پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 OCT 2026 10:38AM by PIB Delhi
میکسیکو اور ہندوستان نے ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر مذاکرات کے لیے شرائط کار پر دستخط کرکے اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ان شرائط کار میں مذاکرات کا فریم ورک، دائرۂ کار، طریقۂ کار اور لائحۂ عمل طے کیا گیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے لیے اقتصادی مواقع کے نئے دروازے کھولنا ہے۔شرائط کار پر دستخط کے ساتھ ہی باہمی مفاد اور متوازن بنیادوں پر ترجیحی تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔ اس معاہدے سے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے، کاروباری مواقع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافہ کرنے اور مضبوط و متنوع سپلائی چینز کی تشکیل میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
یہ پہل جون 2025 میں کینیڈا میں منعقدہ جی-7 سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم جناب نریندر مودی اور میکسیکو کی صدر ڈاکٹر کلاڈیا شین بام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں طے پانے والی مفاہمت کا تسلسل ہے۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور میکسیکو کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
سکریٹری تجارت جناب راجیش اگروال کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے وفود نے دوطرفہ تعلقات اور تجارت و سرمایہ کاری کے بہاؤ کو بڑھانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔ یہ مذاکرات میکسیکو کے نائب سکریٹری برائے خارجہ تجارت لوئس روزینڈو گوٹیریرز رومانو کے ساتھ ہوئے، جنہوں نے وزیراقتصادیات مارسیلو ایبرارڈ کاساؤبون کی نمائندگی کی۔
شرائط کار میں مذاکرات کے کئی اہم شعبوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں اشیا کی منڈیوں تک رسائی، قواعد منشأ، کسٹمز کے طریق کار اور تجارتی سہولت کاری، تنازعات کا تصفیہ، صحت و نباتات سے متعلق حفاظتی اقدامات، تجارت میں تکنیکی رکاوٹیں اور تجارتی تحفظ کے اقدامات شامل ہیں۔
مجوزہ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کی معیشتوں کی باہمی تکمیلی خصوصیات سے فائدہ اٹھانا اور ہندوستانی منڈیوں میں میکسیکو کی مصنوعات اور کاروباری اداروں کے لیے مواقع کو وسعت دینا ہے۔ عالمی ویلیو چینز کے ساتھ مضبوط روابط کی بدولت میکسیکو ہندوستانی برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم منڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
تعاون کے نمایاں امکانات رکھنے والے شعبوں میں آٹوموبائل، کیمیکلز، الیکٹرانکس، ادویہ سازی، زرعی و غذائی مصنوعات، توانائی، اہم معدنیات، طبی آلات اور جدید مینوفیکچرنگ سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔
دونوں ممالک کے وفود نے دوطرفہ اقتصادی ایجنڈے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ اس دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے، تعاون مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے پیداواری شعبوں کے درمیان قریبی روابط استوار کرنے کے مواقع کی نشاندہی کی گئی۔
دونوں فریقوں نے 2027 کی پہلی سہ ماہی کے دوران میکسیکو کے ایک کاروباری وفد کو ہندوستان بھیجنے کے امکان پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ مجوزہ دورے کے ذریعے کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا، تجارتی مواقع کی نشاندہی میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے پیداواری شعبوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

****
ش ح-ظ الف- ع ن
UR No. 6812