وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی نے آسام میں ٹپر ٹرک میں خصوصی طور پر تیار کردہ خفیہ خانے میں چھپائی گئی 20 کلو گرام میتھ گولیاں ضبط کیں ؛ ایک شخص گرفتار

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 NOV 2026 6:43PM by PIB Delhi

ملک کے شمال مشرقی خطے میں ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کے خلاف اپنی بڑی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹلی جنس ( ڈی آر آئی)   کے افسران نے آسام رائفلز کی 38 بٹالین کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر خفیہ اطلاع پر مبنی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 12 نومبر 2026 کو ایک ٹپر ٹرک سے 20 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن گولیاں (جنہیں عام طور پر یابا کہا جاتا ہے) ضبط کر لیں۔

خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے  ڈی آر آئی افسران نے ضلع کچھار کے بورکھولا کے قریب ایک ٹاٹا ٹپر ٹرک کو روکا۔ ایک مکینک کی مدد سے ٹرک کے تفصیلی معائنے کے دوران، افسران نے ٹرک کے دائیں جانب کے پینل کے اوپری اندرونی حصے میں خصوصی طور پر   تیار کردہ  ایک خفیہ خانہ دریافت کیا۔ اس پینل پر کاٹنے اور ویلڈنگ کرنے کے نشانات موجود تھے، جنہیں سیمنٹ اور پینٹ کے ذریعے چھپایا گیا تھا۔

خفیہ خانہ کھولنے پر، افسران نے 32 پیکٹ برآمد کیے جن میں گلابی اور نارنجی رنگ کی گولیاں موجود تھیں، جن کے میتھ ایمفیٹامائن ہونے کا شبہ ہے۔ برآمد ہونے والے مال میں اینٹ کی شکل کے 17 پیکٹ شامل ہیں جن میں سے ہر ایک کا وزن 1 کلوگرام ہے، جبکہ 15 مستطیل پیکٹ ہیں جن میں سے ہر ایک کا وزن 200 گرام ہے۔ این ڈی پی ایس فیلڈ  ڈیٹیکشن کٹ کا استعمال کرتے ہوئے نمونوں کی ابتدائی  فیلڈ جانچ میں ایمفیٹامائن کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹانسیز ( این ڈی پی ایس) ایکٹ  انیس سو پچاسی کی متعلقہ دفعات کے تحت 

مجموعی طور پر 20 کلوگرام وزنی برآمد شدہ گولیوں کو ٹرک سمیت  ضبط کر لیا گیا  ہے۔ ٹرک میں سوار شخص کو ایکٹ کی دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس کارروائی نے اسمگلنگ کے ایک نئے اور انوکھے طریقے کو بے نقاب کیا ہے، جس میں معمول کی چیکنگ کے دوران پکڑے جانے سے بچنے کے لیے ٹپر ٹرک کے سائیڈ پینل کے اندر ایک خفیہ خانہ بنا کر اس کے دہانے کو سیمنٹ اور پینٹ سے چھپایا گیا تھا۔

ڈی آر آئی خفیہ معلومات پر مبنی مسلسل کارروائیوں اور بین ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور غیر قانونی منشیات کے بہاؤ کو روکنے کے لیے پرعزم ہے۔

***

(ش ح- ن  ا)

U.N:7649


(ریلیز آئی ڈی: 2336317) وزیٹر کاؤنٹر : 16