وزارت ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

شاکیہ مُنی بدھ کے مقدس تبرکات گولڈن پگوڈا، نامسائی پہنچے، اروناچل پردیش میں نمائش کے آخری مرحلے کا آغاز


اروناچل پردیش کے گورنر نے نامسائی میں نمائش کا افتتاح کیا؛ مقدس تبرکات 14 سے 20 نومبر 2026 تک عوام کے درشن کے لیے دستیاب رہیں گے

بومڈیلا میں 35,000 سے زائد عقیدت مندوں نے مقدس تبرکات کے سامنے حاضری دی؛ توانگ اور بومڈیلا میں مجموعی طور پر حاضری کی تعداد 66,000 سے تجاوز کر گئی

گولڈن پگوڈا میں بدھ مت کے ورثے پر دو خصوصی نمائشوں کا افتتاح

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 15 NOV 2026 7:32AM by PIB Delhi

شاکیہ مُنی بدھ کے مقدس تبرکات 14 نومبر 2026 کو اروناچل پردیش کے نامسائی پہنچے، جس کے ساتھ ہی ریاست میں ان تبرکات کی نمائش کے تیسرے اور آخری مرحلے کا آغاز ہوا۔ مقدس تبرکات کا روایتی طور پر استقبال کیا گیا اور مشرقی اروناچل پردیش میں بدھ مت کے عقیدے اور ورثے کے اہم مراکز میں سے ایک گولڈن پگوڈا (کونگمو خام) میں انہیں محفوظ طریقے سے نصب کیا گیا۔

اروناچل پردیش کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل کیولیہ تروکرم پرنائک (ریٹائرڈ) نے نامسائی کے نالونگ ہیلی پیڈ پر مقدس تبرکات کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ جناب چونا مئین، ریاستی وزراء، عوامی نمائندے اور مذہبی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عقیدت مندوں اور مقامی برادری کے افراد نے گولڈن پگوڈا تک جانے والے استقبالی راستے کے دونوں جانب جمع ہوکر مقدس تبرکات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

استقبالیہ اور تبرکات کی تنصیب کی تقریب کے بعد گولڈن پگوڈا میں نمائش کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ گورنر نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ جناب چونا مئین، بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) کے ڈائریکٹر جنرل جناب راگھو پرساد بھٹناگر، بدھ سنگھ کے معزز اراکین اور دیگر ممتاز مہمان بھی موجود تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261115073358_254dfd.jpg

گورنر نے بھگوان بدھ کی تعلیمات کی عصری اہمیت کو اجاگر کیا

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے اس نمائش کو گہری روحانی اور ثقافتی اہمیت کا حامل موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقدس تبرکات بھگوان بدھ کی زندگی، ان کے حصولِ معرفت اور لازوال تعلیمات کی علامت ہیں۔

گورنر نے عصرِ حاضر کے چیلنجوں سے نمٹنے میں بدھ مت کی تعلیمات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب انسانیت تنازعات، عدم برداشت اور تشدد کا سامنا کر رہی ہے، امن، ہمدردی، دانائی اور عدم تشدد کا پیغام خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان اقدار کو اپنی روزمرہ زندگی میں اپنائیں اور ہم آہنگی، وقار اور باہمی احترام پر مبنی معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

گورنر نے وزارتِ ثقافت، حکومتِ ہند، حکومتِ اروناچل پردیش، قومی عجائب گھر، نئی دہلی، بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن اور نمائش سے وابستہ تمام افراد کی اجتماعی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اروناچل پردیش بھر کے عقیدت مندوں تک مقدس تبرکات پہنچانے میں ان کے تعاون کا اعتراف کیا۔

