کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے سرکاری دورے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے


جناب پیوش گوئل نے ہیلیوپولس جنگی قبرستان میں ہندوستانی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور قاہرہ میں ہندوستانی برادری کے ارکان سے ملاقات کی

اس دورے کا مقصد ہندوستان اور مصر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا اور تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا ہے

130 سے زائد کاروباری رہنماؤں اور نئے کاروباری اداروں پر مشتمل وفد وزیر تجارت و صنعت کے ہمراہ ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 NOV 2026 9:55AM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل 14 نومبر 2026 کو ہندوستان اور مصر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان صنعتی و تجارتی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے مقصد سے سرکاری دورے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے۔

ہندوستان اور مصر کے درمیان تاریخی، تہذیبی اور عوام سے عوام کے روابط پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران یہ تعلقات ایک کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل ہوئے ہیں، جس میں سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور ثقافتی تعاون شامل ہے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان اور مصر کے تعلقات کو نئی رفتار ملی ہے، جس کے نتیجے میں دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقتصادی شعبے سمیت مختلف میدانوں میں تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے دورے کے آغاز میں جناب پیوش گوئل نے قاہرہ کے ہیلیوپولس جنگی قبرستان میں ہندوستانی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں اور خدمات کو یاد کیا۔ اس قبرستان میں دفن یا جن کی یاد میں یادگاریں قائم ہیں، ایسے 4,000 فوجیوں میں سے 3,727 ہندوستانی فوجی تھے۔ ان میں سے تقریباً 2,000 فوجیوں نے پہلی عالمی جنگ اور لگ بھگ 1,700 فوجیوں نے دوسری عالمی جنگ کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔

وزیر موصوف نے مصر میں انڈین کمیونٹی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہندوستانی برادری کی ایک تقریب سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ہندوستانی تارکینِ وطن برادری کے ارکان سے تبادلۂ خیال کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور عوام سے عوام کے روابط کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہنے کا موقع ملا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب پیوش گوئل نے ہندوستان اور مصر کے تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 6.5 ارب امریکی ڈالر کی دوطرفہ تجارت ان دو قدیم تہذیبوں کے درمیان شراکت داری کا محض آغاز ہے۔ ہندوستانی برادری کو دونوں ممالک کے درمیان ایک زندہ پل قرار دیتے ہوئے انہوں نے مصر میں کام کرنے والی تقریباً 70 ہندوستانی کمپنیوں کی خدمات کو بھی اجاگر کیا، جن کی سرمایہ کاری 5 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ ہے اور جو مصری شہریوں کے لیے براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔

مصر میں ہندوستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم رابطے کا ذریعہ بنی ہوئی ہے اور تجارتی تبادلوں، پیشہ ورانہ تعاون اور ہندوستان و مصر کے وسیع تر تعلقات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

اس دورے کے دوران ہندوستان۔مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی کا ساتواں اجلاس، ہندوستان۔مصر مشترکہ کاروباری کونسل کی میٹنگ اور ہندوستان۔مصر کاروباری فورم منعقد ہوں گے۔ ہندوستان۔مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل اور مصر کے وزیر سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت عزت مآب ڈاکٹر محمد فرید صالح 15 نومبر 2026 کو قاہرہ میں کریں گے۔

پروگرام میں مصر کے سینئر وزراء کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں، سرکردہ کاروباری نمائندوں کے ساتھ تبادلۂ خیال اور افریقی ایکسپورٹ۔امپورٹ بینک، مصری جونیئر بزنس مین ایسوسی ایشن اور مصر۔ہندوستان اسٹارٹ اَپس فورم کے ساتھ ملاقاتیں بھی شامل ہوں گی۔ ان ملاقاتوں سے دوطرفہ اقتصادی تعاون کا جائزہ لینے، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق مسائل کو حل کرنے اور کاروباری شراکت داری کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم ہونے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور اختراعی روابط کو نئی رفتار ملے گی۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7668


(ریلیز آئی ڈی: 2336447) وزیٹر کاؤنٹر : 14