پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 NOV 2026 6:41PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی جناب شیو راج سنگھ چوہان نے آج پردھان منتری آواس یوجنا-گرامین کے تحت اوڈیشہ میں غریب خاندانوں کے لیے پانچ لاکھ پکے مکانات کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ جناب موہن چرن ماجھی کی موجودگی میں بالانگیر میں اسکیم کے ریاستی سطح کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، اس پروگرام میں بالانگیر میں ایک نئے ایگریکلچر کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر زراعت جناب کنک وردھن سنگھ دیو، پنچایتی راج اور پینے کے پانی کے وزیر جناب روی نارائن نائک، صحت و خاندانی بہبود کے وزیر ڈاکٹر مکیش مہالنگ، رکن پارلیمنٹ محترمہ سنگیتا کماری سنگھ دیو، اور مقامی قانون ساز جناب نوین کمار جین، جناب لکشمن باگ اور محترمہ روپا مشرا بھی موجود تھے۔
جناب چوہان نے کہا کہ ایک تازہ اور مناسب سروے اب مکمل ہو چکا ہے اور کوئی بھی غریب خاندان کچے مکان میں نہیں رہے گا۔ تمام مستحق خاندانوں کو مرحلہ وار پکے مکانات ملیں گے۔ انھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ مرکز اور ریاستی حکومت مکانات پر شمسی پینل لگانے کے لیے مشترکہ طور پر سبسڈی فراہم کریں گی۔ اس سے مستفیدین کو اپنے بجلی کے بل صفر کرنے اور اضافی بجلی فروخت کرکے اضافی آمدنی حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

اوڈیشہ میں 29 لاکھ خواتین لکھ پتی دیدی بن گئیں؛ خواتین کے لیے 10 لاکھ کروڑ روپے کا کریڈٹ اقدام
خواتین کی طاقت اور شراکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، جناب چوہان نے کہا کہ سبھدرا یوجنا، جس کے تحت خواتین کو سالانہ 10,000 روپے ملتے ہیں، نے ان کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے اور ان کے وقار کو بڑھایا ہے۔ انھوں نے اوڈیشہ کی ستائش کی کہ اس نے مقررہ وقت سے ایک سال پہلے 27 لاکھ لکھ پتی دیدی کا ہدف حاصل کر لیا ہے، جس میں اب وزیر اعلیٰ جناب موہن چرن ماجھی کی قیادت میں 29 لاکھ خواتین نے یہ حیثیت حاصل کر لی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اگلے پانچ برسوں میں، ملک بھر میں خواتین کو 10 لاکھ کروڑ روپے کے قرضے بینکوں کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے تاکہ مزید خواتین لکھ پتی دیدی بن سکیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ کریڈٹ تک رسائی اب صرف سیلف ہیلپ گروپس کے اراکین تک محدود نہیں رہے گی۔ جو خواتین انفرادی طور پر اپنا کاروبار یا روزی روٹی کی سرگرمیاں شروع کرنا چاہتی ہیں، وہ بھی ضمانت کی ضرورت کے بغیر قرضے حاصل کر سکیں گی۔

بالانگیر ایگریکلچر کالج ملک کا سرکردہ ادارہ بنے گا؛ شمسی توانائی کسانوں کی مدد کرے گی
کسانوں کی خدمت کو خدا کی عبادت کے مترادف قرار دیتے ہوئے، جناب چوہان نے یقین دلایا کہ بالانگیر میں نئے ایگریکلچر کالج کو انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) اور بھارت سرکار کے تعاون سے ملک کے بہترین زرعی ادارے کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ ملک بھر کے سرکردہ زرعی سائنس دان کسانوں کے ساتھ کام کریں گے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست میں زراعت کو جدید بنانے کے لیے اوڈیشہ حکومت کے ساتھ ہم آہنگی میں ایک جامع روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے۔ ایک مجوزہ اقدام کے تحت، زرعی کھیتوں کے اوپر شمسی پینل نصب کیے جائیں گے، جس سے کسانوں کو ان کے نیچے پھل اور سبزیاں کاشت کرنے کی اجازت ملے گی۔ اس سے کسانوں کو زراعت اور شمسی توانائی دونوں سے کمانے کا موقع ملے گا۔ جناب چوہان نے یہ بھی کہا کہ پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم سے رہ جانے والے مستحق کسانوں کے نام اب مستفیدین کی فہرست میں شامل کر دیے گئے ہیں۔


ہر پنچایت کو ترقی کے لیے 1-2 کروڑ روپے ملیں گے؛ مافیا نیٹ ورکس کو ختم کیا گیا
دیہی ترقی کے لیے حکومت کے منصوبوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے، جناب چوہان نے کہا کہ اوڈیشہ کو اس سال وِکست بھارت-جی رام جی اسکیم کے تحت تقریباًً 4,000 کروڑ روپے ملیں گے۔ اس سے ہر پنچایت کو سالانہ 25 لاکھ سے 50 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ پانچ برسوں میں، چھوٹی پنچایتوں کو ترقیاتی کاموں کے لیے 1 کروڑ روپے تک اور بڑی پنچایتوں کو 2 کروڑ روپے تک ملیں گے۔ یہ فنڈز سڑکیں، نالیاں، اسکول اور پنچایت کی عمارتیں بنانے، کسانوں کے کھیتوں تک سڑکوں کی رسائی کو بہتر بنانے اور پانی کے تحفظ کے لیے تالاب بنانے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے چوتھے مرحلے کے تحت 1,700 کلومیٹر سڑکوں کی منظوری کے بعد، تمام باقی ماندہ گاؤں بھی پکی سڑکوں کے ذریعے منسلک کیے جائیں گے۔

’وِکست اوڈیشہ‘ کا وژن ریاست کی ثقافت اور لوگوں میں جڑا ہوا ہے
بالانگیر کے بھرپور ثقافتی ورثے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، جس میں اس کا نواکھائی تہوار اور ڈالکھائی اور رسارکیلی رقص شامل ہیں، جناب چوہان نے لوگوں سے ایک وِکست اوڈیشہ کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔ اپنے مخصوص گرمجوش اور ذاتی انداز میں بڑے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ وہ ایک معزز مہمان یا ملاقاتی کے طور پر نہیں آئے ہیں، بلکہ وزیر زراعت اور دیہی ترقی کی حیثیت سے ایک عاجز عوامی خادم کے طور پر آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اوڈیشہ کے زندہ اور متحرک لوگوں میں بھگوان جگن ناتھ اور ریاست کی خواتین میں سبھدرا مائیہ کی تصویر دیکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ جناب موہن چرن ماجھی کی تعریف کرتے ہوئے، جناب چوہان نے انھیں ایک سادہ، قابل رسائی اور وقف عوامی خادم قرار دیا جو انتھک محنت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وِکست بھارت کے وژن کو حقیقت کا روپ دینے کے مقصد سے، وزیر اعلیٰ ایک وِکست اوڈیشہ کی تعمیر کے لیے کام کر رہے ہیں۔
***
(ش ح - ع ا)
U.No. 7650