سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت اور یورپی یونین کے درمیان ہورائزن یوروپ پروگرام میں شمولیت کے لیے مذاکرات مکمل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 NOV 2026 11:26AM by PIB Delhi

بھارت اور یورپی یونین (ای یو) نے یورپی یونین کے اہم تحقیقی اور اختراعی پروگرام ’ہورائزن یوروپ‘ سے بھارت کی وابستگی کے لیے مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے ہیں۔ اس پروگرام سے بھارت کی وابستگی دونوں فریقوں کے درمیان تحقیق کے شعبے میں طویل مدتی ادارہ جاتی تعاون کے ایک نظام کی جانب اہم تزویراتی پیش رفت ہے۔ یہ پیش رفت بھارت اور یورپی یونین کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی تعاون کے معاہدے اور بھارت-یورپی یونین تجارتی و ٹیکنالوجی کونسل کے تحت پہلے سے جاری تحقیق و ترقی کے منصوبوں اور تعاون کو مزید آگے بڑھائے گی۔

اس وابستگی سے بھارتی محققین، اداروں اور صنعتوں کو مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے ذریعے اس پروگرام کے تحت مالی معاونت کے لیے جاری کی جانے والی درخواستوں میں حصہ لینے اور یورپی تحقیقی کنسورشیموں نیز جدید ترین تحقیقی بنیادی ڈھانچے تک رسائی حاصل کرنے میں سہولت ملے گی۔ اس سے باصلاحیت افراد کی آمد و رفت کو بھی فروغ ملے گا اور اہم ٹیکنالوجیز، معیارات اور حل کی مشترکہ تیاری بڑے پیمانے پر ممکن ہو سکے گی۔

ہورائزن یوروپ کے دوسرے ستون کے موضوعاتی شعبے، جن میں صحت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، صنعت و خلائی تحقیق، آب و ہوا، توانائی و نقل و حرکت، خوراک اور حیاتیاتی معیشت شامل ہیں، بھارت کی تحقیقی ترجیحات سے گہری مطابقت رکھتے ہیں اور اس کی سائنسی صلاحیتوں کو مزید بروئے کار لانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس وابستگی سے ملک کے اختراعی نظام کو نمایاں تقویت ملے گی اور 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کی جانب اس کے سفر کو مزید رفتار حاصل ہوگی۔

اس پروگرام سے بھارت کی ممکنہ وابستگی کے امکانات تلاش کرنے کا عمل 27 جنوری 2026 کو منعقدہ تاریخی بھارت-یورپی یونین سربراہی اجلاس کے بعد شروع کیا گیا تھا، جبکہ 15 جولائی 2026 کو برسلز میں منعقدہ تجارتی و ٹیکنالوجی کونسل کے وزارتی اجلاس کے نتیجے میں باضابطہ مذاکرات کا آغاز ہوا۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7368

 


(ریلیز آئی ڈی: 2333908) وزیٹر کاؤنٹر : 26