ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ماحولیات کے مرکزی وزیر نے دلّی-این سی آر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیا


جناب بھوپیندر یادو: این سی آر کی ریاستیں صرف منصوبہ بندی تک محدود نہ رہیں بلکہ زمینی سطح پر سختی کے ساتھ، مقررہ وقت میں اور باہمی تال میل کے ساتھ اقدامات کو یقینی بنائیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 NOV 2026 1:52PM by PIB Delhi

ماحولیات، جنگلات اور  آب و ہوا  کی  تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں دلّی-این سی آر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے دلّی، ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران  ، وزیر موصوف نے این سی آر کی ریاستی حکومتوں اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ 30 سے زائد جائزہ میٹنگیں کی ہیں، تاکہ فضائی آلودگی سے نمٹنے کی تیاریوں کو مضبوط بنایا جا سکے اور آلودگی پر قابو پانے کے لیے پہلے سے طے شدہ اقدامات پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد  کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ اقدامات جناب یادو کی رہنمائی میں تیار کیے گئے تفصیلی ایکشن پلان کا حصہ ہیں۔

اس میٹنگ میں دلّی کے  ماحولیات  کے وزیر  سردار منجندر سنگھ سرسا، ہریانہ کے وزیر جناب راؤ نربیر سنگھ اور اتر پردیش کے وزیر جناب ارون کمار سکسینہ نے ورچوئل طور پر شرکت کی۔ ماحولیات، جنگلات اور  آب و ہوا میں تبدیلی کی وزارت کے سکریٹری جناب نریندر بھوشن، ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹر امان دیپ گرگ اور مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ  ( سی پی سی بی )   کے چیئرمین نے بھی ترکیہ کے شہر انطالیہ سے ورچوئل طور پر میٹنگ میں حصہ لیا۔ کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ ( سی اے کیو ایم ) کے رکن سکریٹری جناب ترون پتھوڑے نے این سی آر کی ریاستوں کی جانب سے اب تک کی گئی پیش رفت کی تفصیلات پیش کیں، جب کہ کمیشن کے چیئرپرسن جناب راجیش ورما نے مختلف ریاستوں کے ایکشن پلان پر زمینی سطح پر عمل درآمد کی صورتِ حال اور مختلف شعبوں میں کیے جانے والے باقی اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔

 

 

سردیوں میں فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر مرکزی وزیر نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ صرف منصوبہ بندی تک محدود نہ رہیں بلکہ زمینی سطح پر سختی کے ساتھ، مقررہ وقت کے اندر اور باہمی  تال میل کے ساتھ اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فضائی آلودگی  ، ریاستوں کی سرحدوں کو نہیں پہچانتی، اس لیے پورے این سی آر میں آلودگی پر قابو پانے کے یکساں اقدامات کو باہمی تال میل کے ساتھ نافذ کیا جانا چاہیے۔ جناب یادو نے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز ( آئی سی سی سیز )  کے ذریعے آلودگی کی حقیقی وقت میں نگرانی کرنے اور خلاف ورزیوں کے لیے فیلڈ افسران کو براہِ راست جواب دہ بنانے پر بھی زور دیا۔ ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہریانہ کے 7 شہروں، اتر پردیش کے 4 شہروں اور راجستھان کے 4 شہروں کے لیے سکریٹری سطح کے افسران نامزد کریں۔ یہ افسران فیلڈ کا دورہ کرکے آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے اور ہر ہفتے سی اے کیو ایم  کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ کمیشن سے کہا گیا کہ وہ کام میں غفلت برتنے والے افسران کو نوٹس جاری کرے۔

جناب یادو نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ریاستوں کے لیے اے این پی آر  ( اے این پی آر )  کیمرے نصب کرنا لازمی ہے۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں 30 نومبر  ، 2026 ء کے بعد سی اے کیو ایم ، غفلت برتنے والے محکمۂ ٹرانسپورٹ کے افسران کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرے گا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ ( سی پی سی بی )  کو ہدایت دی گئی کہ وہ آلودگی پھیلانے والی ان 191 غیر معیاری صنعتوں کو فوری طور پر بند کرے، جنہوں نے بار بار ہدایات دیے جانے کے باوجود فضائی آلودگی پر قابو پانے والے آلات ( اے پی سی ڈیز )  نصب کرنے کے آرڈر تک نہیں دیے ہیں۔ فوری اصلاحی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ریاست کے مخصوص آلودگی والے علاقوں (ہاٹ اسپاٹس) کے ایکشن پلان کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ یہ جائزہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے سکریٹری، وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور کے سکریٹری، سی پی سی بی کے چیئرمین اور سی اے کیو ایم   کی چیئرپرسن سمیت دیگر سینئر افسران لیں گے۔ جناب یادو نے بتایا کہ مرکزی وزیرِ ماحولیات متعلقہ ریاستی وزراء کے ساتھ باقاعدگی سے زمینی سطح پر معائنہ بھی کریں گے۔

 

 

مختلف امور پر کارروائی کے لیے تفصیلی ہدایات درج ذیل ہیں:

1۔   جی آر اے پی  اور موسمِ سرما کے ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد:

