سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مالی رکاوٹوں سے عالمی اختراع تک: عزم اور مواقع کا سفر


قومی بیرونِ ملک وظیفہ اسکیم کے ذریعے درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے طالب علم کے لیے امریکہ کی براؤن یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی راہ ہموار

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 OCT 2026 5:31PM by PIB Delhi

درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے ایک متوسط طبقے کے خاندان میں پرورش پانے والے آرو پٹیل (بدلا ہوا نام) کا خواب تھا کہ وہ ٹیکنالوجی، کاروبار اور اختراع کے امتزاج سے وابستہ شعبے میں اپنا پیشہ ورانہ مستقبل بنائیں۔

ان کا منصوبہ تھا کہ وہ ٹیکنالوجی پر مبنی کامیاب کاروباری ادارے قائم کریں گے اور اپنے کام کے ذریعے معاشرے میں بامعنی کردار ادا کریں گے۔ تاہم، مالی وسائل کی کمی، مناسب رہنمائی کا فقدان اور اعلیٰ سائنس و انجینئرنگ کے شعبوں میں پیشہ ورانہ روابط کی محدودیت ان کے لیے بڑی رکاوٹیں تھیں۔

معروف بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں معیاری اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بھاری اخراجات ایک بڑی مالی رکاوٹ تھے۔ اس کے علاوہ، تجربہ کار رہنماؤں اور پیشہ ورانہ روابط تک محدود رسائی کے باعث اعلیٰ تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانا اور سائنس و انجینئرنگ کے شعبوں میں ممکنہ پیشہ ورانہ راستوں کو سمجھنا مشکل تھا۔ ان تمام مشکلات کے باوجود، وہ اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے ضروری علم، مہارت اور عالمی تجربہ حاصل کرنے کے عزم پر قائم رہے۔

قومی بیرونِ ملک وظیفہ اسکیم نے اہم مالی معاونت فراہم کی، جس کی بدولت وہ امریکہ کی براؤن یونیورسٹی سے ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کر سکے۔ مالی سال 24-2023 کے دوران انہیں 89,816 امریکی ڈالر کی مالی امداد فراہم کی گئی، جس کی منظوری 26 جون 2023 کو دی گئی تھی۔ اس امداد میں ٹیوشن فیس، اخراجاتِ معاش کے لیے وظیفہ، ویزا فیس، طبی بیمہ اور سفری اخراجات شامل تھے۔

بیرونِ ملک تعلیم سے وابستہ بھاری مالی ضروریات پوری کرکے اس اسکیم نے مستفید ہونے والے طالب علم کو اعلیٰ تعلیمی ماحول تک رسائی حاصل کرنے اور اپنے پیشہ ورانہ عزائم سے متعلق خصوصی علم، مہارت اور تعلیمی اسناد حاصل کرنے میں مدد دی۔ بین الاقوامی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کے اس تجربے سے ٹیکنالوجی، اختراع اور کاروبار کی ترقی کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ میں اضافہ ہوا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261028173303_dcfc28.jpg

آج یہ مستفید طالب علم ایک کاروباری شخصیت اور ڈائریکٹر ہیں اور ٹیکنالوجی پر مبنی کامیاب کاروباری ادارے قائم کرنے کے اپنے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے کوشاں ہیں۔ تعلیم کے دوران حاصل کردہ قابلیت اور تجربے نے انہیں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ ان کا خاندان اب بھی متوسط آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھتا ہے، تاہم تعلیمی مواقع نے ان کے پیشہ ورانہ دائرۂ کار کو وسعت دی ہے اور انہیں مستقبل میں ترقی کے نئے امکانات سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری صلاحیتوں سے آراستہ کیا ہے۔

قومی بیرونِ ملک وظیفہ اسکیم کے رہنما اصولوں کے مطابق، یہ اسکیم درج فہرست ذاتوں اور دیگر مخصوص زمروں سے تعلق رکھنے والے اہل طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو وسعت دینے کے حکومتِ ہند کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ بیرونِ ملک تعلیم سے وابستہ یونیورسٹی کی فیس اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے معاونت فراہم کرکے یہ اسکیم اہل طلبہ کو بین الاقوامی تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل کرنے، اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مستحکم بنانے اور اپنے عزائم کی تکمیل کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

مستفید طالب علم کا سفر ظاہر کرتا ہے کہ مقررہ تعلیمی ہدف کی تکمیل کے لئے یہ معاونت کس طرح مالی رکاوٹوں کو دور کرنے، عالمی سطح پر تعلیمی مواقع تک رسائی بڑھانے اور مستقبل کے پیشہ ور افراد و کاروباری شخصیات کے عزائم کو پروان چڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ مالی مشکلات پر قابو پانے سے لے کر عالمی سطح پر تعلیم حاصل کرنے اور کاروباری سرگرمیوں میں قدم رکھنے تک، ان کی روداد اس تبدیلی کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے جو تعلیمی مواقع اختراع، بلند عزائم اور سماجی ترقی کی بنیاد استوار کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔

******

ش ح ۔ ع و ۔ م ا

UR No-6850


(ریلیز آئی ڈی: 2329668) وزیٹر کاؤنٹر : 13
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil