پوسٹ کرنے کی تاریخ:
07 NOV 2026 8:06PM by PIB Delhi
ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ ادارے (ای پی ایف او) نے اکتوبر 2026 کے دوران چلائی گئی خصوصی مہم 6 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ اس مہم کے ذریعے انتظامی کارکردگی، صفائی ستھرائی، شفافیت اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ای پی ایف او کے صدر دفتر، تربیتی اکیڈمیوں، 21 زونل دفاتر اور مختلف علاقائی و ضلعی دفاتر کی فعال شرکت سے یہ مہم کامیاب ہوئی۔ مختلف پیمانوں پر اس کی اہم کامیابیاں درج ذیل ہیں:
- عوامی شکایات کا ازالہ: ای پی ایف او نے 2,05,000 شکایات کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 2,36,021 شکایات کا ازالہ کیا، جو ہدف سے 15.1 فیصد زیادہ ہے۔ اس میں ای پی ایف آئی جی ایم ایس پر موصول ہونے والی 1,80,000 شکایات کے ہدف کے مقابلے میں 2,02,984 شکایات کا ازالہ شامل ہے، جو ہدف سے 12.8 فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح سی پی گرام پر موصول ہونے والی 33,037 شکایات کا بھی ازالہ کیا گیا، جو مقررہ ہدف سے 32.1 فیصد زیادہ ہے۔
- اپیلوں اور پی ایم او پی جی کا ازالہ: اسی طرح 5,758 کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں سی پی گرام کی 10,343 اپیلوں کا ازالہ کیا گیا، جو ہدف سے 88.1 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 747 کے ہدف کے مقابلے میں 758 پی ایم او پی جی کا ازالہ کیا گیا، جو ہدف سے 5.1 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ 36 وی آئی پی حوالہ جات اور 2 پارلیمانی یقین دہانیوں کے ازالے کا ہدف بھی حاصل کر لیا گیا۔
- صفائی ستھرائی کی مہمات کا انعقاد: صفائی ستھرائی کے لیے 570 کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 598 مقامات کی نشاندہی کرکے انہیں کامیابی کے ساتھ بہتر بنایا گیا، جو ہدف سے 5 فیصد زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ مہم کے دوران دفاتر کی خوب صورتی میں اضافے، شجرکاری اور خون کے عطیہ کے کیمپ بھی منعقد کیے گئے۔ مزید برآں، 28,300 مربع فٹ کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں مجموعی طور پر 68,178 مربع فٹ جگہ خالی کرائی گئی، جو ہدف سے 140.1 فیصد زیادہ ہے۔
- ریکارڈ کا انتظام: 28,770 کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں مجموعی طور پر 41,875 کاغذی فائلوں کا جائزہ لیا گیا، جو ہدف سے 45.6 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 1,277 کے ہدف کے مقابلے میں 1,383 فائلیں قومی آرکائیوز کو منتقل کی گئیں، جو ہدف سے 8.3 فیصد زیادہ ہے۔ 109 کے ہدف کے مقابلے میں 517 کاغذی فائلوں کی چھٹائی کے لیے نشاندہی کی گئی، جبکہ 82 کے ہدف کے مقابلے میں 342 فائلوں کو تلف کیا گیا۔ الیکٹرانک فائلوں کے حوالے سے 8,160 کے ہدف کے مقابلے میں 8,355 ای فائلوں کا جائزہ لیا گیا، جو ہدف سے 2.4 فیصد زیادہ ہے، جبکہ 3,000 کے ہدف کے مقابلے میں 3,106 ای فائلیں بند کی گئیں، جو ہدف سے 3.5 فیصد زیادہ ہے۔
ای پی ایف او کے مختلف سطحوں پر مہم کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی گئی۔ ای پی ایف او کے مختلف دفاتر میں اجتماعی حلف برداری کی سرگرمیوں اور شکایات کے ازالے کی دیگر مہمات کا انعقاد کیا گیا۔ اگرچہ عوامی شکایات کا ازالہ ایک مسلسل جاری رہنے والی سرگرمی ہے، تاہم مہم کے دوران مقررہ مدت کے اندر شکایات کے معیاری ازالے کو یقینی بنایا گیا۔ پی ایم او پی جی کے معاملے میں، شکایات کے ازالے کے بعد درخواست گزاروں سے ٹیلی فون کے ذریعے ان کی رائے حاصل کی گئی اور درخواست گزاروں کی ایک بڑی اکثریت نے شکایات کے ازالے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مزید برآں، نظام میں چھوٹی سطح پر ضروری تبدیلیاں کرنے کے لیے بہتری سے متعلق تجاویز بھی حاصل کی گئیں۔ صفائی ستھرائی اور ریکارڈ کے انتظام سے متعلق سرگرمیوں کے نتیجے میں نہ صرف عوامی رابطے کے لیے دفاتر صاف ستھرے ہوئے بلکہ دفتری انتظام کو مؤثر بنانے کے لیے اضافی جگہ بھی دستیاب ہوئی۔
خصوصی مہم 6 کی کامیاب تکمیل بہتر حکمرانی، مؤثر انتظامیہ، ملازمین کی فلاح و بہبود اور شہریوں پر مرکوز خدمات کی فراہمی کے تئیں ای پی ایف او کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7384