مرکزی وزیر نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو جی آر اے پی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے این سی آر کی ریاستوں سے کہا کہ وہ دلّی کے موسمِ سرما کے اس ایکشن پلان کو اپنائیں، جس میں آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس منصوبے میں ٹریفک کا انتظام، گھر سے کام کرنے کے اقدامات، تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندیاں اور کھلے مقامات پر کچرا جلانے کی روک تھام شامل ہیں۔ سی اے کیو ایم  کے 30 اکتوبر  ، 2026  ء کے حکم کے مطابق، 5 سے 20 نومبر  ، 2026  ء تک پورے این سی آر میں تعمیراتی اور انہدامی سرگرمیوں ( سی اینڈ ڈی ) پر پابندی عائد کی گئی ہے، جن سے گرد و غبار پیدا ہوتا ہے۔

2۔ سڑکوں کے گرد و غبار اور ٹریفک کا انتظام:

سڑکوں سے اٹھنے والی  دھول پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے  ، جناب یادو نے کہا کہ 5 ہزار 480 کلومیٹر سڑکوں کی مرمت اور ازسرِنو تعمیر کے مقررہ ہدف میں سے اب تک صرف 3 ہزار 221 کلومیٹر سڑکوں کا کام مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے سڑکوں کی دیکھ بھال کرنے والی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ سی اے کیو ایم   کے طے کردہ اصولوں کے مطابق سڑکوں کے گڑھوں کی مرمت، خراب فٹ پاتھوں کی درستگی، سڑکوں کے درمیان موجود حصوں اور سڑکوں کی مکمل پختہ کاری کو ترجیح دیں۔ اس کے ساتھ اے آئی پر مبنی ویڈیو سروے بھی کرائے جائیں۔ سڑکوں کی صفائی ستھرائی کرنے والی مشینوں کا پوری صلاحیت سے استعمال کیا جائے اور انہیں دو شفٹوں میں چلایا جائے۔ ان مشینوں کی نقل و حرکت پر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے نظر رکھی جائے اور انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز  ( آئی سی سی سیز ) کے ذریعے اے آئی کی مدد سے نگرانی کی جائے۔ ریاستوں کو یہ ہدایت بھی دی گئی کہ وہ بڑے پیمانے پر صفائی ستھرائی مہم چلائیں اور سڑکوں پر جمع مٹی، تعمیراتی و انہدامی ملبے اور بلدیاتی کچرے کو ہٹانے کو یقینی بنائیں۔ ٹریفک جام سے نجات دلانے کے لیے مرکزی وزیر نے این سی آر میں پہلے سے نشان زد 233 ٹریفک جام والے مقامات پر فوری اقدامات کرنے اور ریاستوں کو  ، ان مقامات کا نئے سرے سے جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ میونسپل کارپوریشن آف دلّی ( ایم سی ڈی )  سے کہا گیا کہ وہ دلّی کی سرحدوں پر داخلے کے 154 مقامات پر ملٹی لین فری فلو سسٹم نصب کرنے کا کام 31 دسمبر  ، 2026  ء تک مکمل کرے۔

3۔ گاڑیوں اور صنعتی آلودگی پر قابو پانا:

گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی کے معاملے پر جناب یادو نے ’پریورتن اسکیم‘ پر تیزی سے عمل کرنے پر زور دیا۔ اس اسکیم کے تحت  2028  ء تک بی ایس-6 سے پہلے کے ٹرکوں اور بسوں کو بی ایس-6 گاڑیوں، سی این جی اور الیکٹرک گاڑیوں سے تبدیل کیا جانا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر اتر پردیش، راجستھان اور ہریانہ میں اسکیم سے فائدہ  حاصل کرنے  والوں کے رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور اس مقصد کے لیے ریاستی سطح پر فوری طور پر ’پریورتن میلے‘ منعقد کرنے کو کہا۔ ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ پیٹرول پمپوں پر اے این پی آر پر مبنی نگرانی کا نظام جلد نصب کریں اور اسے واہن اور پی یو سی سی  ڈیٹابیس سے منسلک کریں، تاکہ پرانی اور زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔

صنعتوں سے خارج ہونے والی آلودگی کے معاملے میں وزیر موصوف نے بتایا کہ آلودگی پھیلانے والی مجموعی 2 ہزار 345 صنعتوں میں سے 2 ہزار 298 صنعتوں (98 فی صد) کو او سی ای ایم ایس  سے جوڑ دیا گیا ہے، جب کہ باقی 47 یونٹوں کو بند یا سیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے ذراتی آلودگی  کے اخراج کی حد 50 ملی گرام فی نارمل کیوبک میٹر ( ایم جی / این ایم³  ) کے ضابطے پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والی صنعتوں کو ضرورت کے مطابق بند کیا جائے، ان کی بجلی منقطع کی جائے اور انہیں سیل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (  سی پی سی بی )  کے موسمِ سرما کے نفاذی معیاری طریقۂ کار ( ایس او پی )  کے تحت، جو یکم اکتوبر  ، 2026  ء سے 28 فروری  ، 2027  ء تک نافذ رہے گا، پورے این سی آر میں او سی ای ایم ایس کے ذریعے ملنے والے الرٹس اور نگرانی کے مراکز فعال کر دیے گئے ہیں۔ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈز سے کہا گیا کہ وہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں ( ایم ایس ایم ایز )  کو ’سووچھ پون نیل گگن، سوستھ این سی آر( ایس پی این جی – این سی آر )  ‘ اسکیم کے تحت فضائی آلودگی پر قابو پانے والے آلات ( اے پی سی ڈیز )  نصب کرنے کے لیے مالی مدد حاصل کرنے میں سہولت فراہم کریں۔ اس کے علاوہ، ایسے علاقوں میں  ، جہاں صنعتی سرگرمیوں کے لیے مقررہ ضابطوں پر عمل نہیں ہو رہا ہے، وہاں آلودگی پھیلانے والی خلاف ورزی کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

