وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

آئی این ایس چِلکا میں بیچ 02/26 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 NOV 2026 8:40PM by PIB Delhi

آئی این ایس چلکا میں 13 نومبر 2026 کو بیچ 02/26 کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ (پی او پی) منعقد ہوئی، جس کے ساتھ 3,358 تربیت حاصل کرنے والوں کی ابتدائی تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔ اس بیچ میں 2,756 اگنی ویر شامل تھے، جن میں 142 خواتین اگنی ویر بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ ہندوستانی بحریہ کے 286 میڈیکل اسسٹنٹس اور ہندوستانی ساحلی محافظ دستے کے 316 نوَک (ملاح) بھی شامل تھے۔ اس پریڈ کے ساتھ تربیت حاصل کرنے والوں کے پیشہ ورانہ سفر میں ایک اہم سنگ میل طے ہوا۔ اب وہ منضبط، ماہر اور پُرعزم بحری جانبازوں کی حیثیت سے ہندوستانی بحریہ اور ہندوستانی ساحلی محافظ دستے میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں اور سمندری زندگی کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نے پریڈ میں مہمانِ خصوصی اور جائزہ افسر کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس ایڈمرل سمیر سکسینہ، فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، سدرن نیول کمانڈ کے علاوہ بحریہ کے سینئر افسران، سول اور فوجی اداروں کی اہم شخصیات، سابق فوجیوں، طلبہ اور پریڈ میں تربیت مکمل کرنے والوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز چلکا وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب سے ہوا، جس میں ان بہادر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے ملک کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس کے بعد تربیت مکمل کرنے والوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا۔ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جائزہ افسر نے تربیت حاصل کرنے والوں کے بہترین لباس اور ڈرل کے اعلیٰ معیار کی ستائش کی، جو معیاری تربیت کا عکاس تھا۔ انہوں نے انہیں تلقین کی کہ وہ نظم و ضبط، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھیں، بحری کارروائیوں کے بدلتے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالیں اور فخر، لگن اور ملک کے تئیں غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے تربیت مکمل کرنے والوں کو مبارک باد دی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ٹرافیاں اور تمغے دے کر اعزاز سے نوازا۔ ایس ایس آر اور ایم آر زمروں میں بہترین تربیت حاصل کرنے والے کے لیے چیف آف دی نیول اسٹاف رولنگ ٹرافی اور طلائی تمغہ بالترتیب نچیکیتا ساناسام، ایس ایس آر (میڈیکل اسسٹنٹ) اور ارباز امین، اے وی آر (ایم آر) کو دیا گیا۔ دیکشا، اے وی آر (ایس ایس آر) نے مجموعی میرٹ فہرست میں بہترین خاتون تربیت حاصل کرنے والی کے لیے رولنگ ٹرافی حاصل کی۔ امر شکتی ایم، این وی کے (جی ڈی) اور ارپت سنگھوان، این وی کے (ڈی بی) کو بالترتیب بہترین نوَک (جی ڈی) اور بہترین نوَک (ڈی بی) قرار دیا گیا۔ ان اعزازات کے ذریعے تربیت کے دوران ان کی غیر معمولی کارکردگی اور لگن کا اعتراف کیا گیا۔

تربیت مکمل کرنے والے بیچ کی تربیتی سرگرمیوں اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے 12 نومبر 2026 کو الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر مراکر ڈویژن کو مجموعی چیمپئن شپ ٹرافی سے نوازا گیا، جبکہ شیواجی ڈویژن نے رنر اَپ پوزیشن حاصل کی۔ ممتاز سابق فوجیوں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تربیت حاصل کرنے والوں کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں آئی این ایس چلکا کے دو لسانی تربیتی رسالے ’’انکور‘‘ کی رونمائی بھی عمل میں آئی، جس میں تربیت کے دوران اس بیچ کے تجربات، کامیابیوں اور یادگار لمحات کو قلم بند کیا گیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(1)(4)_20261114083232_9db188.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(2)(4)_20261114083243_3a4b10.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(3)(4)_20261114083256_bf2869.jpeg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/Pic(4)(4)_20261114083307_c5a60b.jpeg

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7632


(ریلیز آئی ڈی: 2336132) وزیٹر کاؤنٹر : 14
یہ ریلیز پڑھیں: English , Tamil