وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

بری فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ جمہوریہ چیک کے سرکاری دورے پر روانہ


اس دورے کا مقصد دوطرفہ دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 NOV 2026 10:28AM by PIB Delhi

بری فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ 16 سے 19 نومبر 2026 تک جمہوریہ چیک کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔ اس دورے کا مقصد دوطرفہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روابط کو فروغ دینا اور دفاعی ٹیکنالوجی و صنعت کے شعبوں میں اشتراک کے امکانات تلاش کرنا ہے۔

دورے کے دوران بری فوج کے سربراہ جمہوریہ چیک کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی عہدیداروں سے تبادلۂ خیال کریں گے، جن میں لیفٹیننٹ جنرل پیٹر چیپیلکا، چیف آف جنرل اسٹاف کے پہلے نائب اور پراگ میں جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز (جی ایس ایچ کیو) میں نائب سربراہِ دفاع شامل ہیں۔ بری فوج کے سربراہ جی ایس ایچ کیو میں پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے دوران شہید فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ وہ وزارتِ دفاع کے اعلیٰ عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، جن میں فوجی تعاون، تربیت، جدید کاری اور ابھرتے ہوئے سلامتی کے چیلنجز شامل ہیں، پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

پروگرام کے ایک حصے کے طور پر جنرل دھیرج سیٹھ برنو میں واقع دفاعی یونیورسٹی اور نیٹو کے مشترکہ کیمیائی، حیاتیاتی، تابکاری اور جوہری دفاعی مرکزِ امتیاز کا دورہ کریں گے، جہاں انہیں جمہوریہ چیک کی مسلح افواج کی خصوصی تربیت، عملی صلاحیتوں اور مستقبل کی تیاریوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی۔

بری فوج کے سربراہ بین الحکومتی دفاعی تعاون ایجنسی، دفاع و سلامتی کی صنعت سے وابستہ انجمن اور دفاعی سازوسامان تیار کرنے والے سرکردہ اداروں کے نمائندوں سے بھی تبادلۂ خیال کریں گے، تاکہ دفاعی ٹیکنالوجی اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کیے جا سکیں۔

یہ دورہ مسلسل فوجی مذاکرات، پیشہ ورانہ تبادلوں اور صنعتی شراکت داری کے ذریعے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہندوستان اور جمہوریہ چیک کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image-2026-11-14T232914.139_20261115102937_63f8a6.png

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7667


(ریلیز آئی ڈی: 2336443) وزیٹر کاؤنٹر : 19