وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

گوا  میں’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘ کے موضوع کے تحت دنیا بھر کی فلمی دنیا کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے تیار آئی ایف ایف آئی 2026


گوا میں 86 ممالک کی 150 سے زائد بین الاقوامی فلمیں دنیا بھر کی فلمی دنیا کو یکجا کریں گی

گوا 57ویں آئی ایف ایف آئی کے لیے عالمی فلمی برادری کے استقبال کو تیار: وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت

فیسٹول کے ڈائریکٹر جناب آشوتوش گوواریکر نے سرحدوں سے ماورا ثقافتوں کو جوڑنے میں سنیما کی قوت کو اجاگر کیا

’فادر لینڈ‘ 57ویں آئی ایف ایف آئی کی افتتاحی فلم ہوگی، ’آئی میٹر‘ فیسٹول کی درمیانی فلم کے طور پر پیش کی جائے گی، جبکہ ’وی آر آل اسٹرینجرز‘ کے ساتھ 57ویں آئی ایف ایف آئی کا اختتام ہوگا

آئی ایف ایف آئی 2026 میں برکس ممالک کے سنیما پر خصوصی توجہ دی جائے گی، ہندوستان کی ’رامائن‘ افتتاحی فلم ہوگی

ہندوستانی سنیما کی رنگا رنگ دنیا اور اس کی متنوع کہانیوں کو 76 فلموں اور 18 مختلف زبانوں کے ذریعےپیش کیا جائے گا، جبکہ اس حصے کا افتتاح ’دھرندھر‘ اور ’بیکمنگ‘ نامی فلموں سے ہوگا

اسپین 57ویں آئی ایف ایف آئی میں اعزازی ملک کی حیثیت سے اپنے سنیما کی جھلکیاں پیش کرے گا، جبکہ روس شراکت دار ملک کے طور پر فیسٹول میں شامل ہوگا

ہندوستان کے تخلیقی ہنر کو بااختیار بنانے اور عالمی سطح پر کہانیوں کو فروغ دینے کے لیے ویوز فلم بازار اور نیٹ فلکس کے درمیان شراکت داری

نئی آوازیں، نئے زاویے: بہترین پہلی فیچر فلموں کے زمرے میں سات بین الاقوامی فلمیں مقابلے میں حصہ لیں گی

بھارت کا 57واں بین الاقوامی فلم  فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) ’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘ کے موضوع کے تحت 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں دنیا بھر کے فلم سازوں، سنیما کے شائقین اور تخلیقی شعبے سے وابستہ شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا۔ میلے کی بڑھتی ہوئی عالمی رسائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسے 137 ممالک سے 1,900 سے زائد فلمیں موصول ہوئی ہیں اور اس میں 86 ممالک کی 150 سے زیادہ بین الاقوامی فلمیں پیش کی جائیں گی۔ اس طرح یہ فیسٹول مختلف ثقافتوں کے درمیان تبادلے، متنوع طرزِ اظہار اور سنیما کے اعلیٰ معیار کے فروغ کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔

گوا کے تاج سِڈیڈے ڈی گوا ہورائزن میں منعقدہ بھارت کے 57 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) 2026 کی افتتاحی پریس کانفرنس کا آغاز گوا کے معزز وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستانی اور بین الاقوامی سنیما کے جشن پر مبنی میلے کے وسیع پروگرام کی نقاب کشائی کی۔ آئی ایف ایف آئی کے ساتھ گوا کی وابستگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹول ریاست کی ثقافتی شناخت اور سالانہ تقویم کا ایک لازمی حصہ بن چکا ہے۔ انہوں نے عالمی فلمی برادری کے استقبال کے لیے ریاستی حکومت کی تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی، جن میں فلموں کی نمائش کے مقامات، نقل و حمل، مہمان نوازی اور عوامی سہولتوں کے انتظامات شامل ہیں۔