4۔ کچرے کا  بندوبست اور کھلے مقامات پر کچرا جلانے کی روک تھام:

مرکزی وزیر نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی ٹھوس کچرے کو ٹھکانے لگانے اور اس کی پروسیسنگ کی صلاحیت میں موجود 6 ہزار 747 ٹن یومیہ کی کمی کو دور کریں۔ کھلے مقامات پر کچرا پھینکنے اور جلانے پر سختی سے روک لگائی جائے اور اوکھلا، غازی پور، بھلسوا اور بندھواڑی میں برسوں سے جمع کچرے کو ٹھکانے لگانے کا کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے 3 ہزار سے زائد فعال تعمیراتی اور انہدامی مقامات کا موقع پر جا کر معائنہ کرنے، کچرا جمع کرنے کے ثانوی مراکز سے اسے وقت پر اٹھانے اور کچرے کی ری سائیکلنگ کے پلانٹس کو فعال رکھنے پر بھی زور دیا۔ کچرا جمع کرنے سے لے کر اس کی پروسیسنگ تک پورے عمل کی نگرانی انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز ( آئی سی سی سیز )  کے ذریعے ڈیجیٹل نظام سے کی جائے۔ بلدیاتی اداروں، رہائشی فلاحی انجمنوں ( آر ڈبلیو ایز )   اور نجی اداروں سے کہا گیا کہ وہ حفاظتی اور صفائی  ستھرائی سے متعلق عملے کے لیے ایسے متبادل انتظامات کریں ، جن سے آلودگی نہ پھیلے۔ کھلے مقامات پر کچرا جلانے کی روک تھام اور نگرانی کی ذمہ داری وارڈ سطح کے افسران اور صفائی  ستھرائی سے متعلق انسپکٹروں کو سونپی جائے۔

5۔ آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس کا  بندوبست :

آلودگی پر قابو پانے کے لیے مخصوص مقامات پر خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  ، جناب یادو نے کہا کہ این سی آر کی تمام ریاستیں بڑے شہروں میں آلودگی کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کریں اور ان کے لیے خصوصی ایکشن پلان تیار کریں۔ ان منصوبوں میں خاص طور پر بازاروں، اسکولوں، اسپتالوں، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اڈوں کو شامل کیا جائے۔

6۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی اور عوامی شمولیت:

ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی اور کارروائی پر زور دیتے ہوئے  ، وزیر موصوف نے دلّی کے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ( آئی سی سی سی )  کا ذکر کیا، جس کا آغاز 5 اکتوبر  ، 2026  ء کو کیا گیا تھا۔ انہوں نے سی اے کیو ایم   کے ’پون ‘  پلیٹ فارم کا بھی ذکر کیا، جس کا پورا نام ’پلیٹ فارم فار ایئر کوالٹی ویجیلنس اینڈ اینالیٹکس فار این سی آر‘ ہے۔ اس پلیٹ فارم پر فضائی معیار، آلودگی کے اخراج، موسمی حالات، سیٹلائٹ اور ضابطوں پر عمل درآمد سے متعلق اعداد و شمار ایک ہی جگہ دستیاب ہوتے ہیں۔ جناب یادو نے کہا کہ سینسرز، کیمروں اور سیٹلائٹ سے ملنے والی حقیقی وقت کی معلومات کو موقع پر کیے جانے والے معائنوں کے ساتھ استعمال کیا جائے، تاکہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرکے فوری کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے این سی آر کی تمام ریاستوں اور متعلقہ ایجنسیوں سے یہ بھی کہا کہ زیرِ التوا اقدامات مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اطلاعات، تعلیم اور آگاہی ( آئی ای سی )  مہم چلائی جائے۔ ان مہمات میں شہریوں، رہائشی فلاحی انجمنوں ( آر ڈبلیو ایز ) ، ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنوں اور تعمیراتی صنعت سے وابستہ افراد کو بھی شامل کیا جائے۔

 

 

جائزہ میٹنگ کے اختتام پر  ، مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ دلّی-این سی آر میں فضائی آلودگی کے مسئلے سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششیں، زمینی سطح پر افسران کی جوابدہی اور عملی اقدامات کا واضح طور پر نظر آنا ضروری ہے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ر ا )

U.No. 7636


(ریلیز آئی ڈی: 2336234) وزیٹر کاؤنٹر : 22