پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 NOV 2026 11:01AM by PIB Delhi
مرکزی وزیر ٹیکسٹائل گری راج سنگھ نے گجرات کے ضلع کچھ کے انجار میں واقع ویل اسپن ورلڈ کے جدید ترین پیداواری کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران مرکزی وزیر نے دھاگے کی تیاری سے لے کر تولیے اور بستر کی چادریں تیار کرنے تک کے پورے پیداواری عمل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ایک ہی احاطے میں قائم مکمل مربوط پیداواری سلسلے، جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے مطابق تیار کردہ پیداواری سہولتوں کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا۔
مرکزی وزیر ٹیکسٹائل نے کچھ جیسے خشک سالی سے متاثرہ خطے میں ماحول دوست صنعت کاری، پانی کی ری سائیکلنگ اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے تئیں ویل اسپن کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سرسبز و شاداب ماحول میں قائم یہ صنعتی کمپلیکس ’’باغ میں پیداواری مرکز‘‘ کے تصور کو حقیقت کا روپ دیتا ہے۔ یہ اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کس طرح ساتھ ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں۔
اس موقع پر مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے صنعتی احاطے میں ایک پودا بھی لگایا اور ماحولیاتی تحفظ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور سرسبز مستقبل کی تعمیر کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت ہمارے سیارے کا انمول ورثہ ہیں۔ ان کی حفاظت اور دیکھ بھال ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ معاشرے کے ہر طبقے کو فطرت کے تحفظ میں سرگرم کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے جدید صنعتی ترقی کے ساتھ ماحولیاتی توازن، پائیدار مینوفیکچرنگ اور قدرتی وسائل کا دانش مندانہ استعمال بھی یکساں طور پر ضروری ہے۔ ویل اسپن کا یہ کمپلیکس صنعت، اختراع اور ماحولیاتی ذمہ داری کے درمیان مؤثر تال میل کی ایک قابلِ تقلید مثال پیش کرتا ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کی ٹیکسٹائل صنعت پائیدار اور ماحول دوست پیداواری طریقے اپنا کر ترقی کے نئے معیارات قائم کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر اپنی شناخت کو بھی مستحکم کر رہی ہے۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7634