نائب وزیر اعلیٰ جناب چونا مئین نے اروناچل پردیش کے مالا مال اور متنوع بدھ مت ورثے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ریاست میں کئی نسلوں سے مہایان، وجریانہ اور تھیرواد بدھ مت کی روایات پروان چڑھتی رہی ہیں، اس لیے اس نمائش کی خصوصی اہمیت ہے۔ انہوں نے نامسائی میں مقدس تبرکات کی آمد کو عقیدت مندوں کے لیے عبادت کرنے اور بھگوان بدھ کی تعلیمات سے دوبارہ وابستہ ہونے کا ایک نادر موقع قرار دیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261115073406_722926.jpg

اس موقع پر قومی عجائب گھر، نئی دہلی اور بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن کے زیر اہتمام دو خصوصی نمائشوں کا گولڈن پگوڈا کے مراقبہ مرکز میں افتتاح کیا گیا۔

بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن کے زیر اہتمام ’’مقدس پپرہوا کی دریافت: بھگوان بدھ کے مقدس تبرکات اور ان کی دریافت کی داستان‘‘ کے عنوان سے منعقدہ نمائش میں پپرہوا کے تبرکات کی تاریخی، آثارِ قدیمہ سے متعلق اور روحانی اہمیت کو پیش کیا گیا ہے۔ اس میں اتر پردیش کے پپرہوا میں ہونے والی آثارِ قدیمہ کی دریافتوں اور بدھ مت میں مقدس تبرکات کی عقیدت و احترام کی دیرینہ روایت کا احاطہ کیا گیا ہے۔

اس نمائش میں پپرہوا کے جواہرات کے ذخیرے کے سفر اور ایک صدی سے زائد عرصے کے بعد 2025 میں اس کی ہندوستان واپسی کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے ذریعے زائرین کو ہندوستان کے بدھ مت ورثے کے تحفظ اور حفاظت کی اہمیت کو سمجھنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

دوسری نمائش، جس کا عنوان ’’دھمّ کے سنگم: کلاسیکی ورثہ، زندہ فن اور بشریاتی نقطۂ نظر‘‘ ہے، قومی عجائب گھر، نئی دہلی کی جانب سے ترتیب دی گئی ہے۔ اس میں بدھ مت کے مالا مال فنّی، تاریخی اور ثقافتی ورثے کو پیش کیا گیا ہے۔ یہ نمائش بدھ مت کی روایات کے ارتقا اور فن، ثقافت اور معاشرے پر ان کے مسلسل اثرات کو اجاگر کرتی ہے۔

یہ دونوں نمائشیں مقدس تبرکات کی نمائش کے روحانی تجربے کو مزید بامعنی بناتی ہیں۔ ان کے ذریعے عقیدت مندوں، طلبہ، محققین اور دیگر زائرین کو بھگوان بدھ کی زندگی و تعلیمات اور ہندوستان کے مالا مال بدھ مت ورثے کے بارے میں اپنی سمجھ بوجھ کو مزید گہرا کرنے کا موقع ملتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261115073415_6eea89.jpg

نامسائی میں مقدس تبرکات کی آمد سے قبل مغربی کامینگ ضلع کے بومڈیلا میں واقع تھبچوگ گیٹسل لنگ (ٹی جی ایل) خانقاہ، جسے لوئر گومپا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، میں ان کی چھ روزہ نمائش کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

8 سے 13 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی اس نمائش کو عقیدت مندوں کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس دوران 35,000 سے زائد عقیدت مندوں نے خانقاہ کا دورہ کیا اور عبادت، دعاؤں اور مقدس تبرکات کے حضور حاضری کے ذریعے عقیدت کا اظہار کیا۔

مغربی کامینگ ضلع اور پڑوسی علاقوں کے مختلف حصوں سے بدھ بھکشوؤں، بزرگ شہریوں، معذور افراد اور عقیدت مندوں نے گہری عقیدت و احترام کے ساتھ عوامی درشن میں شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ نے عوامی درشن کو منظم طریقے سے منعقد کرنے اور مختلف علاقوں کے عقیدت مندوں کو نمائش میں شرکت کا موقع فراہم کرنے کے لیے حلقہ وار شرکت کے انتظامات کیے تھے۔

