پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 12:19PM by PIB Delhi
نیتی آیوگ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے بطور سربراہِ حکومت پچیس سالہ دور سے اسباق اخذ کرنے کے لیے 17 نومبر 2026 کو پانچ قومی ورکشاپس کی ایک سیریز کا آغاز کرے گا۔ اس سیریز میں عوامی قیادت کی اس چوتھائی صدی کا مطالعہ کیا جائے گا تاکہ اس کے تجربات اور اسباق قوم کے مشترکہ علم کا حصہ بن سکیں۔ یہ سیریز ان تمام افراد کے تجربات کو دستاویزی شکل دے گی جو اس سفر کا حصہ رہے ہیں، اور انہیں ایسے مفید علم میں ڈھالے گی جس سے سبھی مستفید ہو سکیں۔
وزیر اعظم نے 7 اکتوبر 2001 کو گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا تھا۔ اس عہدے پر بارہ برس سے زائد عرصے تک خدمات انجام دینے کے بعد، انہوں نے مئی 2014 میں بھارت کے وزیر اعظم کا منصب سنبھالا اور اب وہ مسلسل تیسری مدت کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 7 اکتوبر 2026 کو پچیس سال مکمل ہونے کے ساتھ ہی، یہ بھارت میں کسی بھی منتخب حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے طویل ترین مسلسل دورِ اقتدار کا سنگِ میل ہے۔ اس پورے عرصے کے دوران حکمرانی کا محور 'پردھان سیوک' کا تصور رہا ہے، جس کے تحت حکومت کا ہر دفتر شہریوں کی خدمت کے لیے وقف ہے۔ 'انتیودیہ' نے ترقی کا پیمانہ سماج کے آخری فرد کی فلاح کو مقرر کیا ہے، جبکہ 'جن بھاگیداری' نے ترقی کو ایک عوامی تحریک بنا دیا ہے۔ 'سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس' کے اصول نے اسے ایک مشترکہ قومی عزم کے طور پر مزید مضبوط کیا ہے۔ 2047 تک 'وکست بھارت' کے ہدف نے اس نقطہ نظر کو ایک طویل مدتی وژن فراہم کیا ہے، جو ہر ادارے سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ آزادی کی صدی مکمل ہونے کی طرف بڑھتے ہوئے بھارت کے لیے منصوبہ بندی کرے اور عملی اقدامات اٹھائے۔
بھارت نے اتنے بڑے پیمانے پر حکمرانی کے حوالے سے جو کچھ سیکھا ہے، اس کا بڑا حصہ ان افسران، اداروں اور شہریوں کے تجربات میں محفوظ ہے جنہوں نے یہ فیصلے کیے اور ان پر عمل درآمد کیا۔ یہ سیریز ان کے براہِ راست اور ذاتی مشاہدات و تجربات کو قلمبند کرے گی اور علمی و تحقیقی باریک بینی کے ساتھ ان کا جائزہ لے گی۔ اس کے تحت ان تجربات کو سرکاری افسران، تربیتی اداروں، یونیورسٹیوں، طلباء اور عام عوام کے لیے ادارہ جاتی تعلیمی مواد—بشمول کیس اسٹڈیز، تحقیقی مقالات اور تدریسی مواد—کی شکل دی جائے گی۔
پانچ قومی ورکشاپس مختلف موضوعات پر مرتکز ہوں گی یعنی: نومبر 2026 میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کا موضوع ’’قیادت بطور مشن‘‘، جنوری 2027 میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کا موضوع ’’حکمرانی بطور بہم رسانی‘‘، اپریل 2027 میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کا موضوع ’’ترقی بطور شمولیت‘‘، جولائی 2027 میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کا عنوان ’’تہذیبی شناخت‘‘ اور ستمبر 2027 میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کا موضوع’’بھارت بطور عالمی قوت‘‘ ہوگا۔