افتتاحی پریس کانفرنس میں ان کے علاوہ محترمہ ایم دلیلا ایم لوبو، نائب چیئرپرسن، انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا؛ جناب چنچل کمار، سکریٹری، وزارتِ اطلاعات و نشریات، حکومتِ ہند؛ جناب کرشن کمار، چیئرمین، این ایف ڈی سی؛ اور جناب آشوتوش گوواریکر، فیسٹول ڈائریکٹر، آئی ایف ایف آئی 2026 نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر جناب پربھات، ایڈیشنل سکریٹری، وزارتِ اطلاعات و نشریات؛ جناب مدھر بھنڈارکر، فیچر فلم جیوری کے چیئرمین؛ جناب ہمانشو شیکھر کھٹوا، غیر فیچر فلم جیوری کے چیئرمین؛ جناب دیپک مانڈیکر، چیف ایگزیکٹیو آفیسر، انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا؛ جناب دھیراج سنگھ، منیجنگ ڈائریکٹر، این ایف ڈی سی؛ اور محترمہ اسمتا وتس شرما، ڈائریکٹر جنرل، پی آئی بی، مغربی زون بھی موجود تھیں۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261113143409_15d78e.jpg

 

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سکریٹری جناب چنچل کمار نے آئی ایف ایف آئی کے ایک ایسے اہم پلیٹ فارم کے طور پر ارتقا کو اجاگر کیا جو ہندوستانی اور بین الاقوامی سنیما کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عمدہ فلمی معیار ، ثقافتی تبادلے اور مختلف النوع آوازوں کے درمیان رابطے کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس قول کا حوالہ دیا کہ ’’کہانیوں کا ایک پتہ تو ہو سکتا ہے، لیکن جذبات کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔‘‘ اس خیال کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے اس سال کے موضوع ’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘ اور جغرافیائی، لسانی اور ثقافتی حدود سے آگے بڑھنے کی سنیما کی صلاحیت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف زبانوں، ثقافتوں اور برادریوں میں ہندوستان کی کہانی سنانے کی مالا مال روایات کو بھی اجاگر کیا اور اعتماد ظاہر کیا کہ 57واں آئی ایف ایف آئی بین الاقوامی سنیما کے منظرنامے میں اس میلے کے مقام کو مزید مستحکم کرے گا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261113143419_808eb8.jpg

 

فیسٹول کے ڈائریکٹر جناب آشوتوش گوواریکر نے ’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘ کے موضوع کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سنیما میں جغرافیائی، لسانی اور ثقافتی حدود سے آگے بڑھنے اور آفاقی انسانی جذبات اور کہانیوں کے ذریعے ناظرین کو آپس میں جوڑنے کی قوت موجود ہے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261113143425_6b4e5f.jpg

 

این ایف ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب دھیرج سنگھ نے فیسٹول کا مجموعی وژن پیش کیا اور اس کی عالمی رسائی، سنیما کی متنوع پیشکشوں اور بدلتی ہوئی شناخت کو اجاگر کیا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261113143433_328b72.jpg

 

ستاونویں ایڈیشن کی اہم جھلکیاں

افتتاحی فلم

افتتاحی فلم ’فادر لینڈ‘ کی ہدایت کاری پاویل پاولیکووسکی نے کی ہے۔ یہ فلم نوبیل انعام یافتہ تھامس مان اور ان کی بیٹی ایریکا کے سفر کی کہانی بیان کرتی ہے، جو 1949 میں جنگ کے بعد منقسم جرمنی کا سفر کرتے ہیں۔ فلم میں اس دور کی سیاسی اور ذاتی تقسیم کو پیش کیا گیا ہے۔ اس فلم کو 2026 کے کانز فلم فیسٹیول میں بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ملا، جبکہ اسے سڈنی فلم پرائز 2026 کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔

’آئی میٹر‘ 57ویں آئی ایف ایف آئی 2026 کے درمیان دکھائی جانے والی فلم قرار دی گئی

بھارت کے57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) 2026 میں علینا شربان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’آئی میٹر‘فیسٹول کے درمیان میں دکھائی جانے والی فلم کے طور پر پیش کی جائے گی۔ رومانیہ، جرمنی اور بیلجیم کی مشترکہ پروڈکشن میں بنائی گئی 101 منٹ دورانیے کی اس فلم میں رومانیائی اور رومانی زبانوں میں مکالمے شامل ہیں، جو میلے میں یورپی سنیما کا ایک متنوع نقطۂ نظر پیش کریں گے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261113143510_cf0cc2.jpg