بومڈیلا میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد میں آمد نے مقدس تبرکات کی گہری روحانی اہمیت اور اس خطے کی دیرینہ بدھ مت روایات کی عکاسی کی۔

13 نومبر کو عوامی درشن کے اختتام کے بعد، 14 نومبر کی صبح مقدس تبرکات کو روایتی تقریب کے ساتھ الوداع کیا گیا، جس کے بعد انہیں نامسائی روانہ کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261115073423_f2bc5b.jpg

اروناچل پردیش میں مقدس تبرکات کی نمائش کا آغاز 31 اکتوبر 2026 کو تاریخی گادن نامگیال لہاتسے (توانگ خانقاہ) میں ہوا تھا۔ افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت، اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو، معزز بدھ بھکشوؤں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

توانگ میں یہ نمائش 7 نومبر 2026 تک جاری رہی، جس میں 31,000 سے زائد عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

اس کے بعد بومڈیلا میں منعقدہ نمائش میں 35,000 سے زائد عقیدت مندوں کی آمد کے ساتھ دونوں مقامات پر آنے والے افراد کی مجموعی تعداد 66,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔

13 سال کے وقفے کے بعد مقدس تبرکات کی اروناچل پردیش واپسی نے ریاست بھر کی بدھ مت برادریوں کو بھگوان بدھ کے حضور عقیدت پیش کرنے کا ایک یادگار موقع فراہم کیا ہے۔

اس نمائش نے بدھ مت کی مختلف روایات اور ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں کو ایک جگہ جمع کیا ہے۔ اس نے اروناچل پردیش کے عوام اور ہندوستان کے وسیع تر بدھ مت ورثے کے درمیان دیرینہ روحانی اور ثقافتی رشتوں کو بھی ازسرنو اجاگر کیا ہے۔

مقدس تبرکات 14 سے 20 نومبر 2026 تک عوامی درشن کے لیے گولڈن پگوڈا (کونگمو خام)، نامسائی میں محفوظ رکھے جائیں گے۔

گولڈن پگوڈا اروناچل پردیش میں تھیرواد بدھ مت کے عقیدے اور طرزِ عمل کا ایک اہم مرکز ہے۔ نامسائی میں منعقد ہونے والی اس نمائش سے مشرقی اروناچل پردیش اور پڑوسی علاقوں کے عقیدت مندوں کو مقدس تبرکات کے حضور دعائیں کرنے اور عقیدت پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

نمائش کے اختتام کے بعد مقدس تبرکات کی 21 نومبر 2026 کو قومی عجائب گھر، نئی دہلی واپسی طے ہے۔

اس نمائش کا اہتمام وزارتِ ثقافت، حکومتِ ہند نے حکومتِ اروناچل پردیش، قومی عجائب گھر، نئی دہلی اور بین الاقوامی بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی)، نئی دہلی کے اشتراک سے کیا ہے۔

یہ پہل ہندوستان کے بدھ مت ورثے کے تحفظ، نگہداشت اور فروغ کے لیے حکومتِ ہند کے مسلسل عزم کی عکاس ہے۔ اس کا مقصد اس مقدس ورثے کو عقیدت مندوں کے مزید قریب لانا اور بدھ مت برادریوں کے درمیان ثقافتی و روحانی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

توانگ، بومڈیلا اور نامسائی میں منعقد ہونے والی یہ نمائش اروناچل پردیش میں بدھ مت کی مختلف روایات کے تنوع کا جشن بھی ہے اور بھگوان بدھ کے عالمگیر پیغام، یعنی امن، ہمدردی، دانائی، عدم تشدد اور ہم آہنگی کو مزید تقویت دیتی ہے۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7668


(ریلیز آئی ڈی: 2336451) وزیٹر کاؤنٹر : 13