پوسٹ کرنے کی تاریخ:
05 NOV 2026 7:59PM by PIB Delhi
ریلوے کی وزارت نے آج ریل بھون میں ایک ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا، جس کے ذریعے وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کی یاد میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کے چوتھے مرحلے (اختتامی ہفتہ، یکم تا 7 نومبر 2026) کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او جناب ستیش کمار، بورڈ کے اراکین، ڈائریکٹر جنرلز اور ریلوے کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

قومی ترانے سے وابستہ قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والی مختلف سرگرمیوں کے ذریعے سال بھر جاری رہنے والی ان تقریبات کا انعقاد چار مراحل میں کیا گیا۔

پہلا مرحلہ: وندے ماترم کی اجتماعی گائیکی
پہلے مرحلے کا آغاز 7 نومبر 2025 کو ریل بھون کے کانفرنس ہال میں وندے ماترم کی اجتماعی گائیکی کے ساتھ ہوا۔ اس پروگرام میں مرکزی وزیر ریلوے جناب اشونی ویشنو نے شرکت کی۔
دوسرا مرحلہ: مضمون نویسی مقابلہ
ریلوے بورڈ میں 22 جنوری 2026 کو ’’وندے ماترم: ہندوستان کے تنوع میں اتحاد کا جذبہ‘‘ کے موضوع پر ایک مضمون نویسی مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء کو قومی نغمے کی اہمیت اور اس کے پیغامِ اتحاد پر غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
تیسرا مرحلہ: کوئز مقابلہ اور ترنگا ریلی
وندے ماترم کے 150 سالہ سفر پر مبنی ایک کوئز مقابلے کا انعقاد 10 اگست 2026 کو ریلوے بورڈ میں کیا گیا۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر ریلوے جناب اشونی ویشنو کی قیادت میں ریل بھون کے احاطے میں ترنگا ریلی بھی نکالی گئی۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او جناب ستیش کمار، بورڈ کے اراکین، ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر سینئر افسران نے اس ریلی میں شرکت کی۔
چوتھا مرحلہ: انعام یافتگان کی پذیرائی اور اختتامی تقریب
5 نومبر 2026 کو منعقدہ پروگرام کے دوران دوسرے مرحلے میں منعقدہ مضمون نویسی مقابلے اور تیسرے مرحلے میں منعقدہ کوئز مقابلے کے فاتحین کو انعامات اور امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔

سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کے دوران مختلف پروگراموں کے کامیاب انعقاد میں نمایاں تعاون کے لیے ریلوے بورڈ کے ثقافتی گروپ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ گروپ کی کاوشوں کے اعتراف میں اسے انعام اور امتیازی سند پیش کی گئی۔

وندے ماترم کا جذبہ اتحاد، لگن اور اجتماعی کوشش کی اقدار کو مسلسل تحریک فراہم کرتا ہے۔ یہی اقدار ہندوستانی ریلوے کے کام کاج میں بھی نمایاں طور پر جھلکتی ہیں۔ ان تقریبات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریلوے کے افسران اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، فرض شناسی اور مستعدی کے ساتھ انجام دیں گے اور ہندوستانی ریلوے کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
05-11-2026
U: 7308