 

بڑے پریمیئرز

بڑے  پریمیئرز کے طور پر 14 فلموں کی نمائش کی جائے گی، جن میں 87 ممالک کی شرکت ہوگی۔ اس حصے میں منتخب فلموں کے ذریعے ناظرین کو سنیما کی متنوع کہانیوں اور سراہا جانے والا فلمی فن دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اعزازی ملک: اسپین

بھارت کے57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) میں اسپین کو اعزازی ملک کی حیثیت سے نمایاں کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اسپین کی چار فلمیں پیش کی جائیں گی، جن میں جائمے لورینتے کی ہدایت کاری میں بننے والی ’دی بیڈ سن‘، ’ترینیداد‘، پیڈرو المودووار کی ہدایت کاری میں بننے والی ’بِٹر کرسمس‘ اور جائمے ماچیا کی ہدایت کاری میں بننے والی ’پرسگیئیندو اے مائیکل‘ شامل ہیں۔ فلموں کا یہ انتخاب ہسپانوی سنیما اور اس کے متنوع طرزِ اظہار کا جشن منائے گا اور ہسپانوی فلم سازوں اور ان کے فلمی نقطہ ہائے نظر کو آئی ایف ایف آئی کے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پیش کرے گا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image006_20261113143525_dbec46.gif

 

شراکت دار ملک: روس

بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) میں روس کو شراکت دار ملک کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر روسی سنیما کے تنوع اور تخلیقی ثروت کی نمائندگی کرنے والی چار فلموں کی خصوصی نمائش کی جائے گی۔ ان فلموں میں ’فور‘ (Четыре)، ’نیو ہوم‘، اناستاسیا کوزینا کی ہدایت کاری میں بننے والی ’بو بو‘ اور ’سڈنی لومیٹز برتھ ڈے‘ شامل ہیں۔ اس خصوصی نمائش کے ذریعے ہندوستانی اور بین الاقوامی ناظرین کو روسی سنیما کی عصری فلم سازی سے روشناس ہونے، اس کے بدلتے ہوئے فلمی منظرنامے کو سمجھنے اور سنیما کے ذریعے ہندوستان اور روس کے درمیان ثقافتی و فنکارانہ تبادلے کو سراہنے کا موقع ملے گا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image007_20261113143538_ad9c8e.gif

 

آئی ایف ایف آئی 2026 میں دو نئے حصوں کا آغاز

بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) 2026 میں اس سال فلموں کی پیشکش کے دائرے کو وسیع کرنے اور کہانی سنانے کے متنوع انداز کو اجاگر کرنے کے لیے دو نئے حصے متعارف کرائے گئے ہیں۔ پہلے حصے اینیمیشن میں پانچ بہترین فلمیں پیش کی جائیں گی، جو فلموں کے شعبے میں تخلیقی صلاحیتوں اور جدت طرازی کی عکاسی کریں گی۔ دوسرے حصے فلموں پر مبنی فلمیں میں بھی پانچ فلمیں دکھائی جائیں گی۔ اس حصے کا آغاز معروف فلم سازوں کی تجاویز پر کیا گیا ہے، جس کا مقصد فلم سازی کے فن اور ہنر کو نمایاں کرنا ہے۔

آئی ایف ایف آئی 2026 میں برکس ممالک کے سنیما پر خصوصی توجہ

بھارت کے57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) 2026 کی ایک اور اہم خصوصیت برکس ممالک کے سنیما پر خصوصی توجہ ہوگی۔ برکس فلمی حصے کی افتتاحی فلم ہندوستان کی ’رامائن‘ ہوگی۔ اس حصے میں برکس کے تمام 11 رکن ممالک کی فلموں کے ساتھ شراکت دار ممالک کی فلمیں بھی پیش کی جائیں گی، جس سے ناظرین کو برکس ممالک کی متنوع فلمی روایات اور کہانی سنانے کے مختلف انداز سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔

ہندوستانی فلموں کی جھلک

ہندوستانی سنیما کے حصے کے تحت 18 مختلف زبانوں میں کل 76 فلمیں پیش کی جا رہی ہیں، جو ملک کی کہانی سنانے کی متنوع روایات اور تخلیقی صلاحیتوں میں عمدگی کی عکاسی کرتی ہیں۔

انتخاب کے عمل کے دوران فیچر فلموں کے زمرے میں 404 فلمیں موصول ہوئیں، جبکہ غیر فیچر فلموں کے زمرے میں 358 فلمیں موصول ہوئیں۔ بہترین ویب سیریز (او ٹی ٹی) کے زمرے میں 46 اہل اندراجات موصول ہوئے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image008_20261113143545_57ab2a.gif

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image009_20261113143551_7ebd76.gif

 

آئی ایف ایف آئی 2026 میں ہندوستانی فلموں کی نمائش کا آغاز ’دھرندھر‘ اور ’بیکمنگ‘ سے ہوگا

بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) 2026 کے ہندوستانی فلموں کے حصے کا آغاز ہندی فیچر فلم ’دھُرندھر‘ اور لداخی زبان کی غیر فیچر فلم ’بیکمنگ‘ سے ہوگا۔ دو الگ الگ لسانی اور فلمی پس منظر کی حامل ان فلموں کو ایک ساتھ پیش کرنے کا مقصد ہندوستان کی متنوع کہانی سنانے کی روایات کا جشن منانے اور سرحدوں سے ماورا سنیما کو فروغ دینے کے آئی ایف ایف آئی کے وژن کی عکاسی کرنا ہے۔

پہلی مرتبہ بننے والی بہترین فیچر فلموں کا مقابلہ

بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) میں پہلی دفعہ بننے والی بہترین فیچر فلموں کی مقابلہ آرائی بھی ہوگی، جس میں مختلف ممالک کی سات فلمیں شامل ہیں۔ اس مقابلے کے ذریعے دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے فلم سازوں اور سنیما کے نئے زاویوں کو سراہا جائے گا۔ مقابلے میں جرمنی کی ’فیڈنگ مین‘، ہندوستان کی ’دی سلیج‘، بیلجیم کی ’پیرس‘، مصر کی ’دی بلیک سی‘، فرانس اور اٹلی کی مشترکہ فلم ’ایل آژ دور‘ (دی گولڈن ایج)، ہندوستان کی ’برڈز آن آئس‘ اور چین کی ’اٹلانٹک‘ شامل ہیں۔ اس مقابلے کے ذریعے پہلی بار فیچر فلم بنانے والے ہدایت کاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، وسیع تر شناخت حاصل کرنے اور عالمی ناظرین سے رابطہ قائم کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی نئے تخلیقی رجحانات کی حوصلہ افزائی اور فلم سازوں کی نئی نسل کو پروان چڑھانے کے لیے آئی ایف ایف آئی کے عزم کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image010_20261113143557_b4d97b.gif

 

خواتین فلم ساز، پہلی بار فلمیں بنانے والے ہدایت کار اور ابھرتے ہوئے فن کار

تازہ نقطہ نظر اور کہانی سنانے کے متنوع انداز کا جشن مناتے ہوئے، 57واں آئی ایف ایف آئی 52 خواتین فلم سازوں اور پہلی بار فلمیں بنانے والے 62 ہدایت کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا، جو ہندوستانی اور بین الاقوامی سنیما کے وسیع ہوتے ہوئے تخلیقی منظرنامے کی عکاسی کرتا ہے۔ مقابلے کے زمروں میں مزید 10 خواتین فلم سازوں اور پہلی بار فلمیں بنانے والے 12 ہدایت کاروں کی صلاحیتوں کو نمایاں کیا جائے گا۔ اس سے خواتین کی آواز کو مؤثر انداز میں پیش کرنے، نئی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور سنیما میں کہانی سنانے والی اگلی نسل کو عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے فیسٹول  کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔

مستقبل کے ذہین اختراع کار (سی ایم او ٹی)

مستقبل کے ذہین اختراع کار(کری ایٹو مائنڈز آف ٹومارو ) کے چھٹے ایڈیشن میں فلم سازی کے 13 شعبوں سے منتخب 100 شرکاء ایک ساتھ جمع ہوں گے۔

