پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 OCT 2026 5:43PM by PIB Delhi
وزارتِ سیاحت، حکومتِ ہند کے تحت کام کرنے والے انڈین کلینری انسٹی ٹیوٹ (ٓئی سی آئی) نے آج نئی دہلی کے کرتویہ بھون میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو)، نئی دہلی کے ساتھ ایک مفاہمت نامے(ایم او یو)پر دستخط کیے۔ اس مفاہمت نامے پر اپنے اپنے اداروں کی جانب سے جے این یو کی وائس چانسلر محترمہ شانتی شری دھولی پوڑی پنڈت اور انڈین کلینری انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جناب گیان بھوشن نے دستخط کیے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت اور وزارتِ سیاحت کے سکریٹری جناب بھونیش کمار بھی موجود تھے۔ وزارتِ سیاحت، جے این یو اور انڈین کلینری انسٹی ٹیوٹ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس سمجھوتے کے تحت جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو)کی جانب سے انڈین کلنری انسٹی ٹیوٹ کے بی بی اے (کلینری آرٹس اینڈ فوڈ بزنس) اور ایم بی اے (کلینری مینجمنٹ)پروگراموں کو منظوری دی جائے گی، جس سے یونیورسٹی کو ان پروگراموں کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے والے طلبہ کو ڈگریاں تفویض کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
انڈین کلینری انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام بی بی اے اور ایم بی اے پروگراموں کا مقصد ہوٹل، مہمان نوازی اور ان سے وابستہ صنعتوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ مہارت کے حامل باورچیوں اور شعبۂ مہمان نوازی کے پیشہ ور افراد تیار کرنا ہے۔ ان پروگراموں میں طلبہ کو مطلوبہ مہارتوں، علم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنے پر توجہ دی جاتی ہے، تاکہ وہ شعبۂ مہمان نوازی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ ان کا مقصد ایسے ماہرین طباخی کو بھی تیار کرنا ہے جو ہوٹلوں اور ریستورانوں کی منفرد شناخت اور ان کی پیش کردہ خدمات کو مزید نمایاں بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جے این یو کی جانب سے انڈین کلینری انسٹی ٹیوٹ کے بی بی اے اور ایم بی اے پروگراموں کو آئندہ تعلیمی سال سے منظوری دیے جانے سے طلبہ کے لیے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع میں اضافے کی توقع ہے۔ اس شراکت داری سے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں داخلے لینے اور ہندوستان و بیرونِ ملک ملازمت اور تقرری کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے شعبۂ مہمان نوازی میں ہنرمند پیشہ ور افراد کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔
******
(ش ح ۔ م ش ع۔ص ج )
U. No.6851