مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 NOV 2026 5:28PM by PIB Delhi
دیہی تلنگانہ میں ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور براڈ بینڈ رابطے کو تیز رفتار بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، محکمۂ مواصلات (ڈی او ٹی) کے تحت ڈیجیٹل بھارت ندھی (ڈی بی این) نے آج نئی دہلی کے سنچار بھون میں ریاستی قیادت والے ماڈل کے تحت ریاست میں ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروگرام (اے بی پی) کے نفاذ کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔

اس معاہدے پر ڈیجیٹل بھارت ندھی (ڈی بی این)، محکمۂ مواصلات، حکومتِ تلنگانہ، تلنگانہ رورل انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹڈ (ٹی آر آئی آئی سی ایل)، بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) اور تلنگانہ فائبر گرڈ کارپوریشن لمیٹڈ (ٹی فائبر) کے درمیان ریاست تلنگانہ میں ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروگرام کے نفاذ کے لیے دستخط کیے گئے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب ڈیجیٹل بھارت ندھی (ڈی بی این) کے منتظم جناب شیامل مشرا کی باوقار موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں حکومتِ تلنگانہ کے محکمۂ انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس اور مواصلات کے جوائنٹ سکریٹری جناب انودیپ درشٹی، بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کے ڈائریکٹر (انٹرپرائز بزنس) جناب پاپا سدھاکر راؤ، محکمۂ مواصلات کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروگرام کے نفاذاوّل) جناب دنیش کمار گرگ، تلنگانہ فائبر گرڈ کارپوریشن لمیٹڈ (ٹی فائبر) کے جناب وینو پرساد پنیرو، جو تلنگانہ رورل انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹڈ (ٹی آر آئی آئی سی ایل) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی ہیں، کے علاوہ محکمۂ مواصلات، ڈیجیٹل بھارت ندھی اور بی ایس این ایل کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

معاہدے پر دستخط پروگرام کے تیز رفتار نفاذ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے اور اس سے دیہی ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، آخری سرے تک رابطے کو بہتر بنانے اور جامع ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینے کے لیے مرکزی حکومت اور حکومتِ تلنگانہ کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
مرکزی کابینہ نے 4 اگست 2023 کو ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروگرام کی منظوری دی تھی، جس کا مقصد موجودہ بھارت نیٹ، نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنا، مستحکم بنانا اور اس کی توسیع کرنا ہے، تاکہ تمام گرام پنچایتوں اور دیہات کو ضرورت کے مطابق مضبوط اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ براڈ بینڈ کنکٹی وٹی فراہم کی جا سکے۔
تلنگانہ میں ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروگرام کے تحت اس منصوبے پر عمل درآمد تلنگانہ رورل انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹڈ (ٹی آر آئی آئی سی ایل) کے ذریعے کیا جائے گا۔
اس پروگرام کے دائرے میں مجموعی طور پر 12,769 گرام پنچایتیں شامل ہوں گی، جن میں نیٹ ورک کی مضبوطی اور پائیداری بڑھانے کے لیے پہلے مرحلے کی 1,946 گرام پنچایتوں کے نیٹ ورک کو خطی ساخت سے حلقہ نما ساخت میں تبدیل کرنا، دوسرے مرحلے کی 10,787 گرام پنچایتوں کو شامل کرنا اور نئی تشکیل دی گئی 36 گرام پنچایتوں کو اس پروگرام کے دائرے میں لانا شامل ہے۔
حکومتِ ہند نے تلنگانہ میں اس پروگرام کے نفاذ کے لیے 3,189 کروڑ روپے کی مالی مدد کی منظوری دی ہے۔ اس اقدام سے حکومتِ ہند کی جانب سے سبسڈی مدد کے ذریعے دیہی علاقوں میں تقریباً تین لاکھ گھروں تک فائبر کنکٹی وٹی کی سہولت فراہم ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ، ریاست کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں ای-گورننس، آن لائن تعلیم، ٹیلی میڈیسن، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور شہریوں کی ضروریات پر مرکوز خدمات سمیت مختلف ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
آج دستخط کیے گئے معاہدے سے تلنگانہ میں اس پروگرام کے نفاذ میں تیزی آنے اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار معاشرے اور معلومات پر مبنی معیشت کے تصور کو مزید آگے بڑھانے کی توقع ہے۔
ڈیجیٹل بھارت ندھی کے بارے میں
ڈیجیٹل بھارت ندھی (سابقہ یو ایس ڈی ایف) کا قیام انڈین ٹیلی گراف (ترمیمی) ایکٹ 2003 کے تحت یکم اپریل 2002 سے عمل میں آیا۔ ’ٹیلی مواصلات ایکٹ 2023‘ کے مطابق یونیورسل سروس اوبلیگیشن فنڈ کو ڈیجیٹل بھارت ندھی (ڈی بی این) کا نام دیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل بھارت ندھی کو پسماندہ دیہی، دور دراز اور شہری علاقوں میں ٹیلی مواصلات کی خدمات تک رسائی اور ان کی فراہمی کو فروغ دے کر ہمہ گیر خدمات کی فراہمی میں معاونت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ وزارتِ مواصلات کے محکمۂ مواصلات (ڈی او ٹی) کا ایک ماتحت دفتر ہے۔
ڈیجیٹل بھارت ندھی کے مقاصد کے حصول کے لیے اس کے تحت مختلف اسکیموں اور پروجیکٹوں کا احاطہ کیا گیا ہے، جن میں بھارت نیٹ، فور جی سیچوریشن پروجیکٹ، امنگوں والے اضلاع کے ایسے علاقوں میں موبائل خدمات کی فراہمی جہاں یہ سہولت دستیاب نہیں ہے، بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں موبائل خدمات، ہمالیائی اور سرحدی علاقوں میں موبائل خدمات، جزائر میں موبائل خدمات اور شمال مشرقی علاقوں میں موبائل خدمات شامل ہیں۔
مزید معلومات کے لیے محکمۂ مواصلات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فالو کریں۔
***
) ش ح –م ع-ق ر)
U.No. 7351