اس پروگرام میں خصوصی طور پر ترتیب دی گئی ماسٹر کلاسز، ورکشاپس، باہمی تبادلے پر مبنی نشستیں، 48 گھنٹے کا فلم سازی کا چیلنج اور سی ایم او ٹی ٹیلنٹ کیمپ شامل ہوں گے۔ شرکاء کو ممتاز فلم سازوں اور اس صنعت سے وابستہ ماہرین کے ساتھ تبادلۂ خیال کرنے، اپنے تخلیقی تصورات پیش کرنے اور ذرائع ابلاغ و تفریح کی صنعت میں دستیاب مواقع تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔

ویوز فلم بازار

ویوز فلم بازار فلم سازوں، پروڈیوسروں، خریداروں، تقسیم کاروں اور اس صنعت سے وابستہ دیگر فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا، تاکہ باہمی تعاون، مشترکہ پروڈکشن اور کاروباری مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔

اس بازار میں مدعو کیے گئے 150 مہمان شرکت کریں گے، جن میں خریدار اور پروڈکشن ہاؤسز بھی شامل ہوں گے۔ اس کے اہم اقدامات میں اسکرین رائٹرز لیب، مشترکہ پروڈکشن مارکیٹ، ویونگ روم اور ورک اِن پروگریس لیب شامل ہوں گے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image011_20261113143603_e18e91.jpg

 

ویوز بازار میں علمی سلسلے کے شراکت دار نیٹ فلکس کی جانب سے صنعت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر حکومت کے ساتھ اس کے اشتراک کو بھی اجاگر کیا جائے گا، جس کا مقصد ہندوستان میں بصری اثرات (وی ایف ایکس) کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ باصلاحیت افرادی قوت تیار کرنا ہے۔ اس کی شرکت میں ’پشپک وِمان‘ کا گالا پریمیئر، ’رے گن‘ کی بین الاقوامی نمائش اور ابھرتی ہوئی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور صنعتی مواقع کو فروغ دینے کے لیے فلمی منصوبوں کی پیشکش سے متعلق نشستوں میں شرکت بھی شامل ہوگی۔

ماسٹر کلاسز، مباحثے اور تعاملی پروگرام

آئی ایف ایف آئی 2026 کے تحت 21 سے 27 نومبر 2026 تک کلا اکیڈمی میں 14 نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں ماسٹر کلاسز، ورکشاپس، پینل مباحثے، سابقہ فلموں کے خصوصی جائزے، باہمی تبادلے اور انٹرویو کی نشستیں شامل ہوں گی۔

ان نشستوں میں فلم ساز، فن کار اور فلمی صنعت سے وابستہ ماہرین ایک ساتھ جمع ہوں گے اور دستاویزی سنیما، سرحدوں سے ماورا فلم سازی، عالمی سنیما کی تشکیل میں خواتین کے کردار، کہانی سنانے کے فن، اداکاروں کے انتخاب، فلموں کے ذیلی عنوانات اور سنیما کے ابھرتے ہوئے طریقہ ہائے کار جیسے موضوعات پر غور و خوض کریں گے۔

صد سالہ تقریبات اور محفوظ شدہ کلاسیکی فلمیں

یہ فیسٹول صد سالہ تقریبات، سابقہ فلموں کے خصوصی جائزوں اورمحفوظ شدہ کلاسیکی فلموں کے ذریعے ممتاز فلم سازوں اور فن کاروں کی خدمات اور ورثے کو خراج تحسین پیش کرے گا۔

فلم ساز آندریز وجدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی صد سالہ تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں ان کی پانچ فلمیں پیش کی جائیں گی۔ بحال شدہ کلاسیکی فلموں کے حصے میں بھی پانچ فلمیں دکھائی جائیں گی، جس سے ناظرین کو سنیما کی تاریخ کے اہم فن پاروں سے دوبارہ لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image012_20261113143609_165fd8.gif

 

