کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل کے ہاتھوں 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2026 کا افتتاح


انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر ہندوستان کی ریاستوں، کاروباری اداروں، مصنوعات اور صلاحیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کا ذریعہ بن کر ابھرا ہے: جناب گوئل

45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں 30 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے اپنی خصوصیات کی نمائش، 3,500 نمائش کنندگان اور 11 ممالک کی شرکت

اکتوبر 2026 میں ہندوستان کی برآمدات تقریباً 90 ارب ڈالر کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچیں، جو مضبوط استقامت اور ترقی کی عکاس ہیں: جناب گوئل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 NOV 2026 9:44PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہندوستانی کاروباری اداروں، صنعت کاروں، برآمد کنندگان، دست کاروں اور صنعت کاروں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی موجودگی کو وسعت دیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا کی منڈیاں ہندوستانی اشیا اور خدمات کے لیے کھل رہی ہیں، اس لیے کاروباری اداروں کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے سفر میں اپنا تعاون دینا چاہیے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ اکتوبر 2026 میں ہندوستان کی برآمدات تقریباً 90 ارب ڈالر کی اب تک کی سب سے بلند سطح پر پہنچ گئیں، جن میں تقریباً 50 ارب ڈالر کی اشیا کی برآمدات اور 40 ارب ڈالر کی خدمات کی برآمدات شامل ہیں۔ اسے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان رواں سال 1 ٹریلین ڈالر کی برآمدات کے ہدف کے حصول کی راہ پر گامزن ہے۔ اکتوبر تک پہلے سات ماہ کے دوران برآمدات 570 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو ایک بے مثال کامیابی ہے۔

وزیر موصوف نے اعتماد ظاہر کیا کہ دو جاری جنگوں، عالمی اتار چڑھاؤ اور غیر یقینی صورت حال کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تجارت کی سست رفتار ترقی کے باوجود، جس کے تقریباً 3.5 فیصد رہنے کی توقع ہے، رواں سال ہندوستان کی بین الاقوامی تجارت میں 15 سے 16 فیصد تک اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی یہ کارکردگی اس کی معیشت کی مضبوطی، برآمد کنندگان کے اعتماد اور عزم و خود اعتمادی کے ساتھ عالمی چیلنجوں کا سامنا کرنے کی ملک کی صلاحیت کی عکاس ہے۔

جناب گوئل نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف کا 45واں ایڈیشن ہندوستان کی پانچ جہتوں کی عکاسی کرتا ہے: اس کی معیشت، برآمدات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، 1.4 ارب ہندوستانیوں کی جانب سے پیدا ہونے والی طلب اور ملک کا وسیع ثقافتی تنوع۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجارتی میلہ اب محض دہلی تک محدود ایک تقریب نہیں رہا بلکہ ہندوستان کی ریاستوں، کاروباری اداروں، مصنوعات اور صلاحیتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کا ذریعہ بن کر ابھرا ہے۔

اس سال کے میلے میں متعارف کرائی گئی نئی پہلوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ 30 سے زیادہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنی خصوصیات کی نمائش کر رہے ہیں، جبکہ 3,500 سے زیادہ نمائش کنندگان اور 11 ممالک کے شرکا بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ ’’ایک ضلع، ایک مصنوعات‘‘ پویلین کے تحت ملک کے مختلف حصوں کی مصنوعات پیش کی جائیں گی، جن میں ہندوستان کے فنون، دست کاری، دست بافی اور غذائی مصنوعات کی خصوصیات کو اجاگر کیا جائے گا۔

ایک اور اہم کشش ’’ہال آف انسپائریشن‘‘ ہوگی، جہاں 600 اسٹارٹ اپس اور ان کی اختراعات کی نمائش کی جائے گی۔ آئی آئی ٹی ایف کی موبائل ایپلی کیشن زائرین کو پورے میلے سے متعلق معلومات فراہم کرے گی، جس سے انہیں نمائش گاہ میں راستہ تلاش کرنے اور اپنی دلچسپی کے نمائش کنندگان کی شناخت کرنے میں سہولت ہوگی۔ جناب گوئل نے کہا کہ بھارت منڈپم میں میلے کے وسیع پھیلاؤ کے پیش نظر پوری نمائش کا جائزہ لینے کے لیے زائرین کو دو سے تین دن کا وقت نکالنا ہوگا۔

وزیر موصوف نے یہ اعلان بھی کیا کہ حکومت جلد ہی بھارت منڈپم کی توسیع کے اگلے مرحلے کا آغاز کرے گی، جس سے نمائش کنندگان کے لیے دستیاب نمائش کی جگہ تقریباً دوگنی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف سمیت حالیہ نمائشوں کی کامیابی سے یہ ثابت ہوا ہے کہ آج دستیاب نمایاں طور پر توسیع شدہ سہولتیں بھی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔

