پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 NOV 2026 2:04PM by PIB Delhi
مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جناب جگت پرکاش نڈا نے تپِ دق (ٹی بی) کے خلاف جنگ میں بھارت کی نمایاں پیش رفت کو اجاگر کیا ہے۔ یہ پیش رفت عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی عالمی تپِ دق رپورٹ 2026 کے اجرا کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ 2015 کے بعد سے بھارت میں تپِ دق سے ہونے والی اموات میں 38 فیصد کمی آئی ہے، جو عالمی سطح پر درج کی گئی 35 فیصد کمی سے بھی زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ، ادویات کے ذریعے علاج کے لیے حساس تپِ دق کے مریضوں میں علاج کی کامیابی کی شرح 94 فیصد رہی ہے۔
ان نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیرِ صحت نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تپِ دق کے کسی بھی مریض کو نظر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں ٹی بی -مکت بھارت کی منزل کی جانب پیش رفت تیز کرنے کے لیے ٹیکنالوجی، عوامی شراکت داری اور مریضوں کی جامع دیکھ بھال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
بھارت کی کامیابیوں کے اہم اعتراف کے طور پر، عالمی صحت تنظیم کے جنوب مشرقی ایشیا کے علاقائی دفتر (ڈبلیو ایچ او ایس ای اے آر او) نے بھی پورے خطے میں تپِ دق سے ہونے والی اموات میں کمی لانے کے لیے بھارت کی خدمات کو تسلیم کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں ڈبلیو ایچ او ایس ای اے آر او نے کہا، ‘‘عالمی صحت تنظیم کے جنوب مشرقی ایشیا خطے میں تپِ دق سے ہونے والی اموات میں کمی کی پیش رفت میں بھارت نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔’’ تنظیم نے وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری کردہ اس اعلان کو بھی شیئر کیا، جس میں عالمی تپِ دق رپورٹ 2026 میں اجاگر کی گئی بھارت کی کامیابیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
اپنے پیغام میں جناب نڈا نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں تپِ دق کے خلاف بھارت کی لڑائی ایک ملک گیر عوامی تحریک (جن آندولن) کی شکل اختیار کر چکی ہے، جسے ٹیکنالوجی، عوامی شراکت داری اور مریضوں کو مرکز میں رکھ کر فراہم کی جانے والی نگہداشت سے تقویت مل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلد تشخیص، جدید تشخیصی سہولتوں، غذائی امداد اور عوامی سطح پر لوگوں کو متحرک کرنے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری نے ملک کی تپِ دق کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مستحکم کیا ہے۔
ٹی بی - مکت بھارت ابھیان کے وسیع پیمانے کو اجاگر کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ صحت نے بتایا کہ تپِ دق کی خصوصی جانچ مہم کے تحت 25 کروڑ سے زائد افراد کا احاطہ کیا جا چکا ہے، جبکہ سینے کے 11 کروڑ سے زیادہ ایکسرے اور 3 کروڑ مولیکیولر ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ان کوششوں کے نتیجے میں تپِ دق کے 48.64 لاکھ مریضوں کی شناخت ہوئی، جن میں تقریباً 15 لاکھ ایسے مریض بھی شامل ہیں جن میں بیماری کی کوئی ظاہری علامات موجود نہیں تھیں۔ اس طرح مرض کی جلد تشخیص اور بروقت علاج شروع کرنا ممکن ہو سکا ہے۔
جناب نڈا نے مصنوعی ذہانت پر مبنی تشخیصی سہولتوں، نکشے پوشن یوجنا کے تحت غذائی امداد اور تپِ دق کے مریضوں کی دیکھ بھال کو مستحکم بنانے اور انہیں بہتر مدد فراہم کرنے میں نکشے متروں کی انتھک کوششوں کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔
حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ صحت نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس عہد کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ تپِ دق کے کسی بھی مریض کو پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلسل عوامی شراکت داری (جن بھاگیداری) اور اجتماعی کوششیں ٹی بی -مکت بھارت کے سفر میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
