پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 11:52AM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے بھارت کو جدید ٹیکنالوجیز کا محض صارف بنانے کے بجائے اہم شعبوں میں اسے ایک موجد، ڈیولپر اور عالمی رہنما بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے دفاعی تیاریوں اور خود انحصاری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ملک میں نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹنگ (این ڈی ٹی) کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ 15 نومبر 2026 کو غیر تباہ کن تشخیص اور معاون ٹیکنالوجیز سے متعلق 36 ویں سالانہ کانفرنس اور ایرو اسپیس میں غیر تباہ کن جانچ سے متعلق 15 ویں بین الاقوامی سمپوزیم سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جدید معائنہ ٹیکنالوجیز میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے، معیار کو برقرار رکھنے کے مستقل طریقوں کو اپنانے اور خاص طور پر اسٹریٹجک شعبوں میں جانچ کے نتائج کی درستگی، پائیداری اور سالمیت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اسٹریٹجک استعمال کے معاملات میں جانچ کے نتائج کی شفافیت اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر دفاع نے کہا،’’ہمیں جدید معائنہ ٹیکنالوجیز، خصوصی سینسرز، تشخیصی آلات اور ان سے منسلک سافٹ ویئر کے شعبوں میں اپنی مقامی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ ٹیکنالوجی کے معاملے میں دوسروں پر انحصار کم کرنے اور اہم دفاعی سپلائی چینز کو محفوظ بنانے کے لیے ان شعبوں میں ملکی صلاحیتوں کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔ ہمیں پورے دفاعی صنعتی نظام میں معیار کو برقرار رکھنے کے مستقل طریقوں کو فروغ دینا چاہیے۔ اس کوشش میں سرکاری اداروں، نجی مینوفیکچررز، اسٹارٹ اپس اور ایم ایس ایم ایز کو ایک اہم کردار ادا کرنا ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ معائنے کے نتائج درست، پائیدار اور قابلِ سراغ ہوں، اور وہ مضبوط طریقہ کار اور مناسب معیارات پر مبنی ہوں جن کے بعد مستند پیشہ ور افراد کے ذریعے ان کا جائزہ لیا جائے۔‘‘
جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ این ڈی ٹی تکنالوجیاں مواد، پرزوں اور ڈھانچوں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر ان کی سالمیت اور مضبوطی کا معائنہ کرنے کے قابل بناتی ہیں۔ اس تصور کی مزید وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح الٹراساؤنڈ اور ایکس رے سرجری کے بغیر انسانی جسم کے اندرونی حصوں کا معائنہ کرنے میں مدد دیتے ہیں، بالکل اسی طرح این ڈی ٹی تکنیکیں اہم پرزوں کو کھولے یا نقصان پہنچائے بغیر ان کے اندرونی نقائص کا پتہ لگانے کے قابل بناتی ہیں۔
وزیر دفاع نے اس بات کو اجاگر کیا کہ چونکہ بھارتی دفاعی نظام تیزی سے جدید اور پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں، اس لیے ہر اہم مواد، پرزے، اسمبلی اور مینوفیکچرنگ کے عمل کو معیار اور پائیداری کے اعلیٰ ترین پیمانوں پر پورا اترنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، 'پوشیدہ نقائص آلات کی آپریشنل دستیابی کو متاثر کر سکتے ہیں، دیکھ بھال کی ضروریات کو بڑھا سکتے ہیں، آلات کی مدتِ کار کو کم کر سکتے ہیں اور نازک حالات میں مشن کی کامیابی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ ہمیں محض نقائص کی نشاندہی کرنے کے رجحان سے آگے بڑھتے ہوئے مینوفیکچرنگ کے ہر مرحلے میں معیار کو شامل کر کے انہیں فعال طور پر روکنے کی طرف بڑھنا ہوگا۔
_20261115115358_744afe.jpeg)
جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا انحصار محض اس کی تیار کردہ ٹیکنالوجیز پر نہیں ہوتا، بلکہ اس کے بنائے ہوئے نظاموں کے معیار، پائیداری اور تحفظ پر بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میزائلوں، طیاروں، بحری پلیٹ فارمز اور خلائی جہازوں سمیت دفاعی استعمالات میں معیار محض مینوفیکچرنگ کی ایک ضرورت نہیں ہے، بلکہ یہ آپریشنل بھروسہ مندی اور قومی سلامتی کا ایک لازمی جزو ہے۔
اس شعبے کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں قیادت حاصل کرنے کے خواہشمند ملک کے لیے این ڈی ٹی کی اہمیت کو جتنا بھی اجاگر کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ دفاعی شعبے میں بھارت کی آتم نربھرتا کی کوشش محض ایک معاشی ہدف نہیں بلکہ ایک اسٹریٹجک ضرورت بھی ہے۔