فیسٹول کے مقامات اور عوامی شرکت

بھارت کا 57واں بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) نو روز تک جاری رہنے والی فلموں کی نمائش کے ذریعے گوا کو سنیما کے ایک پُررونق مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس دوران چار مقامات پر قائم 13 اندرونی اسکرینوں پر فلمیں دکھائی جائیں گی۔ پنجی کے پُررونق فیسٹول مرکز میں آئی این او ایکس، میکینیز، سمراٹ اور اشوکا کی سات اسکرینوں سے لے کر پوروریم میں آئی این او ایکس کی اسکرینوں، مارگاؤ کے مشہور رویندر بھون اور پونڈا کے میجک مووی تک، یہ فیسٹول فلمی شائقین کو سنیما کے ایک بھرپور اور منفرد تجربے سے روشناس کرائے گا۔ فلموں کی نمائش کے متنوع مقامات اور 4,000 سے زائد نشستوں کی مجموعی گنجائش کے ساتھ آئی ایف ایف آئی گوا بھر کے ناظرین کو عالمی سنیما کے سحر سے قریب لائے گا۔

صد سالہ تقریبات

آئی ایف ایف آئی 2026 ہندوستانی سنیما کی ممتاز شخصیات کی صد سالہ تقریبات منائے گا اور نامور فلم سازوں شکتی سمنت اور راج کھوسلہ، اداکاروں اتم کمار، سوریہ کانت مندھرے، پریم نذیر اور راج کمار، نیز معروف موسیقاروں او پی نیّر اور روی کو خراج عقیدت پیش کرے گا۔ یہ فیسٹول ہندوستانی سنیما کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات اور ملک کے فلمی و موسیقی کے ورثے کی تشکیل میں ان کے دیرپا کردار کو خراج تحسین پیش کرے گا۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image013_20261113143615_55a91a.gif

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/file/2026/nov/image014_20261113143620_193e40.gif

 

انتھونی چن کی فلم ’وی آر آل اسٹرینجرز‘ کے ساتھ 57ویں آئی ایف ایف آئی کا اختتام ہوگا

انتھونی چن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’وی آر آل اسٹرینجرز‘ 57ویں آئی ایف ایف آئی کی اختتامی فلم ہوگی۔ سنگاپور کی نمائندگی کرنے والی اس فلم کا دورانیہ 157 منٹ ہے۔ مینڈارن اور انگریزی زبانوں میں پیش کی جانے والی یہ فلم عصر حاضر کے سنگاپوری سنیما کی ایک منفرد پیشکش کے ساتھ فیسٹول کا اختتام کرے گی۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image015_20261113143626_775d04.jpg

 

بھارت کے بین الاقوامی فلم فیسٹول (آئی ایف ایف آئی) کے بارے میں

سال 1952 میں قائم کیا گیا بین الاقوامی فلم فیسٹول ایشیا کے قدیم ترین اور ممتاز بین الاقوامی فلمی فیسٹول میں سے ایک ہے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات، حکومتِ ہند، گوا حکومت اور انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ فیسٹول عالمی سنیما کی بہترین فلموں کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ ہندوستانی فلموں اور فلمی صلاحیتوں کو عالمی پلیٹ فارم پر فروغ دیتا ہے۔ ہر سال گوا میں منعقد ہونے والا یہ فیسٹول تخلیقی تبادلے، نئی صلاحیتوں کی دریافت اور سنیما کے ذریعے ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

قومی فلم ترقیاتی کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے بارے میں

نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف انڈیا، وزارتِ اطلاعات و نشریات کے تحت کام کرنے والا ایک سرکاری شعبے کا ادارہ ہے۔ 1975 میں قائم ہونے والا این ایف ڈی سی ہندوستانی سنیما کے فروغ، آزاد فلم سازوں کی معاونت اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ فلم سازی کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔ یہ ادارہ ویوز فلم بازار کا انتظام بھی سنبھالتا ہے، جو ہندوستانی تخلیق کاروں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے اور ذرائع ابلاغ و فلمی صنعت میں باہمی تعاون کے مواقع فراہم کرنے کا کام کرتا ہے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image016_20261113143632_61153e.jpg

 

***

ش ح۔ع و ۔م الف

U. No- 7594


(ریلیز آئی ڈی: 2335875) وزیٹر کاؤنٹر : 12