کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل 15 تا 16 نومبر 2026 کو مصر کا دورہ کریں گے


جناب پیوش گوئل ساتویں بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے

دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بزنس فورم

بھارتی کاروباری رہ نما اور اسٹارٹ اپس بھارت-مصر بزنس فورم میں شرکت کریں گے

بھارت-مصر اسٹارٹ اپ فورم نئے تجارتی، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے کے لیے

130 سے زیادہ کاروباری رہ نماؤں اور اسٹارٹ اپس پر مشتمل بڑا کاروباری وفد وزارت تجارت و صنعت کے ساتھ جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 NOV 2026 10:54AM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل 15 سے 16 نومبر 2026 تک جمہوریہ عرب مصر کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دورے کا مقصد بھارت-مصر کی دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے، جس میں دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے، صنعتی تعاون کو بڑھانے اور کاروبار سے کاروبار کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے پر خاص زور دیا جائے گا۔

بھارت اور مصر کے درمیان دیرینہ تاریخی، تہذیبی اور عوامی تعلقات ہیں، جو سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی تعاون پر مشتمل ایک کثیر جہتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، بھارت-مصر تعلقات نے نئی رفتار حاصل کی ہے، جس کا نتیجہ دو طرفہ تعلقات کو ایک اسٹریٹجک شراکت داری تک پہنچانے کی صورت میں نکلا ہے، جس میں اقتصادی میدان سمیت بہتر تعاون کے لیے مشترکہ عزم شامل ہے۔

اس دورے میں بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کا ساتواں اجلاس، بھارت-مصر مشترکہ بزنس کونسل (جے بی سی) کا اجلاس اور بھارت-مصر بزنس فورم شامل ہوں گے۔ اس پروگرام میں مصر کے سینئر وزرا کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں، سرکردہ کاروباری نمائندوں کے ساتھ گفت و شنید اور افریقی ایکسپورٹ-امپورٹ بینک (افریکسیم بینک)، مصری جونیئر بزنس مین ایسوسی ایشن اور مصر-بھارت اسٹارٹ اپس فورم کے ساتھ ملاقاتیں بھی شامل ہوں گی۔ توقع ہے کہ یہ سرگرمیاں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور جدت طرازی کے روابط کو نئی تحریک فراہم کریں گی۔

بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل اور مصر کے وزیر سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت عزت مآب ڈاکٹر محمد فرید صالح 15 نومبر 2026 کو قاہرہ میں کریں گے۔

جے ٹی سی کو وزارتی سطح تک بلند کیا گیا ہے، جو دونوں ممالک کی اپنی اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ اجلاس دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور دو طرفہ تجارتی ٹوکری کو مزید متنوع بنانے اور وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ توقع ہے کہ گفت و شنید میں مارکیٹ تک رسائی کے مسائل، غیر ٹیرف رکاوٹیں، تجارتی تدارکات، زرعی اور غذائی مصنوعات، فارماسیوٹیکلز اور صحت کی دیکھ بھال، انجینئرنگ کا سامان، کیمیکلز اور پیٹرو کیمیکلز، کھاد، ٹیکسٹائل، بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتیں، کسٹمز تعاون، خدمات، قابلِ تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، نقل و حمل اور لاجسٹکس، اور باہمی دل چسپی کے دیگر شعبے شامل ہوں گے۔

اپریل-ستمبر 2026 کے دوران دو طرفہ تجارتی مالیت 5.04 بلین امریکی ڈالر رہی، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 64 فیصد کی نمو کو ظاہر کرتی ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران مصر کو بھارت کی برآمدات 3.87 بلین امریکی ڈالر تھیں، جب کہ مصر سے درآمدات 2.60 بلین امریکی ڈالر تھیں۔ مصر کو بھارت کی اہم برآمدات میں گوشت اور پولٹری کی مصنوعات، پیٹرولیم مصنوعات، نامیاتی کیمیکلز، کپاس اور مشینری شامل ہیں، جب کہ اس کی اہم درآمدات میں خام پیٹرولیم، کھاد، کپاس اور معدنی مصنوعات شامل ہیں۔ (ماخذ: ڈی جی سی آئی ایس)

توقع ہے کہ دونوں فریق ایک دوسرے کی منڈیوں میں کاروبار کی زیادہ شرکت کو آسان بنانے، ادارہ جاتی میکانزم کو مضبوط بنانے، تجارت سے متعلق خدشات کو دور کرنے اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو فروغ دینے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ سوئز کینال اقتصادی زون، صنعتی ترقی، مینوفیکچرنگ، بنیادی ڈھانچے، بندرگاہوں اور لاجسٹکس، اور علاقائی ویلیو چینز میں تعاون کے مواقع بھی گفت و شنید میں شامل ہونے کی توقع ہے۔ مصر کا اسٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع بھارتی کاروباروں کے لیے ملک میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے اور افریقہ، مشرق وسطیٰ اور یورپ کی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم مواقع فراہم کرتا ہے۔

مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 130 سے زیادہ سی ای اوز اور سینئر صنعت کے نمائندوں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی بھارتی کاروباری وفد بھارت-مصر مشترکہ بزنس کونسل کے اجلاس اور بھارت-مصر بزنس فورم میں شرکت کرے گا۔ جے بی سی کا اجلاس اور بزنس فورم دونوں ممالک کے کاروباری رہ نماؤں اور صنعت کے اسٹیک ہولڈروں کے درمیان براہ راست مشغولیت کے لیے پلیٹ فارم فراہم کریں گے تاکہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے، مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے، ٹیکنالوجی کی شراکت داری کو فروغ دینے اور صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔

اس دورے کے دوران، مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل مصر کے سینئر وزرا کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کیا جا سکے، خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں۔

یہ دورہ مصر کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بھارت کے مسلسل عزم کا غماز ہے، جو شمالی افریقہ میں ایک اہم شراکت دار اور علاقائی منڈیوں کے لیے ایک اسٹریٹجک گیٹ وے ہے۔ دونوں ممالک کے پاس مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکلز، آٹوموبائلز، ٹیکسٹائل، کیمیکلز، انجینئرنگ کا سامان، فوڈ پروسیسنگ، قابلِ تجدید توانائی، لاجسٹکس اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں تعاون کو وسعت دینے کے اہم مواقع ہیں۔ توقع ہے کہ یہ دورہ بھارت-مصر اقتصادی شراکت داری کو نئی رفتار فراہم کرے گا، ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنائے گا اور بھارتی اور مصری کاروباروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔

***

(ش ح - ع ا)

U.No. 7662

 


(ریلیز آئی ڈی: 2336417) وزیٹر کاؤنٹر : 13