عالمی صحت تنظیم کی عالمی تپِ دق رپورٹ 2026 میں تپِ دق سے ہونے والی اموات کی تخمینی شرح میں بھارت کی اب تک کی سب سے بڑی کمی درج کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 2015 میں فی لاکھ آبادی پر اموات کی شرح 28 تھی، جو 2025 میں کم ہو کر 18 رہ گئی۔ ادویات کے ذریعے علاج کے لیے حساس تپِ دق کے مریضوں میں علاج کی 94 فیصد کامیابی کی شرح بھی قومی تپِ دق کے خاتمے کے پروگرام (این ٹی ای پی) کے تحت تشخیص، علاج کی فراہمی، مریضوں کی مسلسل نگرانی اور جامع معاونت میں ہونے والی بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔
تپِ دق کے خاتمے کے سلسلے میں بھارت کی پیش رفت کو مرض کی جلد شناخت، ٹیکنالوجی کی مدد سے جانچ اور مریضوں کو مرکز میں رکھ کر فراہم کی جانے والی نگہداشت کی جانب مسلسل پیش رفت سے تقویت ملی ہے۔ ٹی بی-مکت بھارت ابھیان، جس کا آغاز دسمبر 2024 میں خصوصی 100 روزہ مہم کے طور پر کیا گیا تھا اور بعد ازاں اسے ملک گیر سطح پر وسعت دی گئی، نے کمزور اور زیادہ خطرے سے دوچار آبادیوں تک رسائی کو مستحکم کیا ہے۔ مارچ 2026 میں شروع کی گئی ایک اور خصوصی مہم کے ذریعے بھی جلد تشخیص اور بروقت علاج پر توجہ برقرار رکھی گئی ہے۔
تپِ دق کی 14.97 لاکھ ایسی صورتوں کی شناخت خاص اہمیت رکھتی ہے جن میں مریضوں میں بیماری کی کوئی ظاہری علامات موجود نہیں تھیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خصوصی جانچ کے ذریعے ایسے افراد میں بھی مرض کی مؤثر انداز میں شناخت ممکن ہے جن میں عام طور پر پائی جانے والی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ اس طرح جلد تشخیص کے نتیجے میں فوری علاج شروع کرنے کا موقع ملتا ہے، جس سے بیماری کے بڑھنے اور مزید پھیلنے کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس پورٹیبل ڈیجیٹل سینے کے ایکسرے، ریپڈ مولیکیولر ڈائگناسٹک ٹیکنالوجیز اور نکشے ڈیجیٹل پلیٹ فارم سمیت تکنیکی اختراعات نے تپِ دق کی جانچ، تشخیص اور علاج کی نگرانی کو مزید مستحکم کیا ہے۔ ان اقدامات کو نکشے پوشن یوجنا کے تحت غذائی امداد اور نکشے مترا پہل کے ذریعے برادری کی معاونت سے بھی تقویت مل رہی ہے، جس سے تپِ دق کا علاج کرانے والے افراد کی وسیع تر ضروریات پوری کرنے میں مدد ملتی ہے۔
تپِ دق کے خلاف بھارت کی کوششوں میں عوامی شراکت داری ایک نمایاں خصوصیت بن کر ابھری ہے۔ 2025 میں 67,933 پنچایتوں کو تپِ دق سے پاک قرار دیا گیا، جو اس مرض کے خاتمے کی قومی کوششوں میں نچلی سطح پر عوام کی بڑھتی ہوئی شمولیت کی عکاسی کرتا ہے۔ جے او ایس ایچ (جوش) ٹیموں کی پہل کے ذریعے بھی عوامی شراکت داری کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ اس کے تحت سرکاری افسران، این سی سی کیڈٹس اور مائی بھارت کے رضاکاروں کو ایک ساتھ لا کر مقامی سطح پر بیداری پیدا کرنے، لوگوں تک رسائی حاصل کرنے اور انہیں اس مہم میں متحرک کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
تپِ دق کے خاتمے کے لیے بھارت کا عزم اس حقیقت سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ پروگرام کی مالی ضروریات کا 96 فیصد حصہ ملک کے اندر دستیاب وسائل سے پورا کیا جا رہا ہے۔ یہ مرض کے خلاف ملک کی کوششوں میں مسلسل قومی سرمایہ کاری اور مضبوط ملکی وابستگی کا مظہر ہے۔
عالمی صحت تنظیم کے جنوب مشرقی ایشیا کے علاقائی دفتر (ڈبلیو ایچ او ایس ای اے آر او) کی جانب سے اعتراف اور عالمی ادارۂ صحت کی عالمی تپِ دق رپورٹ 2026 کے نتائج، تپِ دق سے ہونے والی اموات میں کمی لانے اور اس مرض کے خلاف علاقائی و عالمی کوششوں کو آگے بڑھانے میں بھارت کے کردار کو نمایاں کرتے ہیں۔ یہ پیش رفت صحت کی سہولتوں تک وسیع تر رسائی، سائنسی اختراعات، پروگرام پر مؤثر عمل درآمد اور عوام کی سرگرم شراکت داری کے مشترکہ اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کامیابیوں کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے، حکومتِ ہند تپِ دق کی روک تھام، جلد تشخیص، بروقت اور مؤثر علاج، غذائی معاونت اور عوامی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن اور ریاستوں و مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد، ترقیاتی شراکت داروں اور شہریوں کی اجتماعی شرکت سے تقویت حاصل کرتے ہوئے ملک ٹی بی - مکت بھارت کے ہدف کی جانب مسلسل پیش قدمی کر رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ت ف۔ر ب۔
U-7593