قومی انسانی حقوق کمیشن
انسانی حقوق کے قومی کمیشن، این ایچ آر سی انڈیا نے اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کے ایک نجی اسکول میں اسکول مالک کے بھائی کی جانب سے دو معلمات کے مبینہ جنسی استحصال کی خبر کا ازخود نوٹس لیا
ضلع مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، علی گڑھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
05 NOV 2026 4:54PM by PIB Delhi
انسانی حقوق کے قومی کمیشن، این ایچ آر سی انڈیا نے اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کے ایک نجی اسکول میں دو معلمات کے جنسی استحصال سے متعلق میڈیا میں شائع ہونے والی خبر کا ازخود نوٹس لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ان میں سے ایک معلمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکول کے مالک کا بھائی ایک طویل عرصے سے اسے جنسی طور پر ہراساں کر رہا تھا۔ جب اس نے اس پر اعتراض کیا تو ملزم نے اسے ملازمت سے برطرف کروانے کی دھمکی دی۔ دوسری معلمہ کو بھی اسی طرح کی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا اور اعتراض کرنے پر اسے ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
کمیشن نے مشاہدہ کیا ہے کہ اگر خبر میں بیان کردہ حقائق درست ہیں تو یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے معاملات ہیں۔ اس لیے کمیشن نے ضلع مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، علی گڑھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
3 نومبر 2026 کو شائع ہونے والی میڈیا رپورٹ کے مطابق، اسکول انتظامیہ نے متاثرہ خواتین کی شکایات پر کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ اس کے بعد متاثرہ خواتین نے قانونی کارروائی کی درخواست کرتے ہوئے ایس ایس پی سے رجوع کیا ہے۔
*****
ش ح – ض ر–ا ک م
UR No. 7280
(ریلیز آئی ڈی: 2333181)
وزیٹر کاؤنٹر : 15