بھارت کے بڑھتے ہوئے مقامی دفاعی نظام کو اجاگر کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے میزائل سازی، بحری پلیٹ فارمز، ایرو اسپیس انجینئرنگ، ریڈار سسٹمز اور خلائی استعمالات میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو ملک کی پھیلتی ہوئی سائنسی اور صنعتی صلاحیتوں کا عکاس قرار دیا۔ انہوں نے بھارت کے پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کی بحری بیڑے میں شمولیت کو آتم نربھر بھارت کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
جدت طرازی کی وسیع تر اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یہ محض سائنسی دریافتوں اور نئی ایجادات تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس میں موجودہ ٹیکنالوجیز اور نظاموں کی مسلسل بہتری، اپ گریڈنگ اور ان کی صلاحیت میں اضافہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے ادارہ جاتی طریقہ کار اور پالیسی اقدامات کے ذریعے دفاعی شعبے میں جدت طرازی کو فروغ دینے میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انوویشنز فار ڈیفنس ایکسیلنس (آئی ڈی ای ایکس) اور ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ فنڈ (ٹی ڈی ایف) ایسے اہم اقدامات ہیں جنہوں نے اختراعی سوچ، تکنیکی ترقی اور تجربات کی حوصلہ افزائی کی ہے، جس سے بھارت کے دفاعی نظام کو ایک نئی سمت ملی ہے۔
_20261115115406_1655cd.jpeg)
تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی سلامتی کے ماحول کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مقامی طور پر تیار کردہ ہتھیاروں، پلیٹ فارمز اور معاون نظاموں کو ہر وقت پائیداری اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیارات پر پورا اترنا چاہیے۔ انہوں نے این ڈی ٹی کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد پر زور دیا کہ وہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور سلامتی کی بدلتی ہوئی ضروریات کے ہم آہنگ اپنی صلاحیتوں کو مسلسل اپ گریڈ کرتے رہیں اور جدت طرازی کے جذبے کو زندہ رکھیں۔
نان ڈسٹرکٹیو ایویلیوایشن کے شعبے میں جاری تکنیکی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، روبوٹکس، جدید سینسرز، ڈیجیٹل ٹوئنز اور پیش گوئی کرنے والے تجزیات معائنے اور ڈھانچوں کی مضبوطی کی نگرانی کے امکانات کو نمایاں طور پر وسعت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجیز معائنے کی رفتار اور تسلسل کو بہتر بنا سکتی ہیں، پیچیدہ ڈیٹا کے تجزیے کو آسان بنا سکتی ہیں اور ایسے رجحانات یا نشانیوں کی نشاندہی کر سکتی ہیں جن کا روایتی طریقوں سے آسانی سے پتہ لگانا ممکن نہیں ہوتا۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل اس بات میں مضمر ہے کہ معائنے کے عمل کو مزید درست، مؤثر اور ابھرتی ہوئی صنعتی ضروریات کے مطابق بنانے کے لیے پہلے سے رائج معائنہ تکنیکوں کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ساتھ دانشمندی سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ محض ان ٹیکنالوجیز کو اپنانے سے آگے بڑھے اور اپنی اسٹریٹجک اور صنعتی ضروریات کے مطابق مقامی حل تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق، جدید آلات، سافٹ ویئر اور ہنر مند افرادی قوت میں سرمایہ کاری سے ملکی صلاحیتیں مضبوط ہوں گی اور بھارتی ٹیکنالوجیز کو بین الاقوامی منڈیوں میں جگہ بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر دفاع نے اس بات کو اجاگر کیا کہ جدت طرازی اس وقت پروان چڑھتی ہے جب حکومت، صنعت، تعلیمی ادارے اور تحقیقی تجربہ گاہیں مل کر کام کریں۔ انہوں نے پوری حکومت اور پورے نظام کی مشترکہ شمولیت پر مبنی نقطہ نظر اپنانے کی اپیل کی، جس میں تمام فریقین تکنیکی ترقی اور اسٹریٹجک خود انحصاری کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے مل کر کام کریں۔
_20261115115413_357301.jpeg)
حیدرآباد، تلنگانہ میں انڈین سوسائٹی فار نان ڈسٹرکٹیو ٹیسٹنگ کے زیر اہتمام منعقدہ اس سہ روزہ کانفرنس میں 2,000 سے زائد پیشہ ور افراد، محققین، صنعتی ماہرین اور طلباء نے شرکت کی تاکہ این ڈی ٹی کے میدان میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ان کے استعمالات پر غور و خوض کیا جا سکے۔ اس کانفرنس نے صنعت، تعلیمی حلقوں اور تحقیقی اداروں سے وابستہ فریقین کے درمیان علم کے تبادلے، تکنیکی مباحثوں اور باہمی تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، جس کا بنیادی مقصد این ڈی ٹی کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا، جدت طرازی کو فروغ دینا اور دفاع و ایرو اسپیس سمیت مختلف شعبوں میں جدید ترین معائنہ اور تشخیصی ٹیکنالوجیز کے استعمال کو آگے بڑھانا ہے۔
***
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7673