہونے اور طیارے میں دوبارہ سوار ہونے کی سہولت فراہم کرنا بھی شامل ہے۔ فضائی کمپنیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے زمینی انتظامات سنبھالنے والے اداروں کے پاس مناسب تعداد میں عملہ موجود ہو، سامان کی مؤثر منتقلی اور طیاروں کی آمد و روانگی کے درمیان درکار کارروائیاں بروقت مکمل کی جائیں اور پروازوں کے کام کاج میں خلل پڑنے کی صورت میں مسافروں کو ضروری مدد فراہم کی جائے۔
طویل تاخیر اور پروازوں کی منسوخی کے دوران مسافروں کو سہولت فراہم کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔ اس سلسلے میں چیک اِن کاؤنٹرز، فضائی کمپنیوں کے معاونتی ڈیسک اور صارفین کی رہنمائی کے مراکز پر عملے کی مناسب تعداد میں دستیابی یقینی بنانے کے لیے ضروری تیاریاں کرنے کی ہدایت دی گئی۔ سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ فضائی کمپنیاں ہوائی اڈوں پر اپنے ہیلپ ڈیسک پر ایسے باخبر اور بااختیار اہلکار تعینات کریں جو مسافروں کے سوالات کا تسلی بخش جواب دے سکیں۔
میٹنگ میں دھند کے موسم کے دوران پروازوں کے محفوظ اور مؤثر آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کی مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ آئندہ دھند کے موسم میں پیشگی تیاریوں، بروقت معلومات کی فراہمی، واضح عملی فیصلوں اور مسافروں کو مؤثر مدد فراہم کرنے کے ذریعے انہیں ہونے والی پریشانی کو کم سے کم کرنا تمام متعلقہ فریقوں کا مشترکہ مقصد ہے۔
*****
ش ح۔ ش آ۔ ج ا
U.No-6805