جناب گوئل نے کہا کہ اب آئی آئی ٹی ایف کو دنیا بھر میں لے جایا جائے گا۔ اس سلسلے میں انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) مختلف شعبوں سے متعلق اور ہمہ جہتی نوعیت کے کئی بین الاقوامی تجارتی میلوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ان میلوں کے ذریعے ہندوستانی اشیا، خدمات اور اسٹارٹ اپس کو اپنی صلاحیتوں کی نمائش کرنے اور ترقی یافتہ ممالک سمیت دیگر بین الاقوامی منڈیوں سے رابطہ قائم کرنے کے مواقع ملیں گے، خاص طور پر ان ممالک کی منڈیوں سے جن کے ساتھ ہندوستان نے آزاد تجارتی معاہدے کیے ہیں۔ انہوں نے کاروباری اداروں اور نمائش کنندگان سے اپیل کی کہ وہ ان اقدامات میں سرگرمی سے حصہ لیں اور عالمی سطح پر ہندوستان کے روابط کو مضبوط بنانے میں اپنا تعاون دیں۔

معیار اور پائیداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان کی توجہ دو اہم پہلوؤں، یعنی معیار اور پائیداری پر مرکوز رہنی چاہیے۔ ’’زیرو ڈیفیکٹ، زیرو ایفیکٹ‘‘ (صفر نقص، صفر اثر) کے اصول کو اپنانے سے ملک بھر میں مساوی اور جامع ترقی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تیار ہونے والی ہر مصنوعات اعلیٰ معیار کی عکاس ہونی چاہیے اور بین الاقوامی منڈیوں میں ہندوستان کی ساکھ کو مزید مستحکم کرنا چاہیے۔

انہوں نے مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں میں اعلیٰ معیار کے معیارات اپنانے کے ساتھ پائیدار طریقۂ کار اختیار کرنے، سرکلر اکانومی کو فروغ دینے، قدرتی مصنوعات کے استعمال اور حیاتیاتی طور پر تحلیل ہونے والی مصنوعات کو زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے سے ہندوستان بین الاقوامی منڈیوں پر اپنی گرفت مضبوط کرنے اور عوام کی خوشحالی میں اضافے کی عالمی دوڑ میں کامیاب ملک کے طور پر ابھرے گا۔

ہندوستان کی گھریلو معیشت کی بڑھتی ہوئی مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے حالیہ تہواروں کے موسم میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں تیزی کا حوالہ دیا، جس میں دیوالی، گووردھن پوجا اور بھائی دوج کے ساتھ نوراتری، دسہرہ اور دھن تیرس بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے بازاروں میں صارفین کی جانب سے زبردست طلب دیکھی گئی اور کاروباری سرگرمیاں بھی نمایاں طور پر زیادہ رہیں۔ اکتوبر میں جی ایس ٹی کی وصولی اس مہینے کی اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نومبر میں بھی ریکارڈ وصولی ہوگی۔

وزیر موصوف نے کہا کہ یہ تمام پیش رفت ہندوستان کی ترقی کی داستان کی مضبوطی کی عکاس ہے، جس میں معیشت کا ہر طبقہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ کسان، ماہی گیر، مزدور، خرد، چھوٹے اور اوسط درجے کے کاروباری ادارے (ایم ایس ایم ایز)، صنعت کار، خدمات فراہم کرنے والے، فن کار، دست کار اور دست بافی و دست کاری سے وابستہ افراد، سبھی ترقی اور اعتماد کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ محلے کی چھوٹی کریانہ دکانوں اور ای کامرس کاروبار سے لے کر دست کاروں اور بڑے برانڈز تک، ہر شعبہ وسعت پذیر اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ہندوستان کے نوجوان صنعت کار اور کاروباری ادارے تیزی سے عالمی منڈیوں کا رخ کر رہے ہیں، اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کر رہے ہیں اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہیں۔ برآمدات کے ابھرتے ہوئے مواقع کی مثالیں دیتے ہوئے انہوں نے اروناچل پردیش سے کیوی پھل کی برآمد کا ذکر کیا، جہاں پہلے برآمدات نہ ہونے کے برابر تھیں، نیز کُلّو کے سندھوری انار دبئی پہنچنے کا حوالہ دیا۔ انہوں نے آئی آئی ٹی ایف میں شریک نمائش کنندگان اور کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ برآمدات کی صلاحیت رکھنے والی مصنوعات کی شناخت کریں اور ہندوستان کے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے ذریعے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بین الاقوامی منڈیاں کھلی ہوئی ہیں اور ہندوستانی کاروباری اداروں کو ان تک رسائی حاصل کرنے کے لیے خود پہل کرنی چاہیے۔

جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کو نوجوان آبادی سے تقویت مل رہی ہے، جو بہتر معیارِ زندگی، معیاری تعلیم و صحت کی سہولتوں اور اپنی صلاحیتوں و ہنر کو فروغ دینے کے زیادہ مواقع کی خواہش مند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے 12 سال کے عرصے میں تقریباً 50 کروڑ لوگوں کو انتہائی غربت سے باہر نکالا ہے۔ اس سے ملک بھر کے لوگوں میں کامیابی کا احساس پیدا ہونے کے ساتھ روشن مستقبل کے لیے نئی امنگیں بھی پیدا ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا بھر کے تنازعات اور غیر یقینی حالات سے قطع نظر، اعتماد کے ساتھ عالمی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے اور تجارت، اقتصادی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر اپنی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا سہرا فیصلہ کن قیادت اور ملک کی بڑھتی ہوئی اقتصادی طاقت کو دیا۔

ملک کے طویل مدتی اقتصادی عزائم کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان کی موجودہ 4 ٹریلین ڈالر کی معیشت کا ہدف ہے کہ 2047 تک اسے 30 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنایا جائے، جب ملک اپنی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے کا جشن منائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان آبادی، وسعت پذیر کاروباری سرگرمیاں اور برآمدات کی بڑھتی ہوئی صلاحیتیں وِکست بھارت کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

وزیر موصوف نے ترقی کے سفر کے ساتھ ہندوستان کے ورثے اور روایات کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے آئی آئی ٹی ایف کا موضوع ہندوستان کی ترقی کی داستان کی بھرپور عکاسی کرتا ہے، کیونکہ ورثے کے احترام کے بغیر ترقی کا تصور نامکمل ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ملکوں نے خوشحالی حاصل کی ہے، انہوں نے اپنی روایات، ورثے اور ثقافت کا تحفظ کرنے کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی اور فروغ بھی دیا ہے۔

وزیر موصوف نے نارتھ بلاک اور ساؤتھ بلاک کے احاطے میں دنیا کے سب سے بڑے عجائب گھر ’’یوگے یوگین بھارت میوزیم‘‘ کے قیام کی حالیہ منظوری کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہیں کہ ہندوستان کے تنوع، اس کی طویل تاریخ، کئی ہزار برسوں کے دوران دنیا کے لیے اس کی خدمات، اس کے مالا مال ثقافتی ورثے اور روایات کو عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جائے۔ اس حقیقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ہندوستان ایک وقت عالمی معیشت میں 30 فیصد سے زیادہ حصہ داری رکھتا تھا، جناب گوئل نے کہا کہ عالمی برادری میں اپنا جائز مقام دوبارہ حاصل کرنے اور ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ملک کے ماضی کو سمجھنا اور اس کی اہمیت کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نارتھ بلاک اور ساؤتھ بلاک کے احاطے میں تعمیر کیا جا رہا ’’یوگے یوگین بھارت میوزیم‘‘ ہندوستان کی تاریخ، روایات اور دنیا کے لیے اس کی خدمات کو اجاگر کرے گا اور آنے والی نسلوں، خصوصاً ملک کے نوجوانوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ثابت ہوگا۔

جناب گوئل نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف کے 45ویں ایڈیشن نے محض بتدریج بہتری کے مرحلے سے آگے بڑھتے ہوئے وِکست بھارت 2047 کے خواب کی جانب ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ تجارتی میلہ ایک نئی مثال قائم کرے گا اور اس بات کا آغاز ثابت ہوگا کہ ہندوستان کس طرح خود کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا اور ہندوستانی اشیا، خدمات، فنون اور ثقافت کے فروغ کے لیے بین الاقوامی منڈیوں سے کس طرح روابط قائم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پی او اور وزارتِ تجارت و صنعت کی قیادت میں، ریاستی حکومتوں اور مرکزی حکومت کی دیگر وزارتوں کے باہمی تال میل سے، حکومت کے تمام شعبوں کو ساتھ لے کر چلنے کے طریقۂ کار کے تحت شروع کیے جانے والے اقدامات سے دنیا بھر میں ہندوستانی کاروباری اداروں اور صنعت کاروں کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر جناب گوئل نے 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2026 کے آغاز کا اعلان کیا اور تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی اور عالمی سطح پر روابط کے سفر میں سرگرمی سے اپنا تعاون دیں۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7631

 


(ریلیز آئی ڈی: 2336133) وزیٹر کاؤنٹر : 16
یہ ریلیز پڑھیں: Telugu , English , हिन्दी , Tamil