پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 NOV 2026 3:17PM by PIB Delhi
مسٹر اراو کمار(فرضی نام)28 سال کی عمر میں الیکٹرانک اور الیکٹریکل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔ ان کا سفر اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ نیشنل اوورسیز اسکالرشپ (این او ایس) اسکیم کس طرح بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم تک رسائی آسان بنانے، مالی رکاوٹوں کو کم کرنے اور باصلاحیت محققین کو اعلیٰ سطح پر تحقیق کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
تحقیق اور اختراع میں گہری دلچسپی رکھنے والے جناب آراو بیرون ملک ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے تھے، تاکہ انہیں جدید تحقیقی سہولیات، بین الاقوامی تعلیمی طریقۂ کار اور اپنے شعبے میں ہونے والی نئی پیش رفت سے واقفیت حاصل ہو سکے۔ ان کے خاندان نے مسلسل ان کے تعلیمی عزائم کی حوصلہ افزائی کی اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے کی ان کی کوششوں میں تعاون کیا۔
تاہم بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھاری مالی وسائل درکار تھے، جن میں تدریسی فیس، رہائش، روزمرہ اخراجات، سفر اور دیگر تعلیمی ضروریات شامل تھیں۔ ڈاکٹریٹ کی تحقیق جاری رکھتے ہوئے ان اخراجات کا انتظام کرنا ایک بڑا چیلنج تھا۔ اس کے علاوہ ایک نئے ملک اور مختلف تعلیمی و ثقافتی ماحول سے ہم آہنگ ہونا بھی ان کے لیے سیکھنے کے نئے تجربات کا باعث بنا۔
ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب انہیں حکومت ہند کی وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے تحت محکمۂ سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی نیشنل اوورسیز اسکالرشپ (این او ایس) اسکیم کے بارے میں معلوم ہوا۔ اس اسکیم کے تحت انہیں منظور شدہ ضابطوں کے مطابق تدریسی فیس، گزارے اور رہائش کے اخراجات، سفر اور دیگر اہل تعلیمی اخراجات کے لیے مالی امداد فراہم کی گئی۔ یکم اکتوبر 2024 کو منظور کی گئی اس امداد نے انہیں زیادہ اعتماد اور یکسوئی کے ساتھ ڈاکٹریٹ کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے ضروری مالی سہارا فراہم کیا۔
اس امداد کی بدولت جناب آراو اپنی تحقیق پر توجہ مرکوز کر سکے، جدید تعلیمی ماحول سے استفادہ کر سکے اور بین الاقوامی تحقیقی تجربات کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ رہنمائی سے بھی فائدہ اٹھا سکے۔ مالی تعاون سے تعلیمی اخراجات کا بوجھ کم ہوا اور اپنے تعلیمی اہداف کے حصول کی ان کی صلاحیت کو تقویت ملی۔ اس کے علاوہ انہیں اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور بین الاقوامی تعلیمی میدان میں قیمتی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع بھی ملے۔

اس اسکالرشپ نے ان کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر میں نمایاں اہمیت کا اضافہ کیا ہے۔ مالی مشکلات کم ہونے کے بعد جناب آراو پی ایچ ڈی کی تعلیم جاری رکھنے اور الیکٹرانک اور الیکٹریکل انجینئرنگ کے شعبے میں اپنی مہارت کو مزید مستحکم کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ ان کی پیش رفت ان کے خاندان اور برادری کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ادارہ جاتی تعاون اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کس طرح محققین کو بلند تعلیمی اہداف کے حصول میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔
جناب آراو نئے اعتماد، عزم اور تعلیمی میدان میں اعلیٰ کارکردگی کے جذبے کے ساتھ ڈاکٹریٹ کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ اپنے شعبے میں بامعنی تحقیق کے ذریعے تعاون دینے، پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینے اور اپنی تعلیمی کامیابیوں کے ذریعےہندوستان کا نام روشن کرنے کے خواہش مند ہیں۔ ان کا سفر اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ تعلیمی امداد کے ذریعے درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت طلبہ کے لیے عالمی علم اور تحقیقی نظام میں شرکت کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
***
ش ح ۔م ع ن۔ ن ع
U. No.7339