الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

کنسینٹ منیجر رجسٹریشن فریم ورک نظام نافذ، وزارتِ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سکریٹری نے آن لائن رجسٹریشن پورٹل کا آغاز کیا


اہل ہندوستانی کمپنیاں اب dpbi.gov.in کے ذریعے رضامندی کے منتظمین کی حیثیت سے رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتی ہیں؛ کم از کم خالص مالیت 2 کروڑ روپے مقرر

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 NOV 2026 12:41PM by PIB Delhi

ڈیجیٹل ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے قانون، 2023 کے تحت رضامندی کے منتظمین کی رجسٹریشن کا نظام 13 نومبر 2026 سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔ اس مرحلے کے نفاذ کے حصے کے طور پر، وزارتِ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سکریٹری جناب ایس کرشنن نے اہل کمپنیوں کو رضامندی کے منتظمین کی حیثیت سے رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے کے قابل بنانے کی غرض سے آن لائن پورٹل https://dpbi.gov.in کا آغاز کیا۔

یہ نظام ایک ایسے طریقۂ کار کو عملی شکل دینے کی جانب اہم قدم ہے، جو ڈیٹا سے متعلق افراد کو اپنے ذاتی ڈیٹا سے متعلق رضامندی پر زیادہ اختیار استعمال کرنے کے قابل بناتا ہے۔ یہ ڈیجیٹل ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے نظام کے مرحلہ وار نفاذ کا حصہ ہے اور اہل اداروں کو رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے اور رضامندی کے انتظام سے متعلق خدمات فراہم کرنے کی تیاری کا موقع فراہم کرتا ہے۔

رضامندی کے منتظمین کا کردار اور جواب دہی

رضامندی کا منتظم ایسا ادارہ ہے جو ہندوستان کے ڈیٹا پروٹیکشن بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ ہوتا ہے اور ایک قابلِ رسائی، شفاف اور باہمی طور پر مربوط پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیٹا سے متعلق افراد کو رضامندی دینے، اس کا انتظام کرنے، اس کا جائزہ لینے اور اسے واپس لینے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس نظام کا مقصد ڈیجیٹل ماحول میں اعتماد اور جواب دہی کو مضبوط بنانا ہے، جس کے تحت رضامندی کے منتظمین ڈیٹا سے متعلق افراد کے تئیں جواب دہ ہوں گے۔

اہلیت اور رجسٹریشن کا طریقۂ کار

بھارت میں قائم وہ کمپنیاں جن کے پاس مناسب تکنیکی، انتظامی اور مالی صلاحیت موجود ہو اور جن کی خالص مالیت کم از کم 2 کروڑ روپے ہو، رضامندی منتظمین کے طور پر رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ ان شرائط کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ رجسٹرڈ اداروں کے پاس محفوظ، قابلِ اعتماد اور جواب دہ خدمات فراہم کرنے کے لیے ضروری وسائل اور صلاحیتیں موجود ہوں۔

اہل کمپنیاں نئے شروع کیے گئے پورٹل کے ذریعے بورڈ کے پاس رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ بورڈ مقررہ شرائط کی بنیاد پر درخواستوں کا جائزہ لے گا اور اہل پائی جانے والی کمپنیوں کو رجسٹریشن فراہم کر سکتا ہے۔ رجسٹرڈ رضامندی منتظمین کی فہرست بورڈ کی ویب سائٹ پر عوام کے لیے دستیاب کرائی جائے گی۔

ڈیٹا سے متعلق افراد کے حقوق، ڈیٹا کے ذمہ دار اداروں کی ذمہ داریوں اور بورڈ کی جانب سے تحقیقات اور جرمانے کے طریقۂ کار سے متعلق دیگر اہم دفعات 13 مئی 2027 سے نافذ ہونے والی ہیں۔

ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ، 2023 اور ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن قواعد، 2025 کے بارے میں مزید معلومات وزارت کی ویب سائٹ https://www.meity.gov.in/ پر دستیاب ہیں۔ اس سے متعلق سوالات کے لیے secretary[at]dpbi[dot]gov[dot]in پر ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

رضامندی منتظمین کے رجسٹریشن کے طریقۂ کار سے متعلق مزید تفصیلات کے لیے یہاں کلک کریں.

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7635


(ریلیز آئی ڈی: 2336189) وزیٹر کاؤنٹر : 27