پہلی قومی ورکشاپ بعنوان ’قیادت بطور مشن‘ 17 نومبر 2026 کو بھارت منڈپم، نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔ اس ورکشاپ میں قیادت کا مطالعہ ان مخصوص فیصلوں کے ذریعے کیا جائے گا جن میں قیادت کی جھلک نظر آتی ہے، اور اس طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا جائے گا جس کے تحت ان فیصلوں کو شہریوں کے لیے ٹھوس نتائج میں بدلا جاتا ہے۔ نیتی آیوگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب انوراگ جین شرکاء کا خیرمقدم کریں گے، جبکہ نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین جناب اشوک کمار لاہڑی افتتاحی کلمات پیش کریں گے۔ وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا افتتاحی کلیدی خطاب کریں گے، اور کوٹک مہندرا بینک کے بانی جناب ادے کوٹک بھی کلیدی خطاب پیش کریں گے۔ نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر آر بالاسبرامنیم ورکشاپ کا خاکہ پیش کریں گے۔
دن بھر کی کارروائی کا مرکزی حصہ ان چار شخصیات کے براہِ راست تجربات اور مشاہدات پر مبنی ہوگا جو اہم فیصلوں کا براہِ راست حصہ رہے ہیں۔ حکومتِ گجرات کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری جناب راجیو ٹوپنوں 2001 کے زلزلے کے بعد کَچھ کی تعمیرِ نو پر اظہارِ خیال کریں گے۔ سابق مرکزی سیکریٹری صحت اور یو پی ایس سی کی سابق چیئرمین محترمہ پریتی سوڈن کووڈ-19 کے خلاف کیے گئے اقدامات پر گفتگو کریں گی۔ وزارتِ دیہی ترقی کے سابق سیکریٹری جناب شیلیش کمار سنگھ ’لکھپتی دیدی‘ منصوبے پر روشنی ڈالیں گے۔ اسرو کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ایس سومناتھ خلائی معیشت کو نجی شعبے کے لیے کھولنے سے متعلق اپنے تجربات بیان کریں گے۔
’’قیادت برائے وکست بھارت‘‘ کے موضوع پر پینل ڈسکشن کی نظامت نیتی آیوگ کے سابق چیف اگزیکیوٹیو آفیسر جناب بی وی آر سبرامنیم کریں گے۔ پینلسٹوں میں جناب اروند کمار شرما، کابینی وزیر برائے شہری ترقی و توانائی، حکومت اترپردیش، پروفسیر وشال گپتا، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ احمدآباد، محترمہ دیب جانی گھوش، نیتی آیوگ کی معزز رکن، اور محترمہ نرائنی بھاٹیا، جوائنٹ مجسٹریٹ، ہردوئی ، جیسے معززین شامل ہوں گے۔
کابینہ سکریٹری ڈاکٹر ٹی وی سومناتھن ورکشاپ کے اختتامی کلمات پیش کریں گے اور آئی گاٹ کرم یوگی پلیٹ فارم پر ’کرم یوگی سنکلپ‘ کا آغاز کریں گے۔ اس سنکلپ کے ذریعے ملک بھر کے سرکاری افسران اپنی قیادت کے طریقۂ کار میں ایک مخصوص اور مثبت تبدیلی لانے کا عہد کریں گے۔
ورکشاپ میں تقریباً 900 شرکاء کی آمد متوقع ہے، جن میں سے 250 افراد مباحثوں اور غور و خوض میں براہِ راست حصہ لیں گے۔ ان میں 150 سرکاری افسران شامل ہوں گے، جن میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سیکریٹریز، سینئر افسران اور امنگوں والے اضلاع کے ڈسٹرکٹ کلکٹرز شامل ہیں۔ شرکاء میں سرکردہ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کے 25 طلباء، اور قومی فلیگ شپ اسکیموں کے 50 کمیونٹی پارٹنرز اور مستفیدین بھی شامل ہوں گے۔ گروپ مباحثوں کی رہنمائی 25 مباحثہ نگار کریں گے جنہیں صلاحیت سازی کی کمیشن کی ’امرت گیان کوش‘ پہل قدمی کے تحت تربیت دی گئی ہے۔ ورکشاپ کی تمام کارروائی آئی گاٹ کرم یوگی پلیٹ فارم پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔
***
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7674