پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 OCT 2026 4:47PM by PIB Delhi
نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن (این ایل ایم سی) نے، جو حکومتِ ہند کی وزارتِ خزانہ کے محکمۂ سرکاری ادارہ جات کے تحت کام کرتی ہے، آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں راشٹریہ اسپات نگم لمیٹڈ (آر آئی این ایل) کے اراضی کے پارسلس/ پلاٹس کی برقی نیلامی کے سلسلے میں 26 اکتوبر 2026 کو تصحیح نامہ 6 اور 28 اکتوبر 2026 کو تصحیح نامہ 7 جاری کیا ہے۔
تصحیح نامہ 6 کے ذریعے نیلامی کے عمل سے 35 پلاٹوں کو خارج کر دیا گیا ہے، کیونکہ عدالتی حکم کے تحت ان پلاٹوں کی فروخت پر پابندی عائد ہے۔ لہٰذا، 31 اگست 2026 کو جاری کردہ تجویز طلب کرنے کی دستاویز (آر ایف پی) کے تحت یہ پلاٹ فروخت کے لیے پیش نہیں کیے جائیں گے۔ خارج کیے گئے پلاٹوں کی تفصیلات تصحیح نامے کے ساتھ منسلک فہرست میں دی گئی ہیں۔
بعد ازاں، تصحیح نامہ 7 کے ذریعے این ایل ایم سی نے نیلامی کے عمل کے نظام الاوقات میں ترمیم کی ہے۔ رجسٹریشن اور بیعانہ رقم (ای ایم ڈی) جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کر یکم نومبر 2026، رات 8 بجے تک کر دی گئی ہے۔ باقی دستیاب پلاٹوں کی برقی نیلامی 3 نومبر 2026 کو صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔
جائیداد کا معائنہ پہلے سے وقت طے کرکے بدستور کیا جا سکے گا۔ نیلامی کے بعد منتخب بولی دہندگان کو منظوری نامہ (ایل او اے) جاری کیا جائے گا۔
این ایل ایم سی متعلقہ اثاثوں کی مالک تنظیموں کے ساتھ تال میل کرکے مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور دیگر سرکاری اداروں کی اضافی اراضی اور غیر بنیادی اثاثوں کو مالی وسائل میں تبدیل کرنے کے عمل میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔ آر آئی این ایل کی اراضی کی برقی نیلامی کی یہ پہل دلچسپی رکھنے والے بولی دہندگان کو دستیاب اراضی کے قطعات کی شفاف اور مسابقتی آن لائن نیلامی میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
ممکنہ بولی دہندگان کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تصحیح نامہ 6، جس میں نیلامی سے خارج کیے گئے پلاٹوں کی فہرست بھی شامل ہے، اور تصحیح نامہ 7، جس میں نیلامی کے نظرثانی شدہ نظام الاوقات کی تفصیلات دی گئی ہیں، کا بغور مطالعہ کریں۔ باقی ماندہ پلاٹوں کی نیلامی میں حصہ لینے کے خواہش مند بولی دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ نظرثانی شدہ آخری تاریخ تک رجسٹریشن کی متعلقہ کارروائی مکمل کریں اور مقررہ بیعانہ رقم جمع کرائیں۔ اصل تجویز طلب کرنے کی دستاویز اور اس کے بعد جاری کیے گئے تصحیح ناموں کی دیگر تمام شرائط بدستور برقرار رہیں گی، سوائے ان شرائط کے جن میں مذکورہ تصحیح ناموں کے ذریعے خاص طور پر ترمیم کی گئی ہے۔
تصحیح نامے این ایل ایم سی کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں:
ویب سائٹ: https://nlmc.dpe.gov.in/homepage/homepage.php
نیلامی سے متعلق دستاویزات اور تازہ ترین معلومات سرکاری برقی نیلامی پورٹل پر بھی دستیاب ہیں: https://eauction.enivida.com/
این ایل ایم سی کے بارے میں
نیشنل لینڈ مونیٹائزیشن کارپوریشن (این ایل ایم سی)، حکومتِ ہند کی مکمل ملکیت والی ایک کمپنی ہے، جو وزارتِ خزانہ کے محکمۂ سرکاری ادارہ جات کے تحت کام کرتی ہے۔ این ایل ایم سی مرکزی سرکاری شعبے کے اداروں اور دیگر سرکاری اداروں کے پاس موجود اضافی اراضی اور عمارتوں کو مالی وسائل میں تبدیل کرنے کے عمل میں سہولت فراہم کرتی ہے، جس سے سرکاری اثاثوں کے مؤثر استعمال کو فروغ ملتا ہے۔
*****
(ش ح ۔رک